نماز اللہ پاک کی ایک اعلیٰ عبادت ہے کہ اس کے بارے میں سوال جواب ہونا ہے اور پانچ وقت کی نماز اللہ پاک کی وہ عظیم نعمت ہے جو ہمارے پیارے اور آخری نبی صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم کو تحفے میں ملی ہے اور یہ تحفہ بھی ایسا باکمال ہے کہ رہتی دنیا بلکہ تا قیامت نہ کسی کو ملا ہے نہ ہی کسی کو ملے گا کیونکہ یہ خاص ہمارے آقا و مولی صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم کو معراج شریف کے موقع پر عطا کی گئی۔ ہر مسلمان عاقل، بالغ مرد و عورت پر روزانہ پانچ وقت کی نماز فرض ہے۔ اس کی فرضیت (یعنی فرض ہونے )کا انکار کرنے والا کافر و مرتد ہے۔ جو جان بوجھ کر ایک نماز ترک کرے وہ فاسق،سخت گنہگار اور عذابِ نار کا حق دار ہے۔(1)خادمِ نبی حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ سرکارِ مدینہ صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم کا فرمانِ عالیشان ہے:جس نے مغرب کی نماز جماعت کے ساتھ ادا کی اس کے لیے مقبول حج و عمرہ کا ثواب لکھا جائے گا اور وہ ایسا ہے گویا (یعنی جیسے) اس نے شبِ قدر میں قیام کیا۔(جمع الجوامع،7/195،حدیث:22311)(2) روایت میں ہے:نبیِ کریم صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم نے ارشاد فرمایا :جو شخص مغرب کے بعد چھ رکعتیں پڑھے اور ان کے درمیان میں کوئی بری بات نہ کہے تو بارہ برس کی عبادت کے(ثواب کے)برابر کی جائیں گی۔(ترمذی،1/439،حدیث:435)(3)اللہ پاک کے آخری نبی صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم نے ارشاد فرمایا:جو مغرب کی نماز کے بعد چھ رکعتیں پڑھیں اس کے گناہ بخش دئیے جائیں گے اگرچہ سمندر کی جھاگ کے ہوں ۔(معجم اوسط،5/255،حدیث:7245)امام احمدو ابو داود حضرت ابو ایوب وعقبہ بن عامر رضی اللہ عنہما سے راوی ہیں کہ نبی کریم صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم نے ارشاد فرمایا:میری امت ہمیشہ فطرت پر رہے گی جب مغرب میں اتنی تاخیر نہ کریں کہ ستارے گتھ جائیں۔(بہار شریعت،3/446،حدیث:1009) امام احمد عبد الرحمن بن غنم سے اور ترمذی ابوذر رضی اللہ عنہ سے راوی کہ نبی کریم صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم فرماتے ہیں:مغرب اور صبح کے بعد بغیر جگہ بدلے اور پاؤں موڑے دس بار جو یہ پڑھ لے:لا الہ الا اللّٰہ وحدہ لا شریک لہ لہ الملک ولہ الحمد بیدہ الخیر یحیی ویمیت وھو علی کل شیئ قدیر تو اس کے لیے ہر ایک کلمے کے بدلے دس نیکیاں لکھی جائیں اور دس گناہ معاف کیے جائیں گے اور دس درجے بلند کیے جائیں گے اور یہ دعا اس کے لیے ہر برائیِ شیطانِ رجیم سے حفظ ہے اور کسی گناہ کو حلال نہیں کہ اسے پہنچے سوائے شرک کے اور وہ(یعنی یہ کلمات پڑھنے والا) سب سے عمل میں اچھا ہے مگر وہ جو اس سے افضل ہے تو یہ بڑھ جائے گا۔(بہار شریعت،3/541،542،حدیث:9)اللہ پاک سے دعا ہے ہمیں خشوع اور خضوع کے ساتھ نمازِ مغرب اور چاروں نمازیں پڑھنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین