قراٰنِ پاک میں اللہ پاک ارشاد فرماتا  ہے: پاس کے ہمسائے اور دور کے ہمسائے (کے ساتھ بھلائی کرو)۔ (پ5،النساء:36)

اور حدیث شریف میں رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا کہ  : حضرت جبرائیل علیہ السّلام مجھ کو ہمیشہ پڑوسیوں کے حقوق کے بارے میں وصیت کرتے رہے۔ یہاں تک کہ مجھے یہ خیال ہونے لگا کہ شاید عنقریب پڑوسی کو اپنے پڑوسی کا وارث ٹھہرا دیں گے۔(صحیح مسلم ، کتاب البر والصلۃ ، باب الوصیۃ بالجاروالاحسان الیہ ، حدیث:2664،ص1413)

    ایک حدیث میں یہ بھی ہے کہ ایک دن حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم وضو فرما رہے تھے تو صحابہ کرام علیھم الرضوان آپ کے وضو کے دھووَن کو لوٹ لوٹ کر اپنے چہروں پر ملنے لگے یہ منظر دیکھ کر آپ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا کہ تم لوگ ایسا کیوں کرتے ہو ؟ صحابہ کرام علیہم الرضوان نے عرض کیا کہ ہم لوگ اللہ پاک کے رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی محبت کے جذبے میں یہ کر رہے ہیں۔ یہ سن کر آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا کہ جس کو یہ بات پسند ہو کہ وہ اللہ و رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے محبت کرے۔ یا اللہ و رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اس سے محبت کریں اس کو لازم ہے کہ وہ ہمیشہ ہر بات میں سچ بولے اور اس کو جب کسی چیز کا امین بنایا جائے تو وہ امانت  ادا کرے اور اپنے پڑوسیوں کے ساتھ اچھا سلوک کرے۔( شعب الایمان ، 2/201،حدیث:1533)

اور رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا کہ وہ شخص کامل درجے کا مسلمان نہیں جو خود پیٹ بھر کر کھالے اور اس کا پڑوسی بھوکا رہ جائے۔( شعب الایمان، 3/225 ، حدیث: 3389)

چند مدنی پھول عرض کئے جاتے ہیں ان پر عمل کرنے کی نیت کر لیں۔

(1)اپنے پڑوسی کے دکھ سکھ میں  شریک رہے اور بوقت ضرورت ان کی بن مانگے بغیر احسان جتائے ہر قسم کی امداد بھی کرتا رہے۔

(2)اپنے پڑوسیوں کی خبر گیری ، ان کی خیر خواہی اور بھلائی میں ہمیشہ لگا رہے۔

(3)کچھ تحفوں کا بھی لین دین رکھے چنانچہ حدیث شریف میں ہے کہ ’’  جب تم لوگ شوربا پکاؤ تو اس میں کچھ زیادہ پانی ڈال کر شوربے کو بڑھاؤ تاکہ تم لوگ اس کے ذریعہ اپنے پڑوسیوں کی خبر گیری اور ان کی مدد کر سکو۔(صحیح مسلم، کتاب البر والصلۃ والاداب ،باب الوصیۃ بالجاروالاحسان الیہ، رقم ۲۶۲۵،ص۱۴۱۳)

(4)پڑوسی کے مال عزت آبرو کے معاملے میں بہت احتیاط برتے ان کی پردہ پوشی کرے ۔اپنی نگاہوں کو پڑوسی کی عورتوں سے دیکھنے سے خاص طور پر بچائے ۔

اللہ پاک سے دعا ہے کہ ہمیں اپنے پڑوسیوں کا حق ادا کرنے والا بنائے ۔۔۔ آمین ۔