حدیثِ پاک میں ہے: ہرچیز کا ایک راستہ ہوتا ہے اور جنت کا راستہ علم ہے۔ ایک اور روایت میں آیا ہے: جو طلبِ علم کے لئے کسی راستے پر چلتا ہے تو اللہ پاک اس کے لئے جنت کا راستہ آسان بنا دیتا ہے۔گویااحادیث کی روشنی میں واضح ہو رہا ہے کہ جو جنت کے راستے پرگامزن ہونا چاہے تو اسے چاہئے کہ علمِ دین کے حصول کو اختیار کر لے۔کسی بھی عبادت کو کرنے کے لئے علمِ دین کا ہونا ضروری ہے۔اگرعلم حاصل کر کے اس کے مطابق عبادت کو تمام لوازمات کے ساتھ ادا کیا جائے گا تو ہی عبادت قُربِ الٰہی کا ذریعہ بنے گا۔حدیثِ پاک میں ہے:طلب العلم فریضۃ علی کل مسلم۔علمِ دین حاصل کرنے کے موجودہ دور میں متعدد ذرائع عام ہو چکے ہیں۔دعوتِ اسلامی بھی اشاعتِ علمِ دین میں شب وروز کوشاں ہے، جس کا ایک بہترین ذریعہ ماہنامہ فیضانِ مدینہ بھی ہےجو شائقینِ علمِ دین کے لئے اپنا ایک منفرد مقام رکھتا ہے۔اس ماہنامہ میں کیا ہے؟ آئیے !اس کی ایک جھلک ملاحظہ کیجئے:اس میں مناجات و نعت کے بعد سب سے پہلے مفتیانِ کرام کے قرآن و حدیث پر مشتمل مضامین ہوتے ہیں،جن میں قرآنِ کریم کی آیات، ان کی تفاسیر، شانِ نزول، احادیثِ مبارکہ،ان کی تشریحات اوران سے حاصل ہونے والے اصلاح کے مدنی پھول بیان کئے جاتے ہیں۔اس کے بعد فیضانِ امیر ِاہلِ سنت کے نام سے مضمون شائع کیا جاتا ہےجس میں امیرِ اہلِ سنت دامَتْ بَرَکاتُہمُ العالِیَہ کے مختلف مدنی مذاکروں سے حاصل ہونے والے مختلف مسائل کے حل اور راہ نمائی کے مدنی پھول ہم تک پہنچتے ہیں،اس کے بعد عوام کے مسائل کا شرعی راہ نمائی کی روشنی میں حل اور دارالافتاء اہلِ سنت کے فتاویٰ جات بھی ہوتے ہیں۔متفرق موضوعات کے متعلق بھی اَبحاث اس میں شامل کی جاتی ہیں۔تاجروں کے لئے حصولِ روزگار کے حلال ذرائع، ان کے مسائل کا حل اور ان کی راہ نمائی کے لئے الگ سے کالم اس میں موجود ہے۔ہمارے اسلاف کی مبارک سیرت سے آگاہ کرنے کے لئے ایک کالم بنام بزرگانِ دین کی سیرت بھی شائع کیا جاتا ہے۔حدیثِ پاک میں ہے:”اللہ پاک کو قوی مؤمن، ضعیف مؤمن سے زیادہ پسند ہے۔“انسان کی صحت اس کے لئے قیمتی سرمایہ ہے۔انسان کی صحت اچھی نہ ہو تو عبادات اچھے طریقے سے نہ کر پائے گا اور روز مرہ معمولات بھی متاثر ہوں گے، لہٰذا اس کے لئے ایک کالم بنام صحت و تندرستی شامل ہوتاہے،اس کے ساتھ ساتھ قارئینِ ماہنامہ فیضانِ مدینہ کے تاثرات و تحریریں بھی شامل کی جاتی ہیں ۔دعوتِ اسلامی کی شب وروز کی مصروفیات کی کچھ جھلک پیش کرتے ہوئے دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں بھی شائع کی جاتی ہیں،اس کے علاوہ بچوں کی بہترین تربیت کے لئے بچوں کا الگ سے کالم رکھا گیاہے،جس میں مختلف قسم کی دلچسپ کہانیاں اور قصّے بیان کر کے تربیت کے مدنی پھول اور دعائیں وغیرہ بھی بیان کی جاتی ہیں۔اس میں خواتین کے لئے بھی علیحدہ کالم رکھا گیاہے،جس میں صحابیات و صالحات کی سیرت،اُمورِ خانہ داری اور خواتین کے شرعی مسائل کا حل بیان کیا جاتا ہے،انگلش ریڈرز کے لئے انگلش میں ماہنامہ شائع کیا جاتا ہے۔اس کے علاوہ ویب ایڈیشن کے طور پر خواتین کا الگ سے بھی ماہنامہ جاری کیا جاتا ہے۔

گویا ماہنامہ فیضانِ مدینہ ہر طبقے کے لئے علمِ دین کے حصول کا ایک جامع ذریعہ ہے۔ دعا ہے:

ماہنامہ فیضانِ مدینہ یارب گھر گھر عام ہو عام دنیا بھر میں یا ربّ دین کا پیغام ہو

اللہ کریم دعوتِ اسلامی کی کاوشوں کو قبول فرمائے۔اٰمین بجاہِ النبی الامین صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم