لغت میں مسجد کا معنیٰ ہےسجدہ گاہ، عبادت کی جگہ اور اصطلاحِ شرع میں مسجد نام ہے اسلامی عبادت گاہ کا یا وہ جگہ جو نماز ‏کیلئے وقف ہو۔مسجد کی عزت و ‏عظمت اور افضلیت و اہمیت مسلمانوں کے نزدیک ایک اہم امر ہے۔

جو مقام اتنا اہم ہے اس کے حقوق کی پاسداری کرنا بھی اتنا ہی اہم ہے، مسجد کے چند حقوق پڑھئے اور عمل کی نیت کیجئے:‏

(1)مسجد کی حاضری کے لئے زینت اختیار کرنا ‏: مسجد کی حاضری کیلئے زینت اختیار کرنے کا تو اللہ پاک نے حکم ارشاد فرمایا ‏ہے: ﴿یٰبَنِیْۤ اٰدَمَ خُذُوْا زِیْنَتَكُمْ عِنْدَ كُلِّ مَسْجِدٍ﴾ ترجَمۂ کنزُالایمان:اے آدم کی اولاد اپنی زینت لو جب مسجد میں جاؤ ‏‏۔ (پ8، الاعراف:31)‏

(2)مسجد کی صفائی رکھنا: مسجد کی صفائی ستھرائی کا خود اللہ پاک نے حکم ارشاد فرمایا: ﴿وَعَهِدْنَاۤ اِلٰۤى اِبْرٰهٖمَ وَاِسْمٰعِیْلَ اَنْ طَهِّرَا ‏بَیْتِیَ لِلطَّآىٕفِیْنَ وَالْعٰكِفِیْنَ وَالرُّكَّعِ السُّجُوْدِ(۱۲۵)﴾ ترجَمۂ کنز الایمان: اور ہم نے تاکید فرمائی ابراہیم و اسمٰعیل کو کہ میرا گھر خوب ‏ستھرا کرو طواف والوں اور اعتکاف والوں اور رکوع و سجود والوں کے لیے۔(پ1، البقرۃ: 125)‏

(3)مسجد خوشبو دار رکھنا: حضرت عائشہ رضی اللہُ عنہا فرماتی ہیں: رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے محلّوں میں مسجدیں بنانے ‏اور انہیں صاف اور خوشبو دار رکھنے کا حکم دیا۔(ابوداؤد، 1/197، ‏حدیث: 455)‏

(4)مسجد کو شور سے بچانا: نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: اپنی مسجدوں کو بچوں، دیوانوں، بدخصلت لوگوں، خرید و ‏فروخت، جھگڑوں، شوروغوغا، حدیں لگانے اور تلواریں کھینچنے سے دور رکھو۔(ابن ماجہ، 1/410، حدیث: 750)‏

(5)مسجد میں نہ ہنسنا: سرکارِ دوعالَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: مسجد میں ہنسنا قبر میں اندھیرا ‏‏(لاتا)ہے‏۔(جامع صغیر، ‏ص322، حدیث: 5231)‏

(6)مسجد کو بد بودار چیزوں سے بچانا:رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: جو لہسن، پیاز اور گندنا (لہسن سے ملتی جلتی ‏ترکاری) کھائے تو وہ ہماری مسجدوں کے قریب نہ آئے کیونکہ فرشتوں کو اس چیز سے تکلیف ہوتی ہے جس سے ‏انسان تکلیف ‏محسوس کرتے ہیں۔‏(دیکھئے: نسائی، ص123، حدیث:704)‏

(7)مسجد میں گمشدہ چیز نہ ڈھونڈنا: جو کسی کو مسجد میں باآواز بلند گمشدہ چیز ڈھونڈتے سُنے تو وہ کہے: اللہ وہ گمشدہ چیز تجھے نہ ‏ملائے کیونکہ مسجدیں اس کام کے لئے نہیں بنائی گئیں۔ ‏(مسلم، ص 224، حدیث: 1260)‏

اللہ پاک ہمیں مسجدوں کو آباد کرنے،ان کے حقوق ادا کرنے،ان کی صفائی ستھرائی کا خیال رکھنے،خوشبودار رکھنے اور ‏مسجدوں کو شور سے بچانے کی توفیق عطا ‏فرمائے۔اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم‏