خوش اخلاقی کے فوائد 

Tue, 25 Feb , 2020
4 years ago

ہر انسان کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ لوگ اس کی شخصیت سے متاثِّر ہوں..  وہ سب سے مُنفرِد اور یکتا نظر آئے.. لوگ اس کی مثالیں دیا کریں.. اس کی عادات کو follow کریں.. معاشرے میں اسے قدر و اہمیت کی نگاہ سے دیکھا جائے۔ یقیناً آپ کی بھی یہی خواہش ہوگی۔

یاد رکھیں! معاشرے میں بیان کردہ تمام نعمتیں اسی شخص کو حاصل ہوتی ہیں جس میں خوش اخلاقی ہوتی ہے۔ خوش اخلاقی سے مراد ہے کہ جب انسان بات کرے تو اس کے لہجے میں نرمی ہو.. محبت بھرا انداز ہو.. بُردباری اور صبر سے کام لیتا ہو.. عاجزی کا پیکر ہو.. چہرے پر مسکراہٹ سجی رہے.. بڑوں کے ساتھ ادب و احترام اور چھوٹوں کے ساتھ شفقت کا برتاؤ کرے.. نفرت کا جواب محبت سے دے۔

خوش اخلاقی کے اہم ترین "6" فوائد مندرجہ ذیل ہیں:(1. 2) اسلام نے مسلمانوں کو حسنِ اخلاق اپنانے کی بہت زیادہ ترغیب دی ہے: چنانچہ حضرت ابو درداء رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ سے روایت ہے ،رسولِ کریم صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: ’’میزانِ عمل میں حسنِ اخلاق سے زیادہ وزنی کوئی چیز نہیں ۔( ابو داؤد، کتاب الادب، باب فی حسن الخلق، ۴ / ۳۳۲، الحدیث: ۴۷۹۹، دار احیاء التراث العربی، ١۴۲١ھ)

حضرت عبداللّٰہ بن عمرو رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُمَا سے روایت ہے، خَاتَمُ النَّبِیین صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ نے تین مرتبہ یہ ارشاد فرمایا’’کیا میں تمہیں اس شخص کے بارے میں نہ بتاؤں جو قیامت کے دن تم میں سب سے زیادہ مجھے محبوب اور سب سے زیادہ میری مجلس کے قریب ہو گا۔ہم نے عرض کی: یا رسولَ اللّٰہ! صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ، کیوں نہیں ! ارشاد فرمایا’’یہ وہ شخص ہو گا جس کے اَخلاق تم میں سب سے زیادہ اچھے ہوں گے ۔( مسند امام احمد، مسند عبد اللّٰہ بن عمرو بن العاص، ۲ / ۶۷۹، الحدیث: ۷۰۵۶، دار الفکر بیروت٬ ١۴١۴ھ)

ذرا غور کیجئے! کہ اس سے بڑھ کر خوش اخلاقی کا اور کیا فائدہ ہو سکتا ہے؟؟ کہ اس کے اپنانے سے میزانِ عمل میں نیکیوں کا پلڑا بھی بھاری ہوجائے اور قیامت کے ہولناک دن میں نبی اکرم صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ کی عظیم قُربت بھی حاصل ہو جائے۔

ایک ماہرِ نفسیات کا قول ہے:

(3) زندگی میں کامیابی کا جتنا تعلق انسان کی فطری اور ذاتی صلاحیتوں سے ہوتا ہے اتنا ہی اس کے اچھے اخلاق و کردار سے بھی ہوتا ہے۔ جس کے اخلاق اچھے نہ ہوں اسے کامیابی کی منزل تک پہنچنے میں کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

(4) خوش اخلاقی کیوجہ سے انسان ہمیشہ پُر سکون رہتا ہے۔

(5) ایک تحقیق کے مطابق خوش اخلاقی کے سبب عمر میں اضافہ ہوتا ہے۔

(6) ماہرین کے بَقول عظیم تہذیبوں کے انحطاط اور قوموں کی تباہی کی وجہ صرف ان کا اقتصادی زوال نہیں تھا.. بلکہ اس کے ساتھ ساتھ اخلاقی سرمائے کی کمی ان کی بربادی کا سب سے بڑا سبب بنی۔

المختصر یہ کہ خوش اخلاقی ایک فرد سے لیکر فیملی تک اور خاندان سے لیکر معاشرے تک سب کے اطمینان و سکون اور کامیابی کے لئے یکساں فائدے مند ہے۔