دعوت اسلامی کے زیراہتمام جون2021ء کے آخری ہفتے سویڈن (Sweden )میں بذریعہ اسکائپ ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں کم و بیش 11 اسلامی بہنوں نے شرکت کی۔

کابینہ سطح شارٹ کورسز پر مقرر ذمہ داراسلامی بہن نے ”نیکیوں کی حرص کیسے پیدا ہو؟“ کے موضوع پر بیان کرتے ہوئے اجتماعِ پاک میں شریک اسلامی بہنوں کو بزرگان دین کےنیکی کرنے کی حرص کے واقعات بیان کئے نیز زیادہ سے زیاده نیکیاں کرنے اور غفلت میں وقت نہ گزرانے کا ذہن دیا۔


اللہ و الے کون ہیں؟

حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسولِ مکرم ﷺ نے فرمایا:

إِنَّ لِلَّهِ أَهْلِينَ مِنَ النَّاسِ

لوگوں میں سے کچھ لوگ ”اللہ والے“ ہیں۔

کسی کے ”اللہ والا“ ہونے کا زبانِ رسالت سے مژدہ ملنا کوئی چھوٹی بات نہیں ہے، پیارے مصطفےٰ ﷺ کی زبان مبارک سے یہ الفاظ سننے کے بعد لوگوں نے سوال کیا:

مَنْ هُمْ يَا رَسُولَ اللهِ؟

یارسول اللہ! وہ کون لوگ ہیں؟

تو ارشاد فرمایا:

أَهْلُ الْقُرْآنِ هُمْ أَهْلُ اللهِ، وَخَاصَّتُهُ

اہل قرآن(یعنی قرآن پاک حفظ كرنے والے ا وراس پر عمل کرنے والے) وہ لوگ ہیں جو اللہ والے ہیں اور وہ اللہ کے خاص بندے ہیں۔(مسند احمد، مسند المکثرین، مسند انس بن مالک، جلد19، صفحہ305، حدیث:12292،النہایۃ لابن اثیر،جلد1، صفحہ83)

الله كے محبوب چار لوگ

حضرت بریدہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا:

إِنَّ اللهَ يُحِبُّ مِنْ أَصْحَابِي أَرْبَعَةً أَخْبَرَنِي أَنَّهُ يُحِبُّهُمْ، وَأَمَرَنِي أَنْ أُحِبَّهُمْ

اللہ کریم میرے صحابہ میں سے چار سے محبت فرماتاہے ، اس نے خبر دی ہے کہ وہ ان سے محبت رکھتا ہے اور مجھے حکم دیا ہے کہ میں بھی ان سے محبت رکھوں۔

قارئین کرام! یوں تو رسول کریم ﷺ کے سبھی صحابہ کرام اللہ رب العزّت کے محبوب بندے ہیں جبھی تو قراٰن کریم میں بھی ان کے لئے” و کلا و عداللہ الحسنیٰ“ ارشاد فرمایا ہے۔ البتہ بعض خاص مواقع پر بعض صحابہ کے لئے خصوصی فرمان بھی جاری ہوئے ہیں، جیسا کہ بی بی خدیجۃ الکبریٰ رضی اللہ عنہا کو اللہ کریم نے سلام بھیجا، بی بی عائشہ کی طہارت پر آیات نازل فرمائیں، جناب ابوبکر کو صدیق و عتیق کا لقب دیا وغیرہ۔

بہر حال جب رسولِ کریم ﷺ نے یہ جملہ ارشاد فرمایا تو صحابہ کرام نے عرض کیا:

مَنْ هُمْ يَا رَسُولَ اللهِ؟

یارسول اللہ! وہ کون لوگ ہیں؟

تو ارشاد فرمایا:

إِنَّ عَلِيًّا مِنْهُمْ، وَأَبُو ذَرٍّ الْغِفَارِيُّ، وَسَلْمَانُ الْفَارِسِيُّ، وَالْمِقْدَادُ بْنُ الْأَسْوَدِ الْكِنْدِيُّ

علی انہی میں سے ہیں اور(بقیہ تین) ابوذرغفاری اور سلمان فارسی اور مقداد بن اسود الکندی ہیں۔(مسند احمد، تتمہ مسند الانصار، حدیث بریدہ اسلمی، جلد38، صفحہ68)

70ہزار امتی بلاحساب داخل جنت

ایک موقع پر رسولِ کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا:

يَدْخُلُ الْجَنَّةَ مِنْ أُمَّتِي سَبْعُونَ أَلْفًا بِغَيْرِ حِسَابٍ

میری امت میں سے 70ہزار لوگ بلاحساب جنت میں داخل ہوں گے۔

قارئین کرام! قیامت کے دن دونوں جہاں کا خالق و مالک دنیا میں کئے گئےسبھی اعمال کا حساب لے گا، وہ ایسا دن ہوگا کہ انبیائے کرام علیہم السلام بھی ربّ کریم کا جلال اور خوف اپنے دلوں پر محسوس کر رہے ہوں گے حالانکہ انبیائے کرام یقینی و حتمی طور پر جانتے ہیں کہ وہ قطعی جنتی ہیں، قیامت کی دن کی یہ کیفیت جاننے والے ہر شخص کے ذہن میں ضرور آتا ہے کہ پتا تو چلے آخر وہ کون ہیں جنہیں بلاحساب داخل جنت کیا جائے گا! رسولِ کریم ﷺ کے اس مبارک فرمان نے سامعین کو متوجہ کردیا تو انہوں نے سوال کیا:

مَنْ هُمْ يَا رَسُولَ اللهِ؟

یارسول اللہ! وہ کون لوگ ہیں؟

تو ارشاد فرمایا:

هُمُ الَّذِينَ لَا يَسْتَرْقُونَ، وَلَا يَكْتَوُونَ، وَلَا يَتَطَيَّرُونَ وَعَلَى رَبِّهِمْ يَتَوَكَّلُونَ۔

وه لوگ جو منتر جنتر نہیں کرتے اور نہ داغتے ہیں اور نہ بدشگونی لیتے ہیں اور اپنے رب تعالیٰ پر توکل و بھروسا رکھتے ہیں۔(صحیح مسلم،کتاب الایمان، صفحہ112، حدیث:525)

شرح بخاری امام قسطلانی میں ہے کہ اس حدیث پاک میں منتر نہ کرنے سے مراد وہ دم وغیرہ ہے جس میں کفریہ یا شرکیہ الفاظ ہوں اور داغنے سے مراد علاج کرتے ہوئے صرف اسی علاج پر بھروسا کرنا اور اللہ پر توکل نہ کرنا ہے۔(ارشادالساری، کتاب الطب، باب من لم یرق، جلد8، صفحہ 396)

اللہ کی خاطر محبت رکھنے والے

رسولِ اکرم نے فرمایا:

إِنَّ مِنْ عِبَادِ اللَّهِ لَأُنَاسًا مَا هُمْ بِأَنْبِيَاءَ، وَلَا شُهَدَاءَ يَغْبِطُهُمُ الْأَنْبِيَاءُ وَالشُّهَدَاءُ يَوْمَ الْقِيَامَةِ، بِمَكَانِهِمْ مِنَ اللَّهِ تَعَالَى

اللہ کے بندوں میں سے کچھ بندے ایسے ہیں جو نہ تو انبیاء ہیں اور نہ ہی شہداء، بلکہ قیامت کے دن اللہ کے نزدیک ان کا مقام دیکھ کر انبیاء وشہدا ء بھی ان پر رشک کریں گے۔

رسولِ کریم ﷺ کے اس فرمان مبارک میں بات ہی ایسی تھی کہ سامعین کو شوق پیدا ہوتا ہے اور وہ ان خوش نصیبوں کے بارے میں جاننے کا تجسس رکھتے ہیں ، چنانچہ صحابہ کرام نے عرض کیا:

يَا رَسُولَ اللَّهِ، تُخْبِرُنَا مَنْ هُمْ

یارسول اللہ! ہمیں خبردیجئے کہ وہ کون لوگ ہوں گے؟

پیارے مصطفےٰ ﷺ نے ارشاد فرمایا:

هُمْ قَوْمٌ تَحَابُّوا بِرُوحِ اللَّهِ عَلَى غَيْرِ أَرْحَامٍ بَيْنَهُمْ، وَلَا أَمْوَالٍ يَتَعَاطَوْنَهَا، فَوَاللَّهِ إِنَّ وُجُوهَهُمْ لَنُورٌ، وَإِنَّهُمْ عَلَى نُورٍ لَا يَخَافُونَ إِذَا خَافَ النَّاسُ، وَلَا يَحْزَنُونَ إِذَا حَزِنَ النَّاسُ

یہ وہ لوگ ہيں جو رشتہ داری یا مال کے لین دین کے سبب نہیں بلکہ صرف اللہ تعالیٰ کے لئے دوسروں سے محبت رکھتے ہیں، اللہ کی قسم!ان کے چہرے نور کے ہوں گے، وہ ایسے نور پر ہوں گے کہ جب لوگ خوفزدہ ہوں گے تو انہیں کوئی خوف نہ ہو گا اور جب لوگ غمزدہ ہوں گے تو انہیں کچھ غم نہ ہوگا۔(سنن ابوداؤد، ابواب الاجارۃ، باب فی الرہن، جلد3، صفحہ402، حدیث:3527)


دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے مرحوم رکن ،محبوبِ عطار حاجی  زم زم عطاری رحمۃ اللہ علیہ کا 21 ذوالقعدۃ الحرام کو یومِ وصال ہے۔ ان کے ایصالِ ثواب کے سلسلے میں آج مجلس ازدیادِ حب کے زیرِ اہتمام کئی مقامات پر ایصالِ ثواب اجتماع کا اہتمام کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق آج رات بعد نمازِ عشاء بلال مسجد نیو کراچی ساڑھے پانچ نمبرسیکٹر 5G میں اجتماعِ پاک ہوگا جس میں رکنِ شوریٰ حاجی علی عطاری سنتوں بھرا بیان فرمائیں گے۔ جامع مسجد الفاروق لال کرتی صدر لاہور کینٹ میں بھی ایصال ثواب اجتماع ہوگاجس میں رکنِ شوریٰ حاجی منصور عطاری سنتوں بھرا بیان فرمائیں گے۔ یہ اجتماعِ پاک عشاء کی نماز کے فوراً بعد شروع ہوگا۔


گزشتہ روز  یکم جولائی 2021ء کو عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں مدرسۃ المدینہ کے ناظمین کے درمیان ٹریننگ سیشن ہوا جس میں دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی محمد علی عطاری نے شرکا کی تربیت فرمائی۔

سیشن میں کراچی بھر سے مدرسۃ المدینہ کے ناظمین نے شرکت کی۔ 

گزشتہ روز شعبہ  رابطہ بالعلماء کے نگران ِ پاکستان مولانا حافظ محمد افضل عطاری مدنی نے گلشن اقبال کراچی میں قائم جامعہ انوار القرآن کا دورہ کیا جہاں جامعہ کے مہتم مولانا ڈاکٹر رضوان نقشبندی صاحب، مولانا صابر نورانی صاحب (ناظم تعلیمات ) ، مفتی اسمعیل نوارانی صاحب (دارالافتاء انوارالقرآن) سے ملاقات کی اور انہیں دعوت اسلامی کا اہم ترین شعبہ اسلامک ریسرچ سینٹر المدینۃالعلمیہ کی نئی کتب کا تعارف کروایا اور آخری نبی کی پیاری سیرت ، اور ماہنامہ فیضان مدینہ تحفے میں پیش کیا۔


دعوت اسلامی کے شعبہ مدنی کورسز کے تحت 28 جون 2021ء کو مدنی مرکز فیضان مدینہ جوہر ٹاؤن لاہور میں 63دن کا مدنی تربیتی کورس کا سلسلہ جاری ہے۔  

دوران کورس 28 جون 2021ء قرآن پاک کی سورتیں مشق کرنے کا سلسلہ ہوا جس میں معلم مدنی کورسز سخی حسین عطاری نے شرکا کو قرآن پاک کی آخری 10 سورتوں کی مشق کروائی۔ (رپورٹ: محمد احمدسیالوی عطاری، رکن مجلس مدنی کورسز)


دعوت اسلامی کے شعبہ مدنی کورسز کے زیر اہتمام 29 جون 2021ء کو جامع مسجد اقصیٰ مین بازار وادی لیپہ ضلع جہلم میں ایک ماہ کا  مشتمل ”فیضان قرآن و حدیث“ کورس کا سلسلہ ہوا جس میں اطراف علاقہ جات کے اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔

کورس میں  مدنی حلقےکا انعقاد کیا گیاجس میں رکن تفتیش شعبہ مدنی کورسز محمد عرفان عطاری نے ”ایمان کی حفاظت“ کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کیا اور دعوت اسلامی کے تحت ہونے والے مختلف کورسز میں شرکت کرنے اور درسِ نظامی کرنے کی ترغیب دلائی۔ (رپورٹ: محمد احمد سیالوی عطاری، رکن مجلس مدنی کورسز)


دعوت اسلامی کے شعبہ مدنی کورسز کے تحت جامع مسجد تلویں، کھوڈہ وادی سون، نوشہرہ میں فیضان نماز کورس کا سلسلہ جاری ہے۔ دوران کورس 28 جون 2021ء کو علاقائی دورہ کا سلسلہ ہوا جس میں جامعۃ المدینہ اور مقامی اسلامی بھائیوں سمیت معلم مدنی کورسز قاری طاہر عطاری  نے شرکت کی۔

اسلامی بھائیوں مسجد کے اطراف میں نیکی کی دعوت عام کی جس میں انہوں نے عاشقان رسول کو نمازوں پابندی کرنے اور اجتماع میں شرکت کرنے کی دعوت دی۔


دعوت اسلامی کے شعبہ معاونت برائے اسلامی بہنیں کے تحت 29 جون 2021ء کو عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں مدنی مشورہ ہوا جس میں متعلقہ شعبے کے ذمہ داران نے شرکت کی۔

رکن ریجن شعبہ معاونت برائے اسلامی بہنیں عرفان عطاری نے اسلامی بہنوں کے مدنی مراکز قائم کرنے، ہر مہینے کابینہ سطح پر دینی کاموں کی کارکردگی جمع کروانے، مدرسۃ المدینہ بالغات کا قیام کرنے، اسلامی بہنوں کے لئے تعویذات عطاریہ کا بستہ لگانے اور اسلامی بہنوں کے گھر تک قربانی کے گوشت تقسیم کرنے کے حوالے سے گفتگو کی۔

واضح رہے کراچی ملیر کابینہ میں اسلامی بہنوں کے لئے دار السنہ کا قیام عمل میں آچکا ہے۔


گزشتہ روز شعبہ  رابطہ بالعلماء کے نگرانِ پاکستان مولانا حافظ محمد افضل عطاری مدنی نے جامعہ حامدیہ رضویہ کا دورہ کیا جہاں جامعہ کے مہتم مولانا حافظ فداء النبی فخری صاحب سے ملاقات کی اور انہیں دعوت اسلامی کے مختلف شعبہ جات کا تعارف پیش کیا جس پر انہوں نے خوشی کا اظہار کیا ۔

مولانا محمد افضل عطاری مدنی نے انہیں عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کا وزٹ کرنے کی دعوت پیش کی جس کو انہوں نے قبول کیا ۔ نگرانِ مجلس نے مکتبۃالمدینہ کی کتاب آخری نبی کی پیاری سیرت اور ماہنامہ فیضان مدینہ انہیں تحفے میں پیش کیا۔ اس موقع پر نگران شعبہ نے وہاں موجود استاذ العلماء حضرت مولانا غلام نبی فخری رحمۃ اللہ علیہ کے مزار پُر انوار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی ۔


دعوت اسلامی کے تعلیمی ادارےجامعۃ المدینہ بوائز علی پور چھٹہ کا نگران کابینہ محمد فیاض عطاری نے دورہ کیا جہاں انہوں نے طلبہ کرام کا مدنی مشورہ لیا۔

نگران کابینہ نے طلبہ کرام کودینی کاموں میں شرکت کرنے اور 12 ماہ کے مدنی قافلے میں سفر کرنے کی ترغیب دلائی جس پر 13 طلبہ نے 12 ماہ کے قافلے کے لئے خود کو پیش کردیا۔


دعوت اسلامی شعبہ ائمہ مساجد کے تحت مدنی مرکز فیضان مدینہ گوجرانوالہ میں مدنی مشورہ ہوا جس میں مساجد ائمہ کرام نے شرکت کی۔

نگران زون محمد یعقوب عطاری نے دینی کاموں کے حوالے سے شرکا کی تربیت کی اور انہیں مقتدیوں کے ساتھ حسنِ اخلاق سے پیش آنے کا ذہن دیا۔