آخرت سنوارنے کا بہترین طریقہ:

حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے مروی ہے:اللہ پاک کے محبوب صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے فرمایا:لوگوں میں سب سے زیادہ فکر مند وه بنده مؤمن ہے، جو اپنی دنیا و آخرت سنوارنے کی فکر کرتا رہے۔(اللہ والوں کی باتیں، جلد 3،ص 77،78)یہ حدیث ِپاک سن کر تمام مسلمانوں کو اپنی آخرت سنوارنے کی فکر کرنی چاہیئے، دنیا کی فکروں کو چھوڑ کر اپنی آخرت سنوارنے کا بہترین طریقہ یہ بھی ہے کہ نوافل کی کثرت کی جائے۔

نوافل کے ذریعے اللہ پاک کا قرب حاصل کیجئے

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے،پیارے آقا صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم فرماتے ہیں:اللہ پاک نے فرمایا: جو میرے کسی ولی سے دشمنی کرے،اسے میں نے لڑائی کا اعلان دے دیا اور میرا بندہ جن چیزوں کے ذریعے میرا قرب چاہتا ہے،ان میں مجھے سب سے زیادہ فرائض محبوب ہیں اور نوافل کے ذریعے قرب حاصل کرتا رہتا ہے،یہاں تک کہ میں اسے محبوب بنا لیتا ہوں،اگر وہ مجھ سے سوال کرے تو اسے ضرور دوں گا اور پناہ مانگے تو اسے پناہ ضرور دوں گا۔(بخاری،ج4،ص248،حدیث2/60)

ہم سبھی چاہتے ہیں کہ اللہ پاک کے محبوب بن جائیں تو اس کے لئے ہمیں نیکیوں کی طرف جانا ہو گا اور برائی سے پیچھا چھڑانا ہو گا،اللہ پاک ہمیں نیکیاں کرنے کی توفیق دے۔(آمین)

چند نفل نمازوں کے فضائل

پیارے آقا صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے فرمایا:جو نمازِ فجر ادا کر کے ذکر اللہ کرتا رہے، یہاں تک کہ آفتاب بلند ہو گیا،پھر دو رکعتیں پڑھے تو اسے پورے حج و عمرے کا ثواب ملے گا۔(ترمذی،ج2،ص100،ح586)

حدیثِ پاک میں ہے:جس نے ظہر سے پہلے چار اور بعد چار پر محافظت کی،اللہ پاک اس پر آگ حرام فرما دے گا۔

(نسائی،ص310،ح1813)

علامہ سیّد طحطاوی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:سِرے سے آگ میں داخل ہی نہ ہو گا اور اس کے گناہ مٹا دیئے جائیں گے۔

پیارے آقا صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے فرمایا:جو عصر سے پہلے چار رکعتیں پڑھے، اللہ پاک اس کے بدن کو آگ پر حرام فرما دے گا۔

(معجم کبیر للطبرانی،ج23،ص281،ح611)

پیارے آقا صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے فرمایا:جو مغرب کے بعد چھ رکعت اس طرح پڑھے کہ اُن کے دوران کوئی بری بات نہ کہے تو تو یہ چھ رکعت بارہ سال کی عبادت کے برابر ہوں۔( ابن ماجہ،ج2،ص45،ح1167)

آپ نے نفل نماز کے کچھ فضائل پڑھے،توآپ سب کو چاہیئے کہ نوافل کی کثرت کریں اور اپنے انمول وقت کو بے کار ضائع نہ کریں اور ہماری زندگی کا مقصد صرف اللہ پاک اور رسول پاک صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کو منانا ہے،ایسے کام کریں جن سے اللہ پاک اور اس کے حبیب صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم خوش ہوں،آپ سب بھی نیت کر لیجئے کہ آج سے کچھ نہ کچھ نوافل تو ضرور پڑھوں گی۔

اللہ پاک ہمیں کثرت سے نوافل پڑھنے کی توفیق دے۔ آمین