پیارے پیارے اسلامی بھائیو ،آج کل قتل کرنا عام ہوتا جا رہا ہے چھوٹی چھوٹی باتوں پر ایک دوسرے کو قتل کر ڈالتے ہیں کسی کو نا حق قتل کرنا کبیرہ گناہ ہے اور یہ اتنا سخت گناہ ہے کہ حدیث میں فرمایا گیا کسی مسلمان کا قتل اللّٰہ عزوجل کے نزدیک دنیا کے برباد ہونے سے بڑا ہے، اس کی اور بھی کثیر احادیث مبارکہ میں شدید ترین مذمت بیان کی گئی ہیں جو کہ پانچ درج ذیل ہیں،

(1)... حضرت ابو بکرہ رَضِيَ اللَّهُ تَعَالَى عَنْهُ سے مروی ہے ، رسولِ اکرم صَلَّى اللَّهُ تَعَالَى عَلَيْهِ وَالِهِ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: جب دو مسلمان اپنی تلواروں سے لڑیں تو قاتل اور مقتول دونوں جہنم میں جائیں گے۔ راوی فرماتے ہیں : میں نے عرض کی : مقتول جہنم میں کیوں جائے گا ؟ ارشاد فرمایا: اس لئے کہ وہ اپنے ساتھی کو قتل کرنے پر مصر تھا۔ (بخاری، کتاب الایمان، باب وان طائفتان من المؤمنين اقتتلوا ۔ ۔ ۔ الخ،23/1، الحدیث: (31)

(2)... حضرت ابوہریرہ رَضِيَ اللهُ تَعَالٰی عَنْہ سے روایت ہے، حضور پر نور صلى الله تعالى عَلَيْهِ وَالِہ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا: جس نے کسی مومن کے قتل پر ایک حرف جتنی بھی مدد کی تو وہ قیامت کے دن اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں اس حال میں آئے گا کہ اس کی دونوں آنکھوں کے درمیان لکھا ہو گا ” یہ اللہ عزوجل کی رحمت سے مایوس ہے۔“(ابن ماجہ، کتاب الدیات،کتاب التغلیظ،فی قتل مسلم ظلما 262/3الحدیث 2620

(3)... حضرت انس رَضِيَ اللَّهُ تَعَالٰی عَنْہ سے روایت ہے، تاجدارِ رسالت صَلَّى اللهُ تَعَالَى عَلَيْهِ وَالِهِ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: بڑے کبیرہ گناہوں میں سے ایک کسی جان کو (ناحق) قتل کرنا ہے۔ (بخاری، کتاب الديات، باب قول الله تعالى: ومن احیاها ، 358/6، الحدیث: 6871

(4) کسی مسلمان کو ناحق قتل کرنے والا قیامت کے دن بڑے خسارے کا شکار ہو گا۔ حضرت ابو بکرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے، نبی کریم صَلَّى اللهُ تَعَالَى عَلَيْهِ وَالِهِ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: ”اگر زمین و آسمان والے کسی مسلمان کے قتل پر جمع ہو جائیں تو اللہ تعالیٰ سب کو اوندھے منہ جہنم میں ڈال دے۔(معجم صغیر، باب العین، من اسمه على، ص 205 ، الجزء الاول)

(5)... حضرت عبد اللہ بن مسعود رَضِيَ اللَّهُ تَعَالَى عَنْهُ سے روایت ہے ، تاجدارِ رسالت صَلَّى اللهُ تَعَالَى عَلَيْهِ وَالِهِ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: مسلمان کو گالی دینا فسق اور اسے قتل کرنا کفر ہے۔ (مسلم، کتاب الایمان، باب بیان قول النبی صلی اللہ علیہ وسلم : سباب المسلم - - الخ ، ص 25، الحدیث: 116

پیارے پیارے اسلامی بھائیو ،

جیسا کہ ہم نے سنا کہ نا حق قتل کرنا کبیرہ گناہ ہے اور قتل کرنے والا قیامت کے دن اللّٰہ پاک کی رحمت سے مایوس ہے ۔اللّٰہ پاک ہمیں اس کبیرہ گناہ سے بچنے کی توفیق عطاء فرمائے آمین بجاہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم

یہ مضمون نئے لکھاری کا ہے ،حوالہ جات کی تفتیش و تصحیح کی ذمہ داری مؤلف کی ہے، ادارہ اس کا ذمہ دار نہیں۔