مذہب و اخلاق کی رو سے انسانی جان کو ہمیشہ حرمت حاصل رہی
ہے، یہی وجہ ہے کہ کسی انسان کا ناحق قتل کرنا کفر کے بعد کبیرہ گناہوں میں سے سب
سے بڑا گناہ ہے۔ کسی انسان کو ناحق قتل کرنا حقوق اللہ کے ساتھ ساتھ حقوق العباد
کو بھی پامال کرنا ہے، جس پر قرآن وحدیث میں سخت وعیدیں وارد ہوئی ہیں:
آیات مبارکہ:
1۔ وَ مَنْ یَّقْتُلْ
مُؤْمِنًا مُّتَعَمِّدًا فَجَزَآؤُهٗ جَهَنَّمُ خٰلِدًا فِیْهَا وَ غَضِبَ اللّٰهُ
عَلَیْهِ وَ لَعَنَهٗ وَ اَعَدَّ لَهٗ عَذَابًا عَظِیْمًا(۹۳) (پ5، النساء: 93) ترجمہ کنز
الایمان: اور
جو کوئی مسلمان کو جان بوجھ کر قتل کرے تو اس کا بدلہ جہنم ہے کہ مدتوں اس میں رہے
اور اللہ نے اس پر غضب کیا اور اس پر لعنت کی اور اس کے لیےتیار رکھا بڑا عذاب۔
2۔ وَ لَا تَقْتُلُوا
النَّفْسَ الَّتِیْ حَرَّمَ اللّٰهُ اِلَّا بِالْحَقِّؕ- (پ 15، الاسراء: 33) ترجمہ: اور جس جان کو اللہ نے حرمت عطا
کی ہے، اسے قتل نہ کرو، الا یہ کہ تمہیں (شرعاً) اس کا حق پہنچتا ہو۔
احادیث مبارکہ:
1۔ ہلاکت کا بھنور جس میں گرنے کے بعد پھر نکلنے کی امید
نہیں ہے وہ ایسا ناحق خون کرنا ہے جس کو اللہ تعالیٰ نے حرام قرار دیا ہے۔(بخاری، 4/357،
حدیث:6863)
2۔ اگر آسمان اور زمین والے (سارے کے سارے) ایک مومن کے خون
میں ملوث ہوجائیں تواللہ ان (سب) کو اوندھے منہ جہنم میں ڈال دے گا۔ (ترمذی، 3/100،
حدیث: 1403)
خلاصہ کلام: قرآن وحدیث کی تعلیمات سے معلوم ہوا کہ کسی شخص کو قتل کرنا شرک کے بعد سب سے
بڑا گناہ ہے اور قاتل کی سزا جہنم ہے، جس میں وہ ایک طویل عرصہ تک رہے گا، الله
تعالی اس پر اپنا غضب نازل کرے گا اور لعنت بھیجے گا اور الله تعالیٰ نے قاتل کے
لیے بڑا عذاب تیار کر رکھا ہے، لہٰذا ہر شخص پر لازم ہے کہ وہ قتل جیسے کبیرہ گناہ
سے ہمیشہ بچے، حتٰی کہ کسی بھی درجہ میں قتل کی معاونت سے بچنا بھی ضروری ہے،
کیونکہ بسا اوقات ایک شخص کے قتل سے نہ صرف اس کی بیوی بچوں کی زندگی، بلکہ خاندان
کے مختلف افراد کی زندگی بعد میں دوبھر ہو جاتی ہے اور اس طرح خوش حال خاندان کے
افراد بیوہ، یتیم اور محتاج بن کر تکلیفوں اور پریشانیوں میں زندگی گزارنے والے بن
جاتے ہیں، جس کا سبب یہ قاتل بنتا ہے۔