عمر صدیق عطّاری(دورۂ حدیث،
مرکزی جامعۃُ المدینہ فیضانِ مدینہ فیصل آباد ، پاکستان)
اسلامی تعلیمات ایسے شخص کو کامل ایمان والا قرار نہیں
دیتیں کہ جو خود تو پیٹ بھر کر سو جائے اور اُس کے پڑوس میں بچے بھوک و پیاس سے
بِلبلاتے رہیں، چنانچہ فرمانِ مصطفےٰ صلَّی
اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہے: جو خود شکم سير ہو اور اس کا پڑوسی بھوکا ہو
وہ ایمان دار نہيں۔(معجمِ کبیر،ج 12،ص119، حدیث: 12741) پڑوسیوں سے حُسنِ سلوک
تکمیلِ ایمان کا ذریعہ جبکہ انہیں ستانا، تکلیف پہنچانا، بَدسلوکی کے ذریعے ان کی
زندگی کو اجیرن بنا دینا، دنیا و آخرت میں نقصان کا حقدار بننا اور رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو تکلیف
پہنچانے کے مترادف ہے۔ جیسا کہ نبیِ کریم صلَّی
اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: جس کے شر سے اُس کا پڑوسی بے خوف نہ ہو
وہ جنّت میں نہیں جائے گا۔(مسلم، ص 43، حدیث: 73) دوسری روایت میں آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا:
جس نے اپنے پڑوسی کو تکلیف دی بے شک اُس نے مجھے تکلیف دی اور جس نے مجھے تکلیف دی
اُس نے اللہ پاک کو ايذا دی، نیز جس نے اپنے پڑوسی سے جھگڑا کيا اس نے مجھ سے
جھگڑا کیا اور جس نے مجھ سے لڑائی کی بے شک اس نے اللہ پاک سے لڑائی کی۔(الترغیب
والترہیب،ج3،ص286، حدیث: 3907)
ایک ہی محلے یا سوسائٹی میں رہنے والے لوگ اگر ایک دوسرے سے
میل جول نہ رکھیں، دُکھ درد میں شریک نہ ہوں تو بہت سی مشقتیں اور پریشانیاں پیدا
ہو سکتی ہیں اس لیے اسلام نے جہاں ماں باپ اور عزیز و اقارب کے ساتھ حسنِ سلوک،
ہمدردی و اخوت، پیار و محبت، اَمْن و سلامتی اور ایک دوسرے کے دُکھ درد میں شریک
ہونے کی تعلیم دی ہے وہیں مسلمانوں کے قرب و جوار میں بسنے والے دیگر اسلامی
بھائیوں کو بھی محروم نہیں رکھا بلکہ ان کی جان و مال اور اہل و عیال کی حفاظت کا
ایسا درس دیا کہ اگر اُس پر عمل کیا جائے تو بہت سے معاشرتی مسائل حل ہو سکتے ہیں
اور اِس کے نتیجے میں ایک ایسا مدنی معاشرہ تشکیل پا سکتا ہے جہاں ہر ایک دوسرے کے
جان و مال، عزت و آبرو اور اہل و عیال کا محافظ ہوگا۔ نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے تین بار
ارشاد فرمایا:اللہ پاک کی قسم! وہ مؤمن نہيں ہو سکتا۔ صحابَۂ کرام علیہمُ الرّضوان نے عرض کی: يارسولَ اللہ!
وہ کون ہے؟ آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
نے ارشاد فرمايا: جس کی برائيوں سے اس کا پڑوسی محفوظ نہ رہے۔(بخاری،ج4،ص104،
حدیث: 6016)
اسلام میں پڑوسی کو اس قدر اہمیت حاصل ہے کہ رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے کسی شخص
کے کامل مؤمن ہونے اور نیک و بَد ہونے کا معیار اس کے پڑوسی کو مقرر فرمایا،
چنانچہ ايک شخص نے عرض کی: يارسولَ اللہ! مجھے ايسا عمل بتایئے کہ جس سے میں جنت
ميں داخل ہوجاؤں؟ تو رسولُ اللہ صلَّی اللہ
علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: نيک بن جاؤ۔ اس نے عرض کی: مجھے اپنے
نيک بن جانے کا عِلم کيسے ہوگا؟ آپ صلَّی
اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: اپنے پڑوسیوں سے پوچھو اگر وہ
تمہیں نيک کہيں تو تم نيک ہو اور اگر وہ بُرا کہيں تو تم بُرے ہی ہو۔ (شعب
الایمان،ج 7،ص85، حدیث: 9567)
پڑوسی کے حقوق بیان فرماتے ہوئے نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا:
اگر وہ بيمار ہو تو اس کی عِيادت کرو، اگر فوت ہوجائے تو اس کے جنازے ميں شرکت
کرو، اگر قرض مانگےتو اسے قرض دے دو اور اگر وہ عيب دار ہوجائے تو اس کی پَردہ
پوشی کرو۔( معجمِ کبیر،ج19،ص419، حدیث: 1014) ایک اور روایت میں یوں ارشاد فرمایا:
اگر وہ تم سے مدد طلب کرے تو اس کی مدد کرو اور اگر وہ محتاج ہو تو اسے عطا کرو،
کیا تم سمجھ رہے ہو جو میں تمہیں کہہ رہا ہوں؟ پڑوسی کا حق کم لوگ ہی ادا کرتے ہیں
جن پر اللہ پاک کا رحم و کرم ہوتا ہے۔(الترغیب والترہیب،ج3،ص243، حدیث:3914 )
ايک اور روايت ميں فرمایا: اگر وہ تنگدست ہوجائے تو اسے
تسلی دو، اگر اسے خوشی حاصل ہو تو مبارک باد دو، اگر اُسے مصیبت پہنچے تو اس سے
تعزيت کرو، اگر وہ مر جائے تو اس کے جنازے ميں شرکت کرو، اس کی اجازت کے بغير اس
کے گھر سے اونچی عمارت بنا کر اس سے ہَوا نہ روکو، سالن کی خوشبو سے اسے تکلیف نہ
پہنچاؤ، ہاں! یہ کہ اسے بھی مٹھی بھر دے دو تو صحیح ہے، اگر پھل خريد کر لاؤ تو
اسے بھی اس ميں سے کچھ تحفہ بھیجو اور ايسا نہ کر سکو تو اسے چھپا کر اپنے گھر لاؤ
اور پڑوسی کے بچوں کو تکلیف دینے کے لیے تمہارے بچے پھل لے کر باہر نہ نکلیں۔ (شعب
الایمان،ج7،ص83، حدیث: 9560)
بسا اوقات پڑوسی سے کتنا ہی اچھا سلوک کیاجائے وہ احسان
ماننے کے بجائے پریشان ہی کرتا رہتا ہے ایسے میں اسلام بُرے کے ساتھ بُرا بننے کی
اجازت نہیں دیتا بلکہ صبر اور حُسنِ تدبیر کے ساتھ اُس بُرے پڑوسی کے ساتھ حُسنِ
سلوک کی ترغیب ارشاد فرماتا اور اس بُرے سُلوک پر صبر کرنے والے کو رضائے الٰہی کی
نوید بھی سناتا ہے۔ جیسا کہ رسولُ اللہ صلَّی
اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم َ نے فرمایا:اللہ پاک تین طرح کے لوگوں سے مَحبّت
فرماتا ہے(ان میں سے ایک وہ ہے) جس کا بُرا پڑوسی اسے تکلیف دے تو وہ اُس کے تکلیف
دینے پر صبر کرے يہاں تک کہ اللہ پاک اس کی زندگی يا موت کے ذريعے کفايت
فرمائے۔(معجمِ کبیر،ج2،ص152، حدیث: 1637)
مُعَاشَرے کو پُر
سکون اور اَمْن و سلامتی کا گہوارہ بنانے کے لیے پڑوسیوں کے متعلق اسلام کے
احکامات پر عمل کیا جائے تو ہر ایک اپنی عزت و آبرو اور جان و مال کو محفوظ سمجھنے
لگے گا۔