مہمان نوازی کرنا سنتِ مبارکہ ہے، احادیث مبارکہ میں اس کے بہت سے فضائل بیان کئے گئے ہیں۔ ہمارے پیارے آقا ﷺ کا فرمان ہے: جو اللہ اور قیامت کے دن پر ایمان رکھتا ہے تو اسے چاہیے کہ مہمان کا اکرام کرے۔ (بخاری، 4/105، حدیث: 6018)

مہمان باعث خیر و برکت ہے: حضرت انس رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ تاجدارِ مدینہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: جس گھر میں مہمان ہو اس گھر میں خیرو برکت اسی طرح تیزی سے دوڑتی ہے جیسے اونٹ کی کوہان پر چھری، بلکہ اس سے بھی تیز۔ (ابن ماجہ، 4/51، حدیث: 3356)

مہمان کو دروازے تک رخصت کرنا سنت ہے: نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: سنت یہ ہے کہ آدمی مہمان کو دروازے تک رخصت کرنے جائے۔ (ابن ماجہ، 4/52، حدیث: 3358)

مہمان میزبان کے گناہ معاف ہونے کا سبب ہوتا ہے: سرکار مدینہ ﷺ کا فرمان عالیشان ہے: جب کوئی مہمان کسی کے یہاں آتا ہے تو اپنا رزق لے کر آتا ہے اور جب اس کے یہاں سے جاتا ہے تو صاحب خانہ کے گناہ بخشے جانے کا سبب ہوتا ہے۔ (کشف الخفاء، 2/33، حدیث: 1641)

اے ہمارے پیارے اللہ! ہمیں خوش دلی کے ساتھ مہمان نوازی کی توفیق عطا فرما اور بار بار میٹھے میٹھے مدینے کی مہکی مہکی فضاؤں میں میٹھے میٹھے مدنی آقا ﷺ کا مہمان بننے کی سعادت نصیب فرما۔ آمین بجاہ النبی الامین