نمازِ فجر پر 5 فرامینِ مصطفٰے صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ
وسلم از بنتِ محمد نواز،سیالکوٹ
ہر مسلمان عاقل و بالغ مسلمان پر
روزانہ پانچ وقت کی نماز فرض ہے،اس کی فرضیت کا انکار کفر ہے،جو جان بوجھ کر ایک
نماز ترک کرے،وہ فاسق،سخت گنہگار،عذابِ نار کی حق دار ہے،لیکن صد کروڑ افسوس!آج
اکثر مسلمانوں کو نماز کی پروا ہی نہیں رہی۔اللہ پاک نے نماز فرض فرما کر ہم پر
یقیناً احسانِ عظیم فرمایا ہے،ربّ کریم نے
اپنے پاک کلام میں متعدد مقامات پر نماز کا ذکر فرمایا ہے،چنانچہ ربّ کریم فرماتا ہے:وَ
اَقِمِ الصَّلٰوةَ لِذِكْرِیْ ترجمۂ کنزالایمان:میری یاد کے لئے نماز قائم رکھ۔(پ 16، طٰہٰ: 14)ایک اور مقام پر ربّ کریم فرماتا ہے:وَ اَقِیْمُوا
الصَّلٰوةَ وَ اٰتُوا الزَّكٰوةَ وَ اَطِیْعُوا الرَّسُوْلَ لَعَلَّكُمْ
تُرْحَمُوْنَ0ترجمۂ کنزالایمان:نماز قائم رکھو
اور زکوۃ دو اور رسول کی فرمانبرداری کرو،اس امید پر کہ تم پر رحم ہو۔(پ 18، نور: 56)نماز پڑھنے کے بے شمار فضائل
ہیں،آقا صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے فرمایا:نماز میری آنکھوں کا نور ہے اور نماز
انبیائے کرام علیہمُ الصلوۃُ وَالسَّلام کی سنتِ مبارکہ ہے۔پانچوں نمازوں میں سب سے افضل
نماز ِعصر ہے،پھر نمازِ فجر،پھر عشا،پھر مغرب،پھر ظہر۔نمازِ فجر کے فضائل پر
فرامینِ مصطفٰے صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم:1۔صحابی ابنِ صحابی حضرت عبدُاللہ ابنِ عمر رَضِیَ
اللہُ عنہما سے روایت ہے،سردارِ مکہ مکرمہ،سرکارِ مدینہ منورہ صلی
اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم ارشاد فرماتے ہیں:جو صبح کی نماز پڑھتا ہے،وہ شام تک اللہ
پاک کے ذمّے ہے۔(معجم
کبیر،12/240،حدیث:1321)2۔حضرت سلمان فارسی
رَضِیَ اللہ عنہ سے روایت
ہے،میرے آقا،تاجدارِ
مدینہصلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کا فرمانِ عبرت نشان ہے:جو صبح کی نماز کو گیا،ایمان کے جھنڈے کے ساتھ گیا اور جو صبح بازار گیا،ابلیس کے جھنڈے کے ساتھ گیا۔(ابن ماجہ،3/53،حدیث:2234)3۔حضرت عثمانِ غنی رَضِیَ
اللہ عنہ سے
روایت ہے،رسولُ اللہ صلی
اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے ارشاد فرمایا:جو نمازِ عشا جماعت سے پڑھے،گویا اس نے آدھی رات قیام کیا اور جو فجر جماعت سے پڑھے،گویا اس نے پوری رات قیام کیا۔(مسلم،ص258،حدیث:1491)4۔حضرت ابو عبیدہ بن جراح رَضِیَ
اللہ عنہ
بیان کرتے ہیں،رحمتِ عالم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ
وسلم
نے ارشاد فرمایا:جمعہ کے دن پڑھی جانے والی فجر کی نماز باجماعت سے افضل کوئی نماز
نہیں ہے،میرا گمان ہے کہ تم میں سے جو اس میں شریک ہوگا،اس کے گناہ معاف کردیئے
جائیں گے۔(معجم
کبیر،1/156،حدیث:366)5۔خادمِ
نبی حضرت انس رَضِیَ اللہ عنہ سے روایت ہے،سرکارِ مدینہ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے ارشاد فرمایا:جس نے 40 دن فجر
و عشا باجماعت پڑھی،اُس کو اللہ پاک 2 آزادیاں عطا فرمائے گا،ایک نَار(یعنی آگ)سے،دوسری نفاق(یعنی منافقت سے۔) (تاریخِ ابنِ عساکر،52/338)
پڑھتی رہو نماز کہ جنت میں جاؤ گی ہوگا وہ تم پر فضل کہ دیکھتی ہی
جاؤ گی
یا ربّ مصطفٰے! ہمیں پابندی سے
نمازِ پنجگانہ پڑھنے کی توفیق عطا فرما۔اٰمین بجاہِ النبی الکریم صلی اللہُ
علیہ واٰلہٖ وسلم