قوم عاد کی نافرمانیاں

Wed, 2 Jun , 2021
2 years ago

قوم عاد ایک نہایت جسیم ، قدآور اور زورآور قوم تھی ، یہ لوگ اتنے طاقتور تھے کہ مضبوط پہاڑوں کو تراش کر سردیوں اور گرمیوں کے لئے الگ الگ گھر بناتے تھے ، لیکن جب ایسی قوم نے اللہ اور اس کے بھیجے ہوئے نبی حضرت سیدنا ہود علیہ السّلام کی نافرمانی کی تو اللہ پاک نے ان کو رہتی دنیا تک نشان ِعبرت بنا دیا ۔

اللہ پاک ان کی ہلاکت وتباہی کو بیان کرتے ہوئے سورۃ الذاريٰت آیت نمبر 41اور42 میں فرماتا ہے : وَ فِیْ عَادٍ اِذْ اَرْسَلْنَا عَلَیْهِمُ الرِّیْحَ الْعَقِیْمَۚ(۴۱) مَا تَذَرُ مِنْ شَیْءٍ اَتَتْ عَلَیْهِ اِلَّا جَعَلَتْهُ كَالرَّمِیْمِؕ ترجَمۂ کنزُالایمان: اور عاد میں جب ہم نے اُن پر خشک آندھی بھیجی جس چیز پر گزرتی اسے گلی ہوئی چیز کی طرح کرچھوڑتی ۔

آخر وہ کون سی بد اعمالیاں اور بدکرداریاں تھیں کہ جن کی بنا پر اس قوم کوعذاب دیا گیا، آئیے اس کا جواب قرآن سے لیتے ہیں ۔

1: غیر اللہ کی عبادت:

جیسا کہ سورۃ ہود آیت نمبر 53 میں ان کے قول کو یوں بیان کیا گیا: قَالُوْا یٰهُوْدُ مَا جِئْتَنَا بِبَیِّنَةٍ وَّ مَا نَحْنُ بِتَارِكِیْۤ اٰلِهَتِنَا عَنْ قَوْلِكَ وَ مَا نَحْنُ لَكَ بِمُؤْمِنِیْنَ(۵۳) ترجَمۂ کنزُالایمان: بولے اے ہود تم کوئی دلیل لے کر ہمارے پاس نہ آئے اور ہم خالی تمہارے کہنے سے اپنے خداؤں کو چھوڑنے کے نہیں نہ تمہاری بات پر یقین لائیں ۔

2:اللہ پاک اور ہود علیہ السّلام کی نافرمانی:

چنانچہ سورہ ہود آیت نمبر 59 میں ہے : وَ تِلْكَ عَادٌ ﳜ جَحَدُوْا بِاٰیٰتِ رَبِّهِمْ وَ عَصَوْا رُسُلَهٗ وَ اتَّبَعُوْۤا اَمْرَ كُلِّ جَبَّارٍ عَنِیْدٍ(۵۹) ترجَمۂ کنزُالایمان: اور یہ عاد ہیں کہ اپنے رب کی آیتوں سے منکر ہوئے اور اس کے رسولوں کی نافرمانی کی اور ہر بڑے سرکش ہٹ دھرم کے کہنے پر چلے۔

3:ہود علیہ السّلام کی گستاخی :

جیسا کہ سورۃ الاعراف آیت نمبر 66 میں ان کے اس قول کو بیان کیا گیا: قَالَ الْمَلَاُ الَّذِیْنَ كَفَرُوْا مِنْ قَوْمِهٖۤ اِنَّا لَنَرٰىكَ فِیْ سَفَاهَةٍ وَّ اِنَّا لَنَظُنُّكَ مِنَ الْكٰذِبِیْنَ(۶۶) ترجَمۂ کنزُالایمان: اس کی قوم کے سردار بولے بے شک ہم تمہیں بیوقوف سمجھتے ہیں اور بے شک ہم تمہیں جھوٹوں میں گمان کرتے ہیں ۔

4:اللہ کی نشانیوں کو جھٹلانا:

جیسا کہ سورۃ الحاقۃ آیت نمبر 4 میں ہے : كَذَّبَتْ ثَمُوْدُ وَ عَادٌۢ بِالْقَارِعَةِ(۴) ترجَمۂ کنزُالایمان: ثمود اور عاد نے اس سخت صدمہ دینے والی کو جھٹلایا ۔

5:غرور و تکبر کرنا:

جیسا کہ سورۃ حم السجدۃ آیت نمبر 15 میں آتا ہے : فَاَمَّا عَادٌ فَاسْتَكْبَرُوْا فِی الْاَرْضِ بِغَیْرِ الْحَقِّ وَ قَالُوْا مَنْ اَشَدُّ مِنَّا قُوَّةًؕ ترجَمۂ کنزُالایمان: تو وہ جو عاد تھے انہوں نے زمین میں ناحق تکبر کیا اور بولے ہم سے زیادہ کس کا زور ۔

معزز قارئین کرام قوم عاد کو جن نافرمانیوں کی بنا پر عذاب میں مبتلا کیا گیا ہمیں ان سے بھی بچتے رہنا چاہیے اور ہمیشہ، ہر حال میں رب قہار وجبار کی اطاعت کرتے رہنا چاہیے ۔