بچوں کی تربیت ہر معاشرے کا بنیادی عنصر ہے، کیونکہ والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں کو ایک مہذب اور اچھا انسان بنائیں۔ تاہم، بعض وجوہات کی بنا پر اولاد میں بگاڑ پیدا ہوتا ہے۔ جس سے نہ صرف بچے خود متاثر ہوتے ہیں بلکہ خاندان اور معاشرے پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ یہاں ہم کچھ بنیادی وجوہات پر بات کریں گے جن کے باعث بچے بگڑ جاتے ہیں۔

1۔ والدین کی عدم توجہ: والدین کی مصروفیات اور ان کی جانب سے وقت کی کمی بچوں میں بگاڑ کا ایک اہم سبب ہے۔ بچے والدین کی توجہ چاہتے ہیں اور وہ یہ توجہ حاصل نہیں کرتے تو وہ دوسروں میں سکون و توجہ ڈھونڈنے لگتے ہیں۔ بعض اوقات یہ انہیں برے لوگوں کی صحبت کی طرف لے جاتی ہے۔ جس کا اثر ان کی زندگی اور شخصیت پر منفی انداز میں پڑتا ہے۔

2۔ دوستانہ اور مثبت ماحول کا فقدان: گھر کا ماحول بچوں کی ذہنی اور اخلاقی تربیت میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اگر والدین کا رویہ سخت اور بے لچک ہو تو بچے خود کو محدود محسوس کرتے ہیں اور اپنی باتیں اور مسائل والدین کے ساتھ بانٹنے سے گھبراتے ہیں۔ اس کے برعکس،ایک دوستانہ ماحول میں بچہ اپنے مسائل کو والدین کے ساتھ شیئر کرتا ہے جس سے والدین انہیں صحیح رہنمائی فراہم کر سکتے ہیں۔

3۔ مذہبی اور اخلاقی تربیت کی کمی: اسلامی تعلیمات اور اخلاقی اصول بچوں کو نیک اور دیندار انسان بننے میں مدد دیتے ہیں۔ اگر والدین اپنے بچوں کو دینی تعلیمات سے دور رکھیں اور انہیں اچھے برے کی تمیز نہ سکھائیں تو وہ معاشرتی برائیوں کا شکار ہو سکتے ہیں۔ بچوں کو چھوٹی عمر سے ہی دینی اور اخلاقی تربیت فراہم کرنی چاہیے تاکہ وہ اپنے راستے سے نہ بھٹکیں۔

4۔ حد سے زیادہ سختی یا آزادی: بچوں کی تربیت میں سختی اور آزادی دونوں ضروری ہیں،مگر دونوں میں توازن کا ہونا بھی ضروری ہے۔اگر والدین زیادہ سختی کریں تو بچے ضدی اور باغی ہو سکتے ہیں، جبکہ زیادہ آزادی دینے سے بچے اپنی مرضی کے مطابق غلط سرگرمیوں میں مشغول ہو جاتے ہیں۔ والدین کو چاہیے کہ وہ اعتدال کے ساتھ بچوں کو اپنی محبت اور رہنمائی فراہم کریں۔

5۔ سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ کا غیر مناسب استعمال: آج کل سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ بچوں کی زندگی کا حصہ بن چکے ہیں،مگر ان کا غیر مناسب اور بے جا استعمال بچوں میں بگاڑ کا سبب بن سکتا ہے۔ بہت سے بچے انٹرنیٹ پر ناپسندیدہ مواد دیکھتے ہیں یا غلط سرگرمیوں میں ملوث ہو جاتے ہیں۔ جو ان کی شخصیت اور ذہنی نشوونما پر منفی اثر ڈالتے ہیں۔

اولاد کی تربیت والدین کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اگر والدین بچوں کی صحیح تربیت کریں تو وہ ایک مثبت اور کامیاب زندگی گزار سکتے ہیں اور بچوں کی تربیت میں محبت ، توجہ ، رہنمائی اور اسلامی تعلیمات کا کردار بنیادی ہے اس لیے والدین کو چاہیے کہ وہ اپنی اولاد کی تربیت میں ہر ممکن کوشش کریں تاکہ وہ ایک اچھے انسان معاشرے کا مفید حصہ بن سکیں۔