نمازِ عشا کی اہمیت و فضیلت
پر پانچ فرامینِ مصطفے از ام حنظلہ
عطاریہ،اسلام آباد
نماز تحفۂ معراج، ہر مسلمان مرد وعورت، عاقل و بالغ پر فرض ہے،نماز
کے بے شمار دینی و دنیاوی فوائد و برکات ہیں، نماز پنجگانہ اللہ پاک کی وہ نعمتِ عظمی ہے جو ہم سے پہلے کسی اُمت
کو نہ ملی، ہر نماز کی الگ اہمیت و برکات ہیں، اسی طرح نمازِ عشا بھی اپنے پڑھنے
والوں کے لئے بے شمار برکتیں اور فضیلتیں لئے ہوئے ہے، لہٰذا تمام نمازوں بالخصوص نمازِ عشا پڑھنے میں ہرگز سستی نہ کیجئے،
نماز میں سستی درست نہیں، پابندی سے تمام نمازیں ادا کرے۔عشا: عشا کے لغوی معنی
رات کی ابتدائی تاریکی کے ہیں، چونکہ یہ نماز اندھیرا ہو جانے کے بعد ادا کی جاتی
ہے،اس لئے اس نماز کو عشا کہا جاتا ہے۔( فیضان نماز،
صفحہ-14 )5 فرامینِ مصطفی صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم:1۔ن مازِ عشا سے پہلے سونا: حضور اکرم صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم فرماتے ہیں: جو نمازِ عشا سے پہلے سوئے اللہ پاک اس کی آنکھ کو نہ
سلائے۔( جمع الجوامع،ج1، صفحہ 289، حدیث 23192)2۔ منافقین عشا اور فجر میں آنے کی طاقت نہیں رکھتے: تابعی بزرگ
حضرت سعید بن مسیب رحمۃ اللہ علیہ سے مروی ہے،سرورِدوجہاں صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم کا فرمانِ عبرت نشان ہے: ہمارے اور منافقین کے درمیان علامت( یعنی پہچان) عشا کی نماز میں حاضر ہونا ہے، کیونکہ منافقین ان نمازوں میں آنے کی
طاقت نہیں رکھتے۔(مؤطا امام مالک، جلد 1، صفحہ 133،حدیث 298 )3۔فجر و عشا 40دن باجماعت پڑھنے کی عظیم الشان فضیلت:خادمِ نبی حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، سرکارِ مدینہ صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم نے ارشاد فرمایا:جس نے چالیس دن فجرو عشا باجماعت پڑھی، اس کو اللہ
پاک دو آزادیاں عطا فرمائے گا، ایک نار(یعنی آگ) سے، دوسری نفاق(یعنی منافقت) سے۔(ابن عساکر، جلد 52،
صفحہ 338)4۔ دوزخ سے آزادی:امیر
المؤمنین حضرت عمر فاروقِ اعظم رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ، سرکارِ دو عالم صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم کا فرمانِ عالیشان ہے: جو چالیس راتیں مسجد میں باجماعت نمازِ عشا
پڑھے، کہ پہلی رکعت فوت نہ ہو، اللہ پاک اس کے لئے دوزخ سے آزادی لکھ دیتا ہے۔(ابن ماجہ، ج1، صفحہ 931،حدیث798)5۔ گویا ساری رات عبادت کی: امیر المؤمنین حضرت عثمانِ غنی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم نے ارشاد فرمایا:جو نمازِ عشا جماعت سے پڑھے، گویا(یعنی جیسے) اس نے آدھی رات قیام کیا اور جو فجر جماعت سے پڑھے گویا(جیسے) اس نے پوری رات قیام
کیا۔( فیضان نماز، ص93، مسلم، صفحہ 258 ،حدیث 1491)اللہ کریم ہمیں تمام نمازیں پابندی کے ساتھ صحیح وقت پر، چستی کے
ساتھ اور خوشی خوشی ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین