اللہ
پاک کے ناموں کی قرآن و حدیث میں بڑی برکت
اور فضیلت آئی ہے۔ چنانچہ قرآن مجید میں اللہ پاک کو اسماءِ حُسْنیٰ کے ساتھ
پکارنے کے متعلق ارشاد ہوتا ہے :
وَ لِلّٰهِ الْاَسْمَآءُ الْحُسْنٰى
فَادْعُوْهُ بِهَا۪ ترجمۂ
کنزالایمان : اور اللہ ہی کے ہیں بہت اچھے نام تو اسے ان سے پکارو۔(پ 9، الأعراف، 180)
مفسر
قرآن مفتی قاسم عطاری دامت بَرَکَاتُہمُ
العالیہ تفسیر صراط الجنان میں اس آیت کے تحت ارشاد فرماتے ہیں
:اَحادیث
میں اسماءِ حسنیٰ کے بہت فضائل بیان کئے گئے ہیں ، ترغیب کے لئے 2 احادیث درج ذیل ہیں :
(1)حضرت
ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے،
رسولُ اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ’’بے شک اللہ پاک کے ننانوے نام
ہیں یعنی ایک کم سو، جس نے انہیں یاد کر لیا وہ جنت میں داخل ہوا۔ (بخاری، کتاب
الشروط، باب ما یجوز من الاشتراط والثّنیا فی الاقرار۔۔ الخ، 2 / 229، الحدیث: 2736)
حضرت علامہ
یحیٰ بن شرف نووی رحمۃُ اللہِ علیہ
فرماتے ہیں ’’علماء کا اس پر اتفاق ہے کہ اسمائے الہٰیہ ننانوے میں مُنْحَصِر نہیں
ہیں ، حدیث کا مقصود صرف یہ ہے کہ اتنے ناموں کے یاد کرنے سے انسان جنتی ہو جاتا
ہے۔ (نووی علی المسلم، کتاب الذکر والدعاء والتوبۃ۔۔۔ الخ، باب فی اسماء اللہ وفضل
من احصاہا، 9 / 5، الجزء السابع عشر)
(2)ایک
روایت میں ہے کہ اللہ پاک کے ننانوے نام ہیں جس نے ان کے ذریعے دعا مانگی تو اللہ پاک
اس کی دعا کوقبول فرمائے گا۔ (جامع صغیر، حرف الہمزۃ، ص:143،
الحدیث: 2370)(تفسیر صراط الجنان، 3/ 479، مطبوعہ
مکتبۃ المدینہ دعوت اسلامی)
مفتی
احمد یار خان نعیمی رحمۃ اللہ علیہ تفسیر نعیمی میں الله پاک
کے ننانوے (99) نام شمار کرنے کے بعد ارشاد فرماتے ہیں : " خیال رہے کہ
الله پاک کے یہ ننانوے نام تو وہ ہیں جن کے یاد کرنے وِرْد رکھنے پر جنت کا وعدہ
ہے ۔ اس کے علاوہ اللہ پاک کے اور بہت نام ہیں چنانچہ
ابوبکر بن عربی بعض صوفیاء سے روایت کرتے ہیں کہ اللہ پاک کے کُل نام ایک ہزار ہیں
بعض نے فرمایا کہ اس کے نام چار ہزار ہیں بعض نے فرمایا کہ رب کے نام بے شمار ہیں
نہ ہماری حاجتوں کی انتہا نہ اس حاجت روا کے ناموں کی حد۔ (تفسیر نعیمی، 9/ 427 ،
مطبوعہ مکتبہ رضویہ دہلی)
الله
پاک کے مبارک ناموں سے برکت حاصل کرنے کے
لئے ہم بھی قرآن مجید سے دس اسماءِ حُسنیٰ ، ساتھ ہی دعوت اسلامی کے اشاعتی ادارے
مکتبۃ المدینہ کی مطبوعہ کتاب "مدنی پنج سورہ" سے چند وظائف و روحانی
علاج ملاحظہ کرتے ہیں :
(1)
اَلْخَالِق
پیدا کرنے والا (پ 28، الحشر، 24)۔"یَاخَالِقُ
جو 300 بار پڑھے ان شاء اللہ اس کا دشمن مغلوب ہوگا"۔( مدنی پنج سورہ، ص247)
(2)
اَلْغَفَّار بہت معاف کرنے والا ( پ 23، صٓ ، 66 )"يَاغَفَّارُ
جو اسے ہمیشہ پڑھا کرے گا ان شاء اللہ نفس کی بری خواہشات سے چھٹکارا پائے
گا"۔ ( مدنی پنج سورہ، ص248)
(3)
اَلرَّزَّاق
رزق دینے والا ( پ 27، الذّٰرِيٰت، 58)"یَارَزّاقُ
جو فجر کے فرض وسنت کے درمیان 41 دن تک 550 بار پڑھے گا ان شاء اللہ دولت مند
ہوگا"۔ (مدنی پنج سورہ، ص248)
(4)
اَلْعَلِیْم
جاننے والا (پ 1، البقرۃ ، 32)"یَاعَلِیْمُ
جو کوئی اس اسم کو بہت پڑھے گا اللہ پاک اس کو دین و دنیا کی معرفت عطافرمائے گا۔ ان
شاء اللہ "۔(مدنی پنج سورہ، ص249)
(5)
اَلسَّمِیْع
سننے والا ( پارہ 1، البقرۃ ، آیت 127)"يَاسَمِيْعُ
100 بار جو روزانہ پڑھے اور اس دوران گفتگو نہ کرے اور پڑھ کر دعامانگے ان شاء
اللہ جو مانگے گا پائے گا"۔ ( مدنی پنج سورہ، ص250)
(6)
اَلْبَصِیْر
دیکھنے والا (پ 15، بنی اسرائیل: 1)۔"یَابَصِیْرُ 7
بار جوکوئی روزانہ بوقت عصر ( یعنی ابتدائے وقت عصر تا غروب آفتاب کسی بھی وقت)
پڑھ لیا کرےگا ان شاء اللہ اچانک موت سے محفوظ رہے گا"۔ (مدنی پنج سورہ،
ص250)
(7)
اَلْخَبِیْر
خبر رکھنے والا ( پ: 7، الاَنْعام ، 18)"یَاخَبِیْرُ
جو کوئی نفس امارہ کے ہاتھ گرفتار ہو تو ہر روز وظیفہ کر لیا کرے ان شاء اللہ نجات
پائے گا"۔(مدنی پنج سورہ، ص250)
(8)
اَلْعَظِیْم
عظمت و شان والا (پ 3، البقرۃ، 255)
"یَاعَظِیْمُ
جو 7 دفعہ پانی پر پڑھ کر دم کر کے پانی پی لے ان شاء اللہ اس کے پیٹ میں درد نہ
ہو"۔(مدنی پنج سورہ، ص251)
(9)
اَلْکَرِیْم
کرم فرمانے والا (پ: 30، الاِنْفِطار ، 6)"یَاکَرِیْمُ
اگر اپنے بستر میں اس کو پڑھتے پڑھتے سو جائے تو فرشتے اس کے لئے دعا کریں گے۔ ان
شاء اللہ "۔( مدنی پنج سورہ، ص252)
(10)
اَلتَّوَّاب
توبہ قبول کرنے والا ( پ 1، البقرۃ، 37)۔"یَاتَوَّابُ
جو کوئی چاشت کی نماز کے بعد 360 بار اس کو پڑھے گا اللہ پاک اس کو توبۃُ النصوح
نصیب فرمائے گا۔ان شاء اللہ"۔( مدنی پنج سورہ، ص257)
الله
پاک ہمیں اپنا ذکر کرنے اور ان مبارک ناموں کی برکتیں حاصل کرنے کی توفیق عطا
فرمائے۔اٰمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ وسلم