اسلامی کُتُب کا خوب مطالعہ کرتے رہنا چاہئے، اس طرح ذہن کھلتا ہے، مگر اُونگھتے اونگھتے پڑھنا غلط فہمیوں میں ڈال سکتا ہے، لہذا مطالعہ کرنے کا درست طریقہ سب کو سیکھ لینا چاہئے، اس کے متعلق کچھ مدنی پھول قبول فرمائیے، ان شاءاللہ عزوجل درست مطالعہ سیکھ جائیں گے:

اللہ عزوجل کی رضا اور حصولِ ثواب کی نیت سے مطالعہ کیجئے۔

2۔مطالعہ شروع کرنے سے قبل حمدو صلوۃ پڑھنے کی عادت بنائیے، فرمانِ مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم ہے:" جس نیک کام سے قبل اللہ عزوجل کی حمد اور مُجھ پر دُرود نہ پڑھا گیا، اس میں برکت نہیں ہوتی۔"( کنز العمال، ج 1، ص279، حدیث2507)

3۔ صبح کے وقت مطالعہ کرنا بہت مفید ہے، کیونکہ عموماً اس وقت نیند کا غلبہ نہیں ہوتا اور ذہن زیادہ کام کرتا ہے۔

4۔ شوروغل سے دور پُرسکون جگہ پر مطالعہ کیجئے۔

5۔ صرف آنکھوں سے نہیں زبان سے بھی پڑھیئے کہ اس طرح یاد رکھنا زیادہ آسان ہے۔

6۔مطالعہ کرتے وقت ذہن حاضر اور طبیعت تروتازہ ہونی چاہئے۔

7۔ وقتِ مطا لعہ ضرورتاً قلم ہاتھ میں رکھنا چاہئے، کہ جہاں آپ کو کوئی بات پسند یا کوئی ایسا جملہ یا مسئلہ جس کی آپ کو بعد میں ضرورت پڑ سکتی ہو، ذاتی کتاب ہونے کی صورت میں اسے انڈرلائن کرسکیں۔

8۔ ایک بار کے مطالعے سے سارا مضمون یاد رہ جانا بہت دشوار ہے کہ فی زمانہ ہاضمے بھی کمزور اور حافظے بھی کمزور ، لہذا دینی کتب و رسائل کا بار بار مطالعہ کیجئے۔

9۔ جو بھلائی کی باتیں پڑھی ہیں، ثواب کی نیت سے دوسروں کو بتاتے رہئے، اِس طرح انشاء اللہ آپ کو یاد ہو جائیں گی۔( علم و حکمت کے125 مدنی پھول)

اللہ پاک ہمیں درست مطالعہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

اٰمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ وسلم