موجودہ دور میں پائی جانے
والی 5قیامت کی نشانیاں از بنتِ ناصر،لالہ موسیٰ
موجودہ دور میں
پائی جانے والی قیامت کی پانچ نشانیاں:حدیث مبارکہ:حضرت انس رضی
اللہُ عنہ فرماتے ہیں : میں نے رسول اللہ صلی
اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کو فرماتے سنا: قیامت کی
نشانیوں سے ہے کہ علم اُٹھا لیا جائے گا اور جہالت بڑھ جائے گی اور شراب خوری بڑھ
جائے گی اور مرد کم ہو جائیں گے اور عورتیں زیادہ ہو جائیں گے،حتی کہ 50 عورتوں کا
ایک مرد منتظم ہوگا، ایک روایت میں ہے :
علم گھٹ جائے گا اور جہالت زیادہ ہوگی۔اس حدیث مبارکہ میں قیامت کی علامات بتائی گئی ہیں، اس حدیث سے
قیامت کی تین علامتوں کا پتہ چلتا ہے:1:اس حدیث میں علم سے مراد علمِ دین ہے، آج یہ علامات شروع ہوچکی ہیں، دنیاوی علوم بہت ترقی پر ہیں، مگر
علومِ تفسیر، حدیث، فقہ بہت کم رہ گئے ہیں، علماء اٹھتے جا رہے ہیں، ان کے
جانشین پیدا نہیں ہوتے،بہت سے علما واعظ بن کر اپنا علم کھو بیٹھے، یہ سب کچھ
اس پیشین گوئی کا ظہور ہے۔2: دوسری علامت اس حدیث میں یہ بیان کی گئی کہ زنا اور شراب
خوری عام ہوگی، زنا کی زیادتی کے اسباب
عورتوں کی بے پردگی، اسکولوں، کالجوں میں لڑکوں اور لڑکیوں کی مخلوط تعلیم
اور سینما وغیرہ کی بے حیائی، ان وجوہ سے
زنا بڑھ رہا ہے اور بھی زیادہ بڑھے گا اوربعض ممالک میں بغیر شراب کوئی کھانا نہیں
ہوتا، ہوٹل میں کھانا مانگیں تو شراب ساتھ
آتی ہے۔3: تیسری علامت اس حدیث میں یہ بیان کی گئی کہ لڑکیاں زیادہ پیدا ہوں گی اور لڑکے کم، پھرلڑکے جنگوں میں مارے جائیں گے، اپنی بیوی بچے چھوڑ جائیں گے، ان وجوہ سے عورتوں کی بہتات ہوگی۔حدیث مبارکہ:حضرت ابو ہریرہ رضی
اللہُ عنہ فرماتے ہیں :رسول صلی
اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے فرمایا : قیامت نہ آئے
گی، حتی کہ مال زیادہ ہو جائے گا اور بہہ
جائے گا، یہاں تک کہ ایک شخص اپنے مال کی
زکوٰۃ نکالنا چاہے تو کوئی ایسا نہ پائے گا، جو اس سے قبول کرے حتی کہ عرب کی زمین چراگاہ اور ہری ہو جائے گی، ان ہی کی ایک روایت میں ہے، فرمایا:مکانات اہاب یا یہاب تک پہنچ جائیں۔4:اس حدیث میں قیامت کی چوتھی علامت بتائی جارہی ہے، یہ تو دیکھنے میں آرہا ہے، جدہ سے مکہ معظمہ تک سبزہ، باغات ہوگئے، عراق کے ریتیلے میدان باغوں میں تبدیل
ہوگئے۔حدیث مبارکہ:حضرت انس رضی اللہُ عنہ فرماتے ہیں: پیارے آقا صلی
اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے فرمایا : قیامت قائم نہ
ہوگی، حتی کہ زمانہ جلدی گزرنے لگے گا تو
ایک سال ایک مہینے کے برابر ہوگا اور ایک مہینا ہفتہ کے برابر اور ایک ہفتہ ایک دن
کی طرح اور ایک دن ایک گھڑی کی طرح اور ایک گھڑی آگ سُلگانے کی طرح۔5:اس حدیث سے قیامت کی پانچویں علامت کا پتا چلا، یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ آج کل وقت میں برکت
نہیں رہی، بلکہ وقت جلد جلد گزر جاتا
ہے، پتا ہی نہیں چلتا، یہ بھی قیامت کی علامتوں میں سے ہے۔یہ قیامت کی
وہ پانچ علامت ہیں جو ظاہر ہو رہی ہیں اور
کچھ ہو چکی ہیں، اللہ پاک کے پیارے نبی صلی
اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے قیامت کی علامات کے بارے
میں بتایا، ابھی کچھ ایسی بھی علامتیں
ہیں، جن کا ظہور باقی ہے۔ (مراةالمناجیح)