ماہنامہ فیضان مدینہ کے قارئین! فرض روزوں کے علاوہ نفل
روزوں کی بھی عادت بنانی چاہیئے کہ اس میں بے شمار دینی اور دنیاوی فوائد ہیں اور
ثواب تو اتنا ہے کہ مت پوچھئے! آدمی کا جی چاہے کے بس روزے رکھتے ہی چلے جائیں۔
دینی فوائد میں ایمان کی حفاظت، جہنم سے نجات اور جنت کا حصول شامل ہے اور جہاں تک
دنیاوی فوائد کا تعلق ہے تو دن کے اندر کھانے پینے میں صرف ہونے والے وقت اور
اخراجات کی بچت، پیٹ کی اصلاح اور بہت سارے امراض سے حفاظت کا سامان ہے اور تمام
فوائد کی اصل یہ ہے کہ روزے دار سے اللہ پاک راضی ہوتا ہے۔
چنانچہ اللہ پاک پارہ 22 سورۃ الاحزاب کی آیت نمبر 35 میں
فرماتا ہے: وَ
الصَّآىٕمِیْنَ وَ الصّٰٓىٕمٰتِ وَ الْحٰفِظِیْنَ فُرُوْجَهُمْ وَ الْحٰفِظٰتِ وَ
الذّٰكِرِیْنَ اللّٰهَ كَثِیْرًا وَّ الذّٰكِرٰتِۙ-اَعَدَّ اللّٰهُ لَهُمْ
مَّغْفِرَةً وَّ اَجْرًا عَظِیْمًا(۳۵)
ترجمہ
کنزالایمان: اور روزے والے اورروزے والیاں اور اپنی پارسائی نگاہ
رکھنے والے اور نگاہ رکھنے والیاں اور اللہ کو بہت یاد کرنے والے اور یاد کرنے
والیاں ان سب کے لئے اللہ نے بخشش اور بڑا ثواب تیار کر رکھا ہے۔
وَ الصَّآىٕمِیْنَ وَ الصّٰٓىٕمٰتِ( اور روزے والے اور روزے والیاں) کی تفسیر میں حضرت علامہ
ابو البرکات عبد اللہ بن احمد نسفی رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں اس میں فرض اور نفل
دونوں قسم کے روزے داخل ہیں۔ منقول ہے: جس نے ہر مہینے ایام بیض (یعنی چاند کی 13،
14، 15 تاریخ) کے تین روزے رکھے وہ روزے رکھنے والوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ (تفسیرِ
مدارک 2/345)
نفلی روزوں کے فضائل پر چند فرامین مصطفی صلی اللہ علیہ
وسلم ملاحظہ ہو:۔
(1) جس نے ایک نفل روزہ رکھا اس کیلئے جنت میں ایک درخت لگا
دیا جائے گا جس کا پھل انار سے چھوٹا اور سیب سے بڑا ہوگا، وہ شہد جیسا میٹھا اور
خوش ذائقہ ہوگا اللہ پاک روزہ دار کو اس درخت کا پھل کھلائے گا۔ (معجم کبیر 18/366،
حديث :935)
(2)صُوْمُوْا تَصِحُّوْا یعنی(روزہ رکھو تندرست ہو جاؤ گے) ۔
(معجم اوسط 6/142،
حديث :8312)
(3) اگر کسی نے ایک دن نفل روزہ رکھا اور زمین بھر سونا اسے
دیا جائے جب بھی اِس کا ثواب پورا نہ ہوگا، اس کا ثواب تو قیامت ہی کے دن ملے گا۔
( ابو يعلى 5/353، حديث :6104)
(5) جو روزے کی حالت میں مرا اللہ پاک قیامت تک کے لئے اس کے حساب میں روزے لکھ
دے گا۔( الفردوس
بماثور الخطاب 3/504، حديث :5557)
اللہ پاک سے دعا ہے کہ ہمیں فرائض عبادات کے ساتھ ساتھ نفلی عبادات کرنے کی بھی توفیق عطا فرمائے ۔اٰمین
بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ وسلم