خوش اخلاقی کے فوائد

Tue, 25 Feb , 2020
4 years ago

انسان کا خوش اخلاق ہونا یہ اس کی طبیعت کے خوش ہونے کی علامات ہے اور ایسے شخص  سے ملنے والا ہر شخص خوش ہوتا ہے بلکہ بار بار ملنے کی خواہش کرتا ہے، درحقیقت اچھے اخلاق جسم و روح کی زندگی ہے اور دنیاکی زندگی اچھے اخلاق کی پاکیزگی کے سائے تلے گزارنے سے ہی دنیا اور آخرت کی حقیقی کامیابی نصیب ہوگی۔

حضورِ جانِ عالم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے اچھے اخلاق کی پاکیزگی کے لیے جامع تعلیمات ارشاد فرمائیں۔اچھے اخلاق کو اپنانے اور بُرے اخلاق سے اجتناب کرنے کی ہدایات فرمائیں حضور صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کسی کام کے کرنے کا فرمائیں تو اس میں ضرور بہت حکمتیں اور فوائد پوشیدہ ہوتے ہیں۔

حدیث پاک میں ہے کہ مکارم اخلاق اہل جنت کے اعمال میں سے ہیں۔

اگر آج دورِ حاضر کو دیکھا جائے تو لوگ آپس میں خوش اخلاقی سے نہیں ملتے بلکہ ایک دوسرے سے دل میں بغض و کینہ رکھتے ہیں، جب کہ خوش اخلاقی کے بارے میں حضور پاک صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم نےارشاد فرمایا ہے کہ ایک مومن بندہ اپنے اچھے اخلا ق کی وجہ سے ان لوگوں کا درجہ حاصل کرلیتا ہے، کہ جو رات بھر نفلی نمازیں پڑھنے اور ہمیشہ دن کو روزہ رکھنے والے ہیں۔ (ابو داؤد)

اگر ہم چاہیں تو اچھے اخلاق اپنا کر بہت کچھ حاصل کرسکتے ہیں، چنانچہ الحدیث میزانِ عمل میں حسنِ اخلاق سے وزنی کوئی اور عمل نہیں۔(الاد ب المفرد، باب حسن الخلق)