قرآنِ کریم میں اللہ پاک کا نمازِ عصر کے بارے میں ارشاد ہے:فاصبر علی ما یقولون وسبح بحمد ربک قبل طلوع الشمس و قبل غروبھا ترجمہ: اور اپنے رب کی تعریف کرتے ہوئے پاکی بولو سورج چمکنے سے پہلے اور ڈوبنے سے پہلے اور کچھ رات گئے اس کی تسبیح کرو اور نمازوں کے بعد۔اس آیتِ مبارکہ میں تسبیح سے مراد نماز ہے۔اس آیت میں نمازِ فجر و عصر کا تاکیدی حکم دیا گیا ہے کیونکہ اس وقت رات اور دن کے فرشتوں کا اجتماع ہوتا ہے۔(نور العرفان) جیسا کہ بخاری شریف کی حدیث سے ظاہر ہے۔تم میں رات اور دن کے فرشتے بار ی باری آتے ہیں اور فجر و عصر کی نمازوں میں جمع ہوجاتے ہیں ، پھروہ فرشتے جنہوں نے تم میں رات گزاری ہے اوپر کی طرف چلے جاتے ہیں،اللہ پاک باخبر ہونے کے باوُجودان سے پوچھتا ہے:تم نے میرے بندوں کو کس حال میں چھوڑا؟ وہ عرض کرتے ہیں : ہم نے انہیں نماز پڑھتے چھوڑا اور جب ہم ان کے پاس پہنچے تھے تب بھی وہ نماز پڑھ رہے تھے۔(بخاری ج۱ص۲۰۳ حدیث۵۵۵) پانچ نمازوں میں سے خاص نمازِ عصر کی نماز ہے اس کے بارے میں نبیِ کریم صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم نے فرمایا:تم میں سے کسی کے اہل اور مال میں کمی کر دی جائے تو یہ اس سے بہتر ہے کہ اس کی نمازِ عصر فوت ہوجائے۔(مجمع الزوائد،2/50،حدیث:1715) (2)ایک اور حدیثِ مبارکہ میں آتا ہے:حضرت ابو موسی اشعری رَضِیَ اللہُ عنہ سے روایت ہے، نبیِ کریم صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم نے فرمایا:جس نے ٹھنڈے وقت کی دو نمازیں پڑھیں فجر اور عصر تو وہ جنت میں جائے گا۔ مشہور مقولہ ہے:نماز اگر عادت بن جائے تو کامیابی مقدر بن جاتی ہے اور اس کا ثبوت اس حدیثِ مبارکہ سے ملتا ہے:ابنِ ماجہ کی حدیث میں ہے: جب مرنے والا قبر میں داخل ہوتا ہے تو اُسے سورج ڈوبتا ہوا معلوم ہوتا ہے تو وہ آنکھیں ملتا ہوا بیٹھتا ہے اور کہتا ہے: ’’مجھے چھوڑ و میں نماز پڑھ لوں ۔‘‘(ابن ماجہ،4 /503،حدیث:4272) نمازِ عصر کی فضیلت اس حدیثِ مبارکہ سے روز روشن کی طرح واضح ہے۔رسول اللہ صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم نے فرمایا: ہر گز وہ آدمی جہنم میں داخل نہیں ہو سکتا جو سورج نکلنے سے پہلے فجر کی نماز اور سورج غروب ہونے سے پہلے عصر کی نماز پڑھے۔ (مسلم،حدیث:1436)ان تمام آیاتِ مبارکہ اور حدیثِ مبارکہ کی روشنی سے معلوم ہوا !نماز وہ سمندر ہے جس میں غوطہ زن ہونے سے ان اسرارِ دلفگار کے موتیوں تک رسائی حاصل ہوتی ہے جن سے معبود اور بندے کے درمیان مبارک اور مقدس رشتہ اور تعلق کی کیفیات قبل و روح پر منکشف ہوتی ہیں۔اللہ کریم ہمیں پنج وقتہ نمازوں کی پابندی نصیب فرمائے۔آمین

مولیٰ سے اپنے ملتا ہے بندہ نماز میں اُٹھ جاتا ہے جدائی کا پردہ نماز میں

تن کی صفائی حق کی رضا دل کی روشنی کیا کیا نہیں ہے خوبیاں اےبندے نماز میں

یہ قبر میں انیس یہ محشر میں شفیع عقبیٰ کا چین خلد کا وعدہ نماز میں