قرآن مجید فُرقانِ حمید اللہ ربُّ الانام کا مبارک کلام ہے، اس کا پڑھنا اور پڑھانا نہایت ثواب کا کام ہے، جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے:

بہترین شخص:

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:" تم میں سے بہترین شخص وہ ہے، جس نے قرآن سیکھا اور سکھایا۔"(فضائل القرآن، بابخَیْرُکُمْ مَنْ تَعَلَّمَ الْقُرْآنَ، 3/410)

حضرت سیّدنا ابو عبدالرحمن سُلَمی رضی اللہُ عنہ مسجد میں قرآنِ پاک پڑھایا کرتے تھے اور فرماتے:" اِسی حدیثِ مبارکہ نے مُجھے یہاں بٹھا رکھا ہے۔"

قرآن شفاعت کر کے جنت میں لے جائے گا:

حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہےکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:"جس نے قرآن سیکھا اور سکھایا اور جو کچھ قرآن پاک میں ہے، اُس پر عمل کیا، قرآن شریف اس کی شفاعت کرے گا اور جنت میں لے جائے گا۔"

الٰہی!خو ب دے دے شوق قرآن پاک سکھانے کا

شرف دے گنبدِ خضراء کے سائے میں شہادت کا

(تاریخِ دمشق ابن عساکر، جلد 4 ، صفحہ 3 )

آیت یا سنت سکھانے کی فضیلت:

"جس شخص نے قرآن مجید کی ایک آیت یا دین کی کوئی سُنت سکھائی، قیامت کے دن اللہ تعالیٰ اس کے لئے ایسا ثواب تیار فرمائے گا کہ اِس سے بہتر ثواب کسی کے لئے بھی نہیں ہوگا۔"

(جمع الجوامع للسیوطی، ج7، ص281)

ایک آیت سکھانے والوں کے لئے دگنا ثواب:

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اِرشاد فرمایا:"جس نے قرآن مُبین کی ایک آیت سکھائی، اس کے لئے سیکھنے والے سے دُگنا ثواب ہے۔"(جمع الجوامع للسیوطی، ج7، ص282)

حدیث میں ہے:"جس نے قرآن عظیم کی آیت سکھائی، جب تک اس کی تلاوت ہوتی رہے گی، اس کے لئے ثواب جاری رہے گا۔"(جمع الجوامع للسیوطی، ج7، ص282)

اللہ تعالی قیامت تک اَجر بڑھاتا رہے گا:

"جس شخص نے کتاب اللہ کی ایک آیت یا علم کا ایک باب سکھایا، اللہ عزوجل تا قِیامت اس کا اَجْر بڑھاتا رہے گا۔"(جمع الجوامع للسیوطی، ج7، ص282)

جیسا کہ اللہ تبارک و تعالی اپنے قرآن مجید میں اِرشاد فرماتا ہے:

ترجمہ کنز الایمان:"اے محبوب ہم نے تمہاری طرف یہ یادگار اتاری کہ تم لوگوں سے بیان کردو جو ان کی طرف اترا اور کہیں وہ دھیان کریں۔"(سورۃ نحل،آیت 44)

اس آیت میں اللہ تعالی کے احکامات پہنچانا( سکھانا)اور ان کے اختلاف کا تصفیہ کرنا ہے، اسی طرح نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اِرشاد فرمایا:

حضرت ایفع بن عبد الکلامی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں، کسی نے پوچھا یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم قرآن میں سب سے بڑی سورت کونسی ہے؟ اِرشاد فرمایا: سورۃ اخلاص ، اس نے عرض کی قرآن میں سب سے بڑی آیت کونسی ہے؟ارشاد فرمایا: آیتُ الکرسی، اس نے کہا یا رسول صلی اللہ علیہ وسلم کون سی آیت (فائدہ، ثواب)آپ کو اور آپ کی اُمّت کو پہنچنا محبوب ہے؟ اِرشاد فرمایا: سورہ بقرہ کے خاتمہ کی آیت کہ وہ رحمتِ الہی کے خزانے سے عرشِ الہی کے نیچے سے ہے، اللہ تعالی نے وہ آیت اس اُمّت کو دی، دنیا اور آخرت کی کوئی خیر نہیں مگر یہ اس پر مُشتمل ہے۔"

( کتاب قرآن کے فضائل، باب فصل اوّل، سورہ بقرہ و آیت الکرسی،جلد 2 ، صفحہ 540، حدیث 3380)

ان احادیث اور آیات سے معلوم ہوا کہ قرآن خود سیکھنا ثواب مگر سکھانا بھی ثواب کا کام ہے۔ اللہ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں قرآن سکھانے اور اس کی برکت سے مالامال فرمائے۔اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم