میٹھے میٹھےاسلامی بھائیو ا اور اسلامی بہنوں! ہم کتنے خوش نصیب ہیں کہ  اللہ پاک نے اپنے پیارے حبیب صلی اللہُ علیہ و اٰلہ وسلم کے صدقے ہمیں جمعۃالمبارک کی نعمت سے سرفراز فرمایا، افسوس!ہم نا قدرے جمعة المبارک کو بھی عام دنوں کی طرح غفلت میں گزار دیتے ہیں، حالانکہ جمعہ یومِ عید ہے، جمعہ سب دنوں کا سردار ہے، جمعہ کے روز جہنم کی آگ نہیں سلگائی جاتی، جمعہ کی رات دوزخ کے دروازے نہیں کھلتے، جمعہ کو بروزِ قیامت د لہن کی طرح اٹھایا جائے گا ، جمعہ کے روز مرنے والے خوش نصیب مسلمان شہید کا رتبہ پاتا ہے اور عذابِ قبر سے محفوظ ہو جاتا ہے۔

مفسرِشہیر حکیم الامت مفتی احمد یار خان نعیمی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:جمعہ کو حج ہو تو اس کا ثواب ستر حج کے برابر ہے، جمعہ کی ایک نیکی کا ثواب ستر گنا ہے۔

جمعۃ المبارک کے فضائل کے تو کیا کہنے! اللہ کریم نے جمعہ کے متعلق ایک پوری سورت سورۃالجمعہ نازل فرمائی، جو کہ قرآن کریم کے پارہ نمبر 28 میں جگمگا رہی ہے۔ (فیضان جمعہ، ص1)

حجۃ الاسلام حضرت سیدنا امام محمد بن محمد غزالی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:پہلی صدی میں سحری کے وقت اور فجر کے بعد راستے لوگوں سے بھرے ہوئے دیکھے جاتے تھے، وہ چراغ لئے ہوئے نماز جمعہ کیلئے جامع مسجد کی طرف جاتے، گویا عید کا دن ہو، حتی کہ یہ(یعنی نماز جمعہ کیلئے جلدی جانے کا سلسلہ ختم ہو گیا)پس کہا گیا کہ اسلام میں جو پہلی بدعت ظاہر ہوئی، وہ جا مع مسجد کی طرف جلدی جانا چھوڑنا ہے۔

فضائل جمعہ کے حوالے سے فرامین مصطفی:

1۔پیارے آقا صلی اللہُ علیہ و اٰلہ وسلم نے ارشاد فرمایا ہے:الجمعة حج المساكين۔یعنی جمعہ کی نماز مساکین کا حج ہے، اور دوسری روایت میں ہے کہ الجمعة حج الفقراء۔یعنی جمعہ کی نماز غریبوں کا حج ہے۔( جمع الجوامع للسيوطی، ج 4، ص 84، حديث 1109،1108)

2۔سرکار مدینہ صلی اللہُ علیہ و اٰلہ وسلم کا فرمانِ عنایت نشان ہے:جمعہ میں ایک ایسی گھڑی ہے کہ اگر کوئی مسلمان اسے پا کر اس وقت الله عزوجل سے کچھ مانگے تو اللہ پاک اس کوضرور دے گا اور وہ گھڑی مختصرہے۔

3۔سرکار مدینہ صلی اللہُ علیہ و اٰلہ وسلم کا فرمانِ نجات نشان ہے:جمعہ کے دن اور رات میں 24 گھنے ہیں، کوئی گھنٹا ایسا نہیں جس میں اللہ پاک جہنم سے چھ لاکھ آزاد نہ کرتا ہو، جن پر جہنم واجب ہو گیا تھا۔ (فيضان جمعہ، ص11)

4۔تاجدار مدینہ صلی اللہُ علیہ و اٰلہ وسلم نے ارشاد فرمایا:جو روزِ جمعہ یا شبِ جمعہ ( یعنی جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب) مرے گا،عذابِ قبر سے بچا لیا جائے گا اور قیا مت کے دن اس طرح آئے گا کہ اس پر شہیدوں کی مہر ہو گی۔

5۔سرکا رِدو عالم صلی اللہُ علیہ و اٰلہ وسلم کا فرما نِ معظم ہے:5چیزیں جو ایک دن کرے گا، اللہ پاک اس کو جنتی لکھ دے گا،٭جو مریض کی عیادت کو جائے،٭ نماز جنازہ میں حاضر ہو،٭ روزہ رکھے،٭نماز جمعہ ادا کرے، ٭غلام آزاد کرے۔ ( فیضان جمعہ،ص13)

اللہ پاک ہمیں جمعۃ المبارک کے دن زیادہ سے زیادہ نیکیاں کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور پانچ وقت کی نمازوں کی پابندی کے ساتھ ساتھ جمعہ کی نماز بھی پابندی وقت کے ساتھ پڑھنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین