اللہ پاک کا پیارا بننے کا نسخہ

حدیثِ مبارکہ کا مفہوم ہے:حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے:حضور پاک صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم فرماتے ہیں:اللہ پاک نے فرمایا: جو میرے کسی ولی سے دشمنی کرے اسے میں نے لڑائی کا اعلان دے دیا اور میرا بندہ جن چیزوں کے ذریعے میرا قُرب چاہتا ہے ان میں مجھے سب سے زیادہ فرائض محبوب ہیں۔ اور نوافل کے ذریعے قرب حاصل کرتا رہتا ہے یہاں تک کہ میں اسے اپنا محبوب بنا لیتا ہوں۔ اگر وہ مجھ سے سوال کرے تو اسے ضرور دوں گا اور پناہ مانگے تو اسے ضرور پناہ دوں گا۔

فضائل

اللہ پاک کا قرب حاصل کرنے کیلئے فرض نمازوں کےساتھ ساتھ نوافل پڑھے جائیں۔

جو شخص فجر کی نماز ادا کر کے اللہ پاک کا ذکر کرتا رہے یہاں تک کہ آفتاب بلند ہو جائے پھر دو رکعتیں پڑھیں تو اس کو پورے حج و عمرے کا ثواب ملے گا۔

عشاکی نماز کے بعد دو رکعتیں نفل پڑھنا کہ رات کے نوافل دن کے نوافل سے افضل ہیں،ان نوافل کو صلوۃ اللیل کہتے ہیں۔

محبت میں اپنی گما یا الٰہی نہ پاؤں میں اپنا پتا یا الٰہی

حدیثِ مبارکہ کا مفہوم ہے:آقا صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے فرمایا:جو شخص وضو کرے اور اچھا وضو کرے اور ظاہر و باطن کے ساتھ متوجہ ہوکر دو رکعت پڑھے اس کیلئے جنت واجب ہو جاتی ہے۔

سبحن اللہ! ہمارا رب کریم کتنا رحیم و غفور ہے کہ نفل نماز کے سبب جنت واجب کر دیتا ہے۔

(اسلامی بہنوں کی نماز)

گناہوں اور فضولیات سے بچنے کیلئے فرض نماز کی پابندی کےساتھ نوافل کی کثرت کیجئے۔ایک تو آپ کا وقت اللہ پاک کی عبادت میں گزرے گا اور گناہوں سے بچی رہیں گی۔دوسرا اللہ پاک کا قرب حاصل ہو گا اور ان شآء اللہ اسی کے سبب بیڑا پار ہوگا۔ فرائض اور سنتوں کےساتھ ساتھ نوافل کی کثرت ہو جائے تو مدینہ مدینہ۔

اللہ پاک ہمیں فرض نمازیں پابندی و درست طریقے سے پڑھنے کی توفیق عطا فرمائے۔اللہ پاک نوافل پڑھنے کی سعادت نصیب فرمائے اور ایمان پہ خاتمہ نصیب کرے۔اٰمین

نفل نمازوں کے مزید فضائل جاننے کیلئے مدنی چینل دیکھتی رہیں اور اسلامی بہنوں کی نماز کا مطالعہ کیجئے۔

صلوا علی الحبیب صلی اللہ علی محمد صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم