1۔حدیث پاک: جس نے ایک نفل روزہ رکھا اس کیلئے جنت میں ایک درخت لگا دیا جائے گا جس کا پھل انار سے چھوٹا اور سیب سے بڑا ہوگا، وہ شہد جیسا میٹھا اور خوش ذائقہ ہوگا اللہ پاک روزہ دار کو اس درخت کا پھل کھلائے گا۔ (معجم کبیر 18/366، حديث :935)

2۔ حدیث پاک: جس نے ثواب کی اُمید رکھتے ہوئے ایک نفْل روزہ رکھااللہ پاک اسے دوزخ سے چالیس سال (کی مسافت کے  برابر) دُورفرمادے گا۔

(جَمعُ الجَوامع 7/190،حدیث:22251)

3۔حدیث پاک: اگر کسی نے ایک دن نفل روزہ رکھا اور زمین بھر سونا اسے دیا جائے جب بھی اس کا ثواب پورا نہ ہوگا ، اس کا ثواب تو قیامت ہی کے دن ملے گا ۔

(ابو یعلی،5/303،حدیث :6104)

4۔حدیث پاک: جس نے رضائے الہی کے لئے ایک دن کا نفل روزہ رکھا تو الله پاک اس کے اور دوزخ کے درمیان ایک تیز رفتار سوار کی پچاس سالہ مسافت ( یعنی فاصلے) تک دور فرما دے گا ۔ ( کنز العمال ج حديث :24149 )

5۔حدیث پاک: جس نے ایک دن کا روزہ اللہ کی رضا حاصل کرنے کیلئے رکھا، اللہ اسے جہنم سے اتنا دور کردے گا جتنا کہ ایک کَوّا جو اپنے بچپن سے اڑنا شروع کرے یہاں تک کہ بوڑھا ہو کر مر جائے۔ (ابو یعلیٰ 1/383، حديث :917)

6۔حدیث پاک: صُوْمُوْا تَصِحُّوْا یعنی(روزہ رکھو تندرست ہو جاؤ گے) ۔

(معجم اوسط 6/142، حديث :8312)

7۔حدیث پاک: حضرت سیدنا ابو امامہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں میں نے عرض کی : یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم مجھے ایسا عمل بتائیے جس کے سبب جنت میں داخل ہو جاؤں ۔ فرمایا : روزے کو خود پر لازم کرلو کیونکہ اس کی مثل کوئی عمل نہیں ۔ راوی کہتے ہیں : حضرت سیدنا ابو امامہ رضی اللہ عنہ کے گھر دن کے وقت مہمان کی آمد کے علاوہ کبھی دھواں نہ دیکھا گیا ( یعنی آپ دن کو کھانا کھاتے ہی نہ تھے روزہ رکھتے تھے ) ۔

(الاحسان بترتيب صحيح ابن حبان 5/179، حديث :3416 )

حدیث پاک : جو روزے کی حالت میں مرا اللہ پاک قیامت تک کے لئے اس کے حساب میں روزے لکھ دے گا۔( الفردوس بماثور الخطاب 3/504، حديث :5557)

9۔حدیث پاک: جس نے الله پاک کی راہ میں ایک دن کا فرض روزہ رکھا ، الله پاک اسے جہنم سے اتنا دور کر دے گا جتنا ساتوں زمینوں اور آسانوں کے مابین ( یعنی درمیان )فاصلہ ہے ۔ اور جس نے ایک دن کا نفل روزہ رکھا الله پاک اسے جہنم سے اتنا دور کر دے گا جتنا زمین و آسمان کا درمیانی فاصلہ ہے۔( مجمع الزوائد 3/445، حديث :5177 )

10۔ حدیث پاک :جو لا الہ الا اللہ کہتے ہوئے انتقال کر گیا تو وہ جنت میں داخل ہوگا اور جس نے کسی دن اللہ پاک کی رضا کے لئے روزہ رکھا اسی پر اس کا خاتمہ ہوا تو وہ داخل جنت ہوگا ،اور جس نے اللہ پاک کی رضا کے لئے صدقہ کیا اسی پر اس کا خاتمہ ہوا تو وہ داخل جنت ہوگا ۔

(مسند امام احمد 9/95،حدیث:23384)