اولاد اللہ پاک کی بہت بڑی نعمت ہے جس طرح اولاد کے ذمے ماں باپ کے حقوق ہیں اس طرح ماں باپ کے ذمے بھی اولاد کے حقوق ہیں بعض اولاد ماں باپ کے لیے نعمت اور بعض اولاد زحمت بن جاتی ہے اچھی تربیت سے بچہ معاشرے میں ایک اچھا فرد بن کر ابھرتا ہے اسی طرح اسلامی تربیت نہ کرنے سے بدترین فرد بن جاتا ہے۔ ماں باپ پر اولاد کے بہت سے حقوق ہیں ان میں سے پانچ ذکر کیے جاتے ہیں:

1ماں باپ پر اولاد کا ایک حق یہ ہے بچے کا نام اچھا نام رکھے جیسے عبد اللہ عبد الرحمن وغیرہ یا انبیاء علیہم السلام اولیاء اللہ اپنے بزرگوں میں جو نیک لوگ گزرے ہوں ان کے نام پر نام رکھے یہ باعث برکت ہے خصوصاً نام پاک محمد ﷺ پر رکھے حدیث شریف میں ہے: جس کے لڑکا پیدا ہو اور وہ میری محبت اور میرے نام پاک سے برکت حاصل کرنے کیلئے اس کا نام محمد رکھے تو وہ اور اس کا لڑکا دونوں جنت میں جائیں گے۔(کنز العمال، جزء: 16، 8/175، حدیث: 45215)

2 حق یہ ہے بچے کا عقیقہ کرے حدیث پاک میں ہے کہ بچا اپنے عقیقہ کے عوض گروی ہوتا ہے ساتویں دن عقیقہ کیا جائے اور اس کا نام رکھا جائے اور نہ ہو تو چودہویں دن ورنہ اکیسویں دن کرے بیٹی کیلئے ایک اور بیٹے کے لیے دو ایک ران دائی کو دے کہ بچہ کی طرف سے شکرانہ ہے۔ (اولاد کے حقوق، ص 16)

3۔ جب بچہ سات برس کا ہو جائے تو اسے نماز کا حکم دے پیار سے سمجھائے جب دس برس کا ہو جائے تو مار کر پڑھائے اور اس عمر میں اپنے ساتھ اور کسی کے ساتھ نہ سلائے جدا بچھونے جدا پلنگ پر اپنے پاس رکھے مناسب موقع پر سمجھائے اور نصیحت کرے مگر بدعا نہ کرے کہ یہ ان کے لیے سببِ اصلاح نہیں بلکہ زیادہ فساد کا اندیشہ ہے۔

4بیٹیوں سے زیادہ دلجوئی رکھے کہ ان کا دل بہت تھوڑا ہوتا ہے اور ان کو سورۂ نور کی تعلیم دے عشق مجازی پر مشتمل کتابیں اور فسق و فجور بھرپور غزلوں کو نہ پڑھنے دے کہ نرم لکڑی جدھر جھکائے جھک جاتی ہے صحیح حدیث سے ثابت ہے کہ عورتوں کو سورۂ یوسف کی تفسیر ترجمہ نہ پڑھایا جائے اس میں عورتوں کی خفیہ چالوں کا ذکر ہے پھر بچوں کو خرافات شاعرانہ میں ڈالنا کب بجا ہو سکتا ہے۔ (اولاد کے حقوق، ص 26)

5 علم دین خصوصاً وضو غسل نماز روزہ کے مسائل توکل قناعت زہد اخلاص تواضع امانت صدق عدل حیا سلامت صدر ولسان ، (دل و زبان اور دیگر اعضاء کی سلامتی) خوبیوں کے فضائل پڑھائے حرص و طمع حب دنیا حب جاہ ریا عجب تکبر خیانت کذب ظلم فحش غیبت حسد کینہ وغیرہا برائیوں کے رذائل پڑھائے۔ (اولاد کے حقوق، ص 21)

اللہ پاک سے دعا ہے کہ اولاد کی اچھی تربیت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔