ہر کام کو درست طریقے سے سر انجام دینے کے کچھ اصول وضوابط ہوتے ہیں اگر انہیں ان اصولوں کے مطابق کیا جائے تو اس کام کے حقیقی ثمرات حاصل ہوتے ہیں ، ورنہ بعض اوقات تو نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔

کچھ اسی طرح کا معاملہ مطالعہ کا بھی ہے، ہمارے معاشرے میں ایک تعداد ہے جو مطالعہ نہیں کرتی، پھر جو کرتے ہیں ان میں سے بھی بڑی تعداد مطالعہ کے درست طریقہ سے ناآشنا ہے ، آئیے مطالعہ کرنے کے چند اصول جانتے ہیں ۔

مطالعہ شروع کرنے سے پہلے کی کچھ ضروری گزارشات :

1 :سب سے پہلے تمام ضروری حاجات سے فارغ ہو لیں تاکہ دل ودماغ ان میں مشغول نہ رہیں

2 : با وضو، قبلہ رو ہو کر بیٹھیں، بسم اللہ شریف ، درود شریف اور دعائیں پڑھ لیں ۔

3 :مطالعہ شروع کرنے سے پہلے اچھی اچھی نیّتیں کر لیں،كيونكہ جتنی اچھی نیّتیں زیادہ ہوں گی اتنا ثواب بھی زیادہ ہوگا۔

دوران مطالعہ چند ضروری ہدایات :

1 : بہت زیادہ یا بہت کم روشنی میں نہ پڑھیں نیز ایسے انداز اور زاویۂ نگاہ سے بچیں جس سے آنکھوں پر دباؤ پڑے ۔

2 : خوب توجہ اور یکسوئی سے مطالعہ کریں، ناسازگار ماحول مثلاً شوروغل والی جگہ مطالعہ اکثر سود مندثابت ثابت نہیں ہوتا ۔

3 ۔ تھوڑی تھوڑی دیر بعد کتاب سے نظریں ہٹا کر کسی دور کی چیز کو تقریباً 20 سیکنڈ تک دیکھیں اس سے آنکھوں کو راحت و آرام ملے گا یوں ہی 45 سے 50 منٹ سے زیادہ مسلسل مطالعہ نہ کریں بلکہ 5منٹ چہل قدمی کرلیں۔

4 ۔ اپنے پاس قلم، ہائی لائیٹر اور نوٹ بک رکھیں تاکہ دورانِ مطالعہ اہم نکات کو نوٹ کیا جا سکے، یہ نکات آپ کو بیان وتحریر کے ساتھ ساتھ اور بہت سی جگہوں پر کام آئیں گے۔

بعد مطالعہ ذہن نشین رکھنے والی باتیں:

جو کچھ مطالعہ کیا اس کی بقا کا ایک طریقہ یہ ہے کہ اس کو دوسروں تک پہنچائیں.

جو نکات لکھے ہیں ان کو وقتاً فوقتاً دہراتے رہیں.

مطالعہ میں کی جانے والی چند غلطیاں:

بہت سے لوگ ساری کتاب پڑھ لیتے ہیں مگر مقدمہ، ابتدائیہ یا پیش لفظ نہیں پڑھتے حالانکہ مقدمہ میں مصنف کتاب لکھنے کے اسباب، موضوع کے حوالے سے بنیادی معلومات اور بہت سی اہم باتیں لکھتے ہے.

کچھ لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں کہ جنہیں مصنف کا نام بھی معلوم نہیں ہوتا مگر کتاب پوری پڑھ لیتے ہیں مصنف کے حالات بھی پڑھنے چاہیے.

کچھ لوگ ہر ایرے غیرے کی کتاب پڑھ ڈالتے ہیں جبکہ بد مذہبوں کی کتابیں پڑھنا ناجائز و حرام ہے لہذا ہمیں ہمیشہ علماء اہلسنت کی کتب کا ہی مطالعہ کرنا چاہیے.

مطالعے کا درست طریقہ سیکھنے کا ایک ذریعہ مطالعہ کرنے کا تجربہ ہونا بھی ہے،اور یہ تجربہ حاصل کرنے کا آسان طریقہ یہ ہے کہ امیر اہلسنت کی طرف سے ہر ہفتے کو ملنے والے رسالے کا مطالعہ کیا جائے اللہ نے چاہا تو بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا