اللہ پاک  نے اپنے پیارے نبی صلی اللہُ علیہ و اٰلہ وسلم کے صدقے امتِ محمدیہ صلی اللہُ علیہ و اٰلہ وسلم پر جہاں اور بہت سے انعام و اکرام کئے ہیں، وہیں ایک بہت بڑا احسان جمعۃ المبارک عطا کرنے کی صورت میں کیا ہے، اس دن کی قدر و منزلت اس قدر ہے کہ اس کو یومِ عید بھی کہا جاتا ہے اور غریبوں کا حج بھی کہا گیا ہے، اس دن کو تمام دنوں کا سردار فرمایا گیا ہے، اس دن کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ جمعہ کے روز جہنم کی آگ کو سلگایا نہیں جاتا اور اس جمعہ کی رات دوزخ کے دروازے نہیں کھلتے اور اس سے بھی بڑی خوش نصیبی کی بات یہ ہے کہ جمعہ کے دن مرنے والا مسلمان خوش نصیب شہید کا مرتبہ پاتے ہیں اور قبر کے عذاب سے بھی محفوظ رہتے ہیں۔

اس دن کو جمعہ کا نام اس لئے دیا جاتا ہے، کیونکہ اس دن تمام مخلوقات وجود میں مجتمع یعنی اکٹھی ہوئیں اور اسی دن تکمیلِ خلق بھی ہوئی، اس دن تمام لوگ ایک جگہ جمع ہو کر جمعہ ادا کرتے ہیں اور حضرت آدم علیہ السلام کی مٹی اسی دن جمع ہوئی، ان ہی وجوہات کی بنا پر اس کو جمعہ کہا جاتا ہے۔

اسلام سے پہلے اس کو عروبہ کہا جاتا تھا، جب آقا علیہ السلام مدینہ شریف ہجرت کر کے تشریف لائے تو بارہ ربیع الاول 622 عیسوی کو پیر شریف کے دن چاشت کے وقت مقامِ قباء میں ٹھہرے ۔

یہاں سے جمعہ کے دن مدینہ جانے کا ارادہ کیا تو بنی سالم ابن عوف وادی کے درمیان جمعہ کا وقت آ گیا، اس جگہ کو مسجد بنایا اور وہاں آقا صلی اللہُ علیہ و اٰلہ وسلم نے جمعہ ادا کیا، آقا صلی اللہُ علیہ و اٰلہ وسلم نے اپنی زندگی میں 500 جمعہ ادا کئے۔

حدیث مبارکہ میں ہے کہ جمعہ کے دن رات میں 24 گھنٹے ہیں، کوئی گھنٹہ ایسا نہیں جس میں اللہ پاک جہنم سے چھ لاکھ آزاد نہ کرتا ہو، جن پر جہنم واجب ہو گیا تھا۔

اس کے علاوہ آقا صلی اللہُ علیہ و اٰلہ وسلم نے فرمایا:کہ جو جمعہ کے دن نہائے، اس کے گناہ اور خطائیں مٹا دی جاتی ہیں اور جب چلنا شروع کرے تو ہر قدم پر بیس نیکیاں لکھی جاتی ہیں۔

ماشاءاللہ کتنا آسان طریقہ نیکیاں کمانے کا ارشاد فرما دیا، یہ انعام و اکرام ہم پر آقا صلی اللہُ علیہ و اٰلہ وسلم کی وجہ سے فرمایا گیا کہ اتنا عظمت والا دن ہم کو نصیب ہوا۔

آقا صلی اللہُ علیہ و اٰلہ وسلم کا فرمان ہے کہ جس نے جمعہ کی نماز پڑھی، اس دن کا روزہ رکھا، کسی مریض کی عیادت کی، کسی جنازہ میں حاضر ہوا، کسی نکاح میں شرکت کی،تو جنت اس کے لئے واجب ہوگئی۔

ایک جگہ ارشاد فرمایا:جو شخص جمعہ کے روز اپنے والدین یا ایک کی قبر کی زیارت کرے اور اس کے پاس یٰسین پڑھے، بخش دیا جائے۔

آقا صلی اللہُ علیہ و اٰلہ وسلم نے فرمایا:جو شخص روزِ جمعہ یا شبِ جمعہ سورۃ الدخان پڑھے، اس کے لئے اللہ پاک جنت میں ایک گھر بنائے گا۔

کیا بات ہے جمعۃ المبارک کی!یقیناً اس دن کی اہمیت بہت زیادہ ہے اور صرف خوش نصیب مسلمان ہی اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور اپنی بخشش کا سامان کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں۔

اس قدر فوائد وثمرات والے دن سے فائدہ نہ اٹھانا یقیناً بےوقوفی ہے، کیونکہ جمعہ کی نماز ادا کرنا جنت کو واجب کر دینے والے اعمال سے ہے، ہر مسلمان جنت کا طلبگار ہے، اس کے پاس جمعہ کا دن گولڈن چانس ہے، اس سے فائدہ اٹھائیں اور خوب نیکیاں کمائیں۔

اللہ ہمیں اس دن کی اہمیت کو سمجھ کر اس کو نیکیوں میں گزارنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین