وارث علی عطّاری (درجۂ
ثالثہ جامعۃ المدینہ فیضان فاروق اعظم سادھوکی لاہور،پاکستان)
دین اسلام میں
ایک مسلمان کی عزت و حرمت کی بہت زیادہ اہمیت ہے اس لیے دین اسلام میں ان تمام
افعال سے بچنے کا درس ملتا ہے جس کی وجہ سے مسلمان کی عزت و قدر کم ہوتی ہے آج کل
عام شکایت ہے کہ مسلمانوں میں نہ اتفاقی ہے تو دین اسلام نے ایک مسلمان کے دوسرے
مسلمان پر حقوق رکھے ہیں ان حقوق میں سے چند حقوق ہم یہاں ذکر کرتے ہیں:
(1)مسلمان بھائی پر رحم کرنا: حضرت
ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت مروی ہے کہ نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ
وسلَّم نے ارشاد فرمایا: میری امت کے ابدال جنت میں محض اپنے اعمال کی بنا پر داخل
نہ ہوں گے بلکہ وہ اللہ تعالی کی رحمت، نفس کی سخاوت، دل کی پاکیزگی اور تمام
مسلمانوں پر رحیم ہونے کی وجہ سے جنت میں داخل ہوں گے۔(کنز العمال، کتاب الفضائل
،جلد 12، صفحہ 85)
(2)مسلمان بھائی کا قرض ادا کرنا: حضرت
ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ نبی پاک صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ
وسلَّم سے ایک شخص نے سوال کیا یا رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کون سا
عمل افضل ہے سرکار دو عالم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا تمہارا
اپنے بھائی سے خوش ہو کر ملنا یا اس کا قرض ادا کر دینا یا اسے کھانا کھلانا۔(سنن
ابو داؤد، کتاب الادب، جلد 4، صفحہ 365)
(3)مسلمان کو تکلیف سے
بچانا: حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے کہ آقا علیہ الصلوٰۃ
والسلام نے ارشاد فرمایا مومن مومن کا آئینہ ہے مومن مومن کا بھائی ہے جہاں بھی
ملے وہ اس کو نقصان سے بچاتا ہے اور پیٹھ پیچھے اس کی حفاظت کرتا ہے ۔(سنن ابو
داؤد،ص،365)
(4)مسلمان
بھائی کی حاجت روائی کرنا: حضرت سیدنا انس رضی اللہ تعالی عنہ سے
روایت ہے کہ نبی پاک صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا جس نے مسلمان
بھائی کی حاجت روائی کی وہ ایسا ہے جیسے اس نے ساری عمر اللہ عزوجل کی عبادت
کی۔(کنز العمال،کتاب الزکوۃ،جلد 6، صفحہ 189)
(5)مسلمان
کو کپڑا پہنانا : حضرت
ابو سعید سے روایت ہے کہ نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا
جو مسلمان کسی ننگے مسلمان کو کپڑے پہنائے اللہ تعالی اسے جنت کے سبز جوڑے پہنائے
گا۔(مراۃ المناجیح،جلد 3،صفحہ 116)
یہ مضمون نئے لکھاری کا ہے ،حوالہ جات کی تفتیش و
تصحیح کی ذمہ داری مؤلف کی ہے، ادارہ اس کا ذمہ دار نہیں۔