یوں تو نماز ِپنجگانہ پڑھنے کے بے شمار فضائل و برکات ہیں،لیکن اس کے ساتھ ساتھ ہر نماز کی فضیلت اور اہمیت الگ ہے، اسی طرح نمازِ عشا پڑھنے کے فضائل اور برکتیں بے شمار ہیں۔عشا کے لغوی معنی رات کی ابتدائی تاریکی کے ہیں، چونکہ یہ نماز اندھیرا ہو جانے کے بعد ادا کی جاتی ہے، اس لئے نماز کو نمازِ عشا کہا جاتا ہے۔(فیضان نماز، ص114)عشا کی نماز سب سے پہلے حضرت موسی علیہ السلام نے ادا فرمائی، جس وقت آپ حضرت شعیب علیہ السلام کے پاس سے دس سال قیام کے بعد واپس مصر تشریف لارہے تھے ،تو آپ پر چار فکریں طاری تھیں، تو آپ نے ان چار فکروں سے نجات اور نبوت ملنے کی خوشی پر چار رکعتیں ادا فرمائیں، اللہ پاک کو یہ چار رکعتیں پسند آئیں اور امتِ محمدیہ پر فرض فرما دیں۔نمازِ عشا کے وقت نیند کا غلبہ ہوتا ہے، جس وجہ سے اکثر لوگ اس نماز کو پڑھنے میں سستی کرتے ہیں، لہٰذا نیند کی وجہ سے یا کوئی سستی کی وجہ سے نمازوں کو ادا نہ کرنا گناہ اور جہنم میں لے جانے والا کام ہے۔نمازِ عشا کی اہمیت اور فضیلت پر پانچ فرامین ِمصطفی:1۔حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے،سب نمازوں میں زیادہ گراں یعنی بوجھ والی منافقوں پر نمازِ عشا اور فجر ہے۔(ابن ماجہ، جلد 1، صفحہ437، حدیث797)2۔سرورِدوجہاں صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم کا فرمانِ عبرت نشان ہے: ہمارے اور منافقین کے درمیان علامت (یعنی پہچان)عشا اور فجر کی نماز میں حاضر ہونا ہے، کیونکہ منافقین ان نمازوں میں آنے کی طاقت نہیں رکھتے۔(مؤطا امام مالک، جلد 1، صفحہ133، حدیث298)3۔حضور صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم ارشاد فرماتے ہیں:جو نمازِ عشا سے پہلے سوئے اللہ پاک اس کی آنکھ کو نہ سلائے۔(جمع الجوامع،جلد 7، صفحہ289،حدیث23192) 4۔ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں: رسول اللہ صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم نے ایک بار کے سوا کبھی کسی سفر میں مغرب و عشا ملا کر نہ پڑھی۔(ابو داؤد، کتاب صلاۃ المسافر، باب الجمع بین الصلاتین2/9،حدیث1209)5۔حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں:میں نے نبی کریم صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم کو دیکھا کہ آپ کو پہنچنے کی جلدی ہوتی تو(آخری وقت سے کچھ دیر پہلے)مغرب کی اقا مت کہہ کر نماز پڑھ لیتے،سلام پھیر کر کچھ دیر ٹھہر تے، پھر عشا کی اقامت ہوتی اور نمازِ عشا کی دو رکعتیں پڑھتے۔(بخاری، کتاب تقصیر الصلاۃ، باب یصلی المغرب ثلاثا فی السفر،1/374،حدیث1092) آخر میں اللہ پاک سے دعا ہے کہ ہمیں نمازِ عشا کے ساتھ تمام نمازوں کی پابندی کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین