قرآنِ پاک الله پاک کی  وہ آخری اور واحد مکمل کتاب ہے جسے اللہ پاک نے پیارے پیارے آقا، مکی مدنی مصطفیٰ ﷺ پر نازل فرمایا۔ یہ وہ مقدس کتاب ہے جس نے بھٹکی ہوئی انسانیت کو سیدھےراستے کی طرف رہنمائی فرمائی اور بے شمار منکرین ِخدا اور رسول اسی کلام ِمجید کی بدولت اسلام قبول کر کے کائنات کے عظیم رہنما بن گئے۔ یہی وہ کتاب ہے جس کے کروڑوں انسان حفاظ ہیں۔قرآنی آیتوں پر عمل کرنا دونوں جہاں میں سعادت مندی و کامیابی کا ذریعہ ہے۔اس آسمانی کتاب کو دیکھنا، چھونا، پڑھنا سب عبادت ہے۔

قرآن ِپاک کی فضیلت:احادیثِ مبارکہ میں قرآنِ پاک کی بے شمار فضیلتیں ہیں۔ جیسا کہ نبی پاکﷺ نے فرمایا:1- تم میں سے بہترین شخص وہ ہے جو قرآن سیکھے اور دوسروں کو سکھائے۔ (بخاری، 3/410)

2-افضل عبادت قرآنِ پاک کی تلاوت ہے۔(بخاری،حدیث:1)

حضرت سفیان ثوری رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:جب بندہ قرآن پڑھتا ہے تو فرشتہ اس کی دونوں آنکھوں کے درمیان بوسہ دیتا ہے۔

حضرت علی المر تضیٰ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:تین چیزیں قوتِ حافظہ میں اضافہ کرتی اور بلغم کو ختم کرتی ہیں:

1-مسواک کرنا۔2- روزے رکھنا۔3- قرآنِ پاک کی تلاوت کرنا۔

قرآنِ پاک کی ضرورت:دیکھا آپ نے قرآن ِپاک پڑھنے کی کتنی پیاری پیاری فضیلتیں ہیں۔ قرآن کریم تمام عالمین کے لئے شفا اور حمت اور ہدایت و نور ہے۔ جیسا کہ قرآنِ پاک میں ہے: ترجمۂ کنزالایمان: اور ہم قرآن میں اتار تے ہیں وہ چیز جو ایمان والوں کے لئے شفا اور رحمت ہے۔ (پ 15، بنی اسرائیل:22)

ہر بیماری کی دوا قرآنِ پاک میں موجود ہے۔ قرآنِ پاک ہر مسلمان کے لئے مفید ہے۔ قرآنِ پاک دل، بدن اور روح سب کے لئے دوا ہے۔ احادیثِ مبارکہ میں ہے: 1-ایک شخص نبی پاک ﷺ کی خدمت میں حاضر ہو کر عرض گزار ہوا کہ مجھے حلق میں درد ہے تو آپ نے فرمایا:قرآن پڑھنا اختیار کرو۔(شعب الایمان، 2/519،حدیث:2580)

2- بہترین دوا قرآنِ پاک ہے۔

مختلف قرآنی سورتیں پڑھنے کی فضیلت: قرآنِ پاک میں کچھ آیات مختصر ہیں جو خاص امراض اور مصائب کے خاتمے کے لیے ہیں۔ پورا قرآنِ پاک ہی بیماریوں کیلئے شفا اور مصائب و تکالیف میں مشکل کشا ہے۔ قرآنِ پاک کی ہر سورت کی اپنی فضیلت ہے۔ جن میں سے چند سورتوں کے فضائل درج ذیل ہیں:

سورۃ ملک: ہر رات میں پڑھنے والا عذاب قبر سے محفوظ رہے گا۔ سورۃ واقعہ: جو شخص روزانہ پڑھے گا اس کو کبھی فاقہ نہ ہوگا۔ سورۃ العلق: میں جوڑوں کے درد کا علاج ہے۔ سورۃ العصر:پڑھنے سے غم دور ہو جاتا ہے۔ سورۃ القارعہ: پڑھنے سے بلاؤں سے حفاظت رہتی ہے۔سورۃ الرحمن:گیارہ (11) بار پڑھنے سے ہر مقصد پورا ہوتا ہے۔سورۂ یسٓ: اس کو ایک بار پڑھنے سے دس قرآنِ پاک پڑھنے کا ثواب ملتا ہے۔

قرآنِ مجید کے حقوق:قرآنِ پاک کے بہت سے حقوق ہیں۔ قرآنِ پاک کا پہلا حق یہ ہے کہ اس کی تعظیم کی جائے۔ دوسرا اس سےمحبت کی جائے۔ تیسرا اس کی تلاوت کی جائے۔ چو تھا اسے سمجھا جائے۔ پانچواں اس پر ایمان رکھا جائے۔ چھٹا اس پر عمل کیا جائے۔ ساتواں اسے دوسروں تک پہنچایا جائے۔

غلط پڑھنے کاوبال: قرآنِ پاک کے فضائل پربے شمار احادیثِ مبارکہ، قرآنی آیتیں کتب میں موجودہیں مگر یاد رہے کہ یہ فضائل اور اجر و ثواب اسی وقت حاصل ہو سکتے ہیں جب کہ قرآن ِکریم کو درست تلفظ اورصحیح مخارج کے ساتھ پڑھا جائے کیونکہ غلط طریقے پر پڑھنا بجائے ثواب کے وعید و عذاب کا باعث ہے جیسا کہ حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: بہت سے قرآن پڑھنے والے ایسے ہیں کہ (غلط پڑھنے کی وجہ سے) قرآن اُن پر لعنت کرتا ہے۔ (احیاء علوم الدین )

حضرت میسرہ رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: فاسق و فاجر شخص کے پیٹ میں قرآن اجنبی ہے۔

آپ نے پڑھا قرآنِ پاک کو پڑھنے کی بے شمار فضیلتیں ہیں اور غلط پڑھنے کی وعیدیں بھی ہیں۔جن سے حروف ادا نہیں ہوتے انہیں چاہیے کہ دن رات کوشش کریں اس طرح ہم حروف صحیح ادا کرنے میں کامیاب ہو جائیں گی۔ قرآن کو غلط پڑھنے کی وجہ سے ہماری نمازیں بھی برباد ہیں۔ اس لیے ہمیں قرآنِ پاک کو صحیح پڑھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔