ہر شے کے لئے ایک علامت ہوتی ہےاور ایمان کی علامت نماز ہے۔تمام اعمال میں اللہ پاک کے نزدیک سب سے زیادہ محبوب چیز  وقت کے اندر نماز پڑھنا ہے۔نماز وہ عمل ہے جس کا قیامت کے دن سب سے پہلے سوال کیا جائےگا۔نماز وہ عمل ہے جو بندے کو قبر کے عذابات سے بچائےگی۔نماز وہ عمل ہے کہ اگر بندہ نماز سے پہلے وضو کرے جیسا وضو کرنے کا حکم ہے اور پھر نماز پڑھے جیسی نماز پڑھنے کا حکم ہےتو پہلے جو کچھ اس نے کیا وہ سب معاف ہے ۔نماز وہ عمل ہے جو کسی حال میں معاف نہی اور جو قصدًا نماز چھوڑے تو جہنم کے دروازے پر اس کا نام لکھ دیا جاتا ہے۔جس نے نماز چھوڑی اس کا کوئی دین نہیں کیونکہ نماز دین کا ستون ہے۔نمازِ مغرب کی بڑی اہمیت ہے۔نبیِ اکرم صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم نے اپنی مبارک زندگی کی آخری نماز جو ادا فرمائی وہ نمازِ مغرب ہے اس کے بعد کوئی نماز ادا نہ فرمائی یعنی ظاہری زندگی میں آپ صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم نے وصال سے قبل جو نماز ادا فرمائی وہ نمازِ مغرب ہے ۔ اللہ پاک ہمیں نمازِ مغرب اور تمام نمازیں پا بندی سے پڑھنے کی توفیق عطا فرمائے۔اس ضمن میں نمازِ مغرب کی فضیلت و اہمیت پر 5 فرامینِ مصطفٰے ذکر کی جاتی ہیں :1۔امام احمد و ابو داود،حضرت ابو ایوب و عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے،رسول اللہ صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم فرماتے ہیں:میری اُمت ہمیشہ فطرت پر رہے گی،جب تک مغرب میں اتنی تاخیر نہ کریں کہ ستارے گتھ جائیں۔2۔حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے،حضور نبیِ اکرم صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم نے ارشاد فرمایا:جس نے نمازِ مغرب جماعت کے ساتھ ادا کی اس کے لئے مقبول حج اور مقبول عمرے کا ثواب لکھا جائےگا اور وہ ایسا ہے جیسے اس نے شبِ قدر میں قیام کیا۔3۔ابو داود نے عبد العزیز بن رفیع رضی اللہ عنہ سے روایت کی ،رسول اللہ صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم فرماتے ہیں:دن کی نماز( عصر) ابر کے دن میں جلدی پڑھو اور مغرب میں تاخیر کرو۔4۔حضور نبیِ اکرم صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم نے ارشاد فرمایا :جو شخص مغرب کے بعد 6 رکعتیں پڑھے اور ان کے درمیان میں کوئی بُری بات نہ کہے تو بارہ برس کی عبادت کے (ثواب کے) برابر کی جائیگی۔5۔حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا روایت کرتی ہیں، اللہ پاک کے آخری نبی صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم ارشاد فرماتے ہیں:اللہ پاک کے نزدیک سب سے افضل نماز،نمازِ مغرب ہے جو اس کے بعد دو رکعت پڑھے تو اس کے لئے اللہ پاک جنت میں ایک گھر بنا دے گا جس میں وہ صبح کرے گا اور راحت پائےگا۔