اسلام میں کچھ عبادات مخصوص شرائط کے پائے جانے کی صورت میں فرض ہیں جیسے روزہ، زکوٰۃ، حج وغیرہ اور ان میں سے ایک فرض عبادت نماز ہے۔ نماز ہر مسلمان عاقل بالغ پر دن میں پانچ مرتبہ اس کے وقت میں ادا کرنا فرض ہے۔ پانچ فرض نمازیں فجر، ظہر، عصر، مغرب اور عشا ہیں۔ ان کی اہمیت و فضیلت پر بہت سی احادیث ہیں جن میں سے نماز عصر کی اہمیت و فضیلت پر پانچ فرامین مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم مندرجہ ذیل ہیں:

(1)حضرت سیدنا ابوبصرہ غفاری رضي الله عنہ سے روایت ہے کہ نور والے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :یہ نماز یعنی نماز عصر تم سے پچھلے لوگوں پر پیش کی گئی تو انہوں نے اسے ضائع کردیا لہذا جو اسے پابندی سے ادا کرے گا اسے دگنا (Double)اجر ملے گا۔

(2) امیر المؤمنین حضرت سیدنا علی بن ابی طالب رضي الله عنہ سے روایت ہے کہ خاتم المرسلین، صلی الله علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایا کہ میری امت ہمیشہ عصر سے پہلے ان چار رکعتوں کو ادا کرتی رہےگی یہاں تک کہ اس دنیا ہی میں اس کی حتمی مغفرت کردی جائے گی۔

(3) ام المؤمنین حضرت سیدتنا ام سلمہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ سرکار مدینہ صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایا :جو عصر سے پہلے چار رکعتیں ادا کرے گا اللہ پاک اس کے بدن کو جہنم پر حرام فرمادے گا۔

(4) حضرت سیدنا عمارہ بن روبیہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے آخری نبی صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کو فرماتے سنا:جس نے سورج کے طلوع وغروب ہونے (یعنی نکلنے اور ڈوبنے) سے پہلے نماز ادا کی ( یعنی جس نے فجر و عصر کی نماز پڑھی) وہ ہرگز جہنم میں داخل نہ ہوگا۔

(5) حضرت سیدنا معاذ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے آخری نبی صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کو فرماتے سنا کہ جو شخص فجر اور عصر کی بعد تین تین مرتبہ یہ دعا پڑھے گا: أستغفِرُ اللهَ الَّذي لا إلهَ إلّا هوَ الحيُّ القَيومُ وأتوبُ إليهِ ترجمہ: میں اللہ پاک سے بخشش چاہتا ہوں جس کے علاوہ کوئی معبود نہیں وہ زندہ ہے قائم ہے اور میں اس کی بارگاہ میں توبہ کرتا ہوں۔ تو اس کے گناہ مٹا دئیے جائیں گے اگرچہ سمندر کی جھاگ کے برابر ہوں۔

آخری نبی حضرت محمد صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے کتنے پیارے انداز میں نماز عصر ادا کرنے کا ترغیبا ًحکم ارشاد فرمایا ۔تو ہمیں بھی چاہیے کہ نماز عصر بشمول دیگر نمازوں کو ان کے اوقات میں ادا کریں۔ نماز کی عادت اپنانے کے لئے امیر اہلسنت مولانا الیاس قادری دامت برکاتہم العالیہ کی کتاب "فیضان نماز" کا مطالعہ بہت مفید ہے۔ الله پاک ہمیں نماز کو اس کے ظاہری و باطنی حقوق کے ساتھ نماز ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمین بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم