ساجد علی عطاری (درجہ سابعہ جامعۃ المدینہ فیضان
بغداد کراچی کورنگی کراچی
انسان فطری طور پر دنیا میں پیش
آنے والے خطرات سے خوف محسوس کرتا اور غم زدہ ہوتا ہے تو جس طرح دنیا میں انسان کو
خوف و غم کی فکر لاحق ہوتی ہے اسی طرح ایک کامل مؤمن کو آخرت میں پیش آنے والی
ہولناکیوں کے متعلق خوف و غم رہتا ہے اور بندہ مؤمن اس آخرت کے خوف و غم سےامن
پانے کی کوشش میں لگا رہتا ہے اس کے لیے کوششیں کرتا رہتا ہے لیکن اللہ تعالیٰ کے
کچھ ایسے مقبول بندے بھی ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ نے اپنے پاک کلام، قرآن مجید میں
آخرت کے خوف اور قیامت کی گھبراہٹ سے نجات کی نوید سنائی ہے ،یہاں چند وہ آیات مبارکہ
بیان کی جاتی ہیں جن میں اللہ تعالیٰ نے اپنے کامل بندوں، اپنے اولیاءکرام اور ایمان
پر ثابت قدم رہنے والوں کو قیامت کی بڑی گھبراہٹوں اور آخرت کی ہولناکیوں سے نجات
کی بشارت عطا فرمائی ہے :
(1) ہدایتِ الہی کی پیروی کرنے والوں کےلیے خوف و غم سے امن کی بشارت: فَمَنْ تَبِـعَ هُدَایَ فَلَا خَوْفٌ عَلَیْهِمْ وَ لَا هُمْ یَحْزَنُوْنَ(۳۸)
ترجمۂ کنزالعرفان: تو جو میری
ہدایت کی پیروی کریں گے انہیں نہ کوئی خوف ہوگا اور نہ وہ غمگین ہوں گے ۔ (پ1 ، البقرۃ:38)
اس آیت مبارکہ میں ہدایتِ الہٰی
کے پیروکاروں کیلئے بشارت ہے کہ انہیں نہ تو قیامت کی بڑی گھبراہٹ کا خوف ہوگا اور
نہ وہ غمگین ہوں گے بلکہ بے غم جنت میں داخل ہوں گے۔
(2) رضائے الٰہی کی خاطر مال خرچ کرنے والوں کے لیے خوف و
غم سے امن کی بشارت: اَلَّذِیْنَ
یُنْفِقُوْنَ اَمْوَالَهُمْ فِیْ سَبِیْلِ اللّٰهِ ثُمَّ لَا یُتْبِعُوْنَ مَاۤ
اَنْفَقُوْا مَنًّا وَّ لَاۤ اَذًىۙ-لَّهُمْ اَجْرُهُمْ عِنْدَ رَبِّهِمْۚ-وَ لَا
خَوْفٌ عَلَیْهِمْ وَ لَا هُمْ یَحْزَنُوْنَ(۲۶۲) ترجمۂ کنزُالعِرفان: وہ لوگ جو اپنے مال اللہ کی راہ میں
خرچ کرتے ہیں پھر اپنے خرچ کرنے کے بعد نہ احسان جتاتے ہیں اور نہ تکلیف دیتے ہیں
ان کا انعام ان کے رب کے پاس ہے اور ان پر نہ کوئی خوف ہوگا اور نہ وہ غمگین ہوں
گے۔ (پ3، البقرۃ:262)
(3) پرہیزگاروں اور نیک عمل کرنے والوں کو آخرت کے خوف و غم
سے امن ملے گا: یٰبَنِیْۤ اٰدَمَ اِمَّا یَاْتِیَنَّكُمْ
رُسُلٌ مِّنْكُمْ یَقُصُّوْنَ عَلَیْكُمْ اٰیٰتِیْۙ-فَمَنِ اتَّقٰى وَ اَصْلَحَ
فَلَا خَوْفٌ عَلَیْهِمْ وَ لَا هُمْ یَحْزَنُوْنَ(۳۵)
ترجمہ کنز العرفان: اے آدم کی اولاد! اگر تمہارے پاس تم میں سے وہ
رسول تشریف لائیں جو تمہارے سامنے میری آیتوں کی تلاوت کریں تو جو پرہیزگاری اختیار
کرے گا اور اپنی اصلاح کرلے گا تو ان پر نہ کچھ خوف ہوگا اور نہ وہ غمگین ہوں گے۔
(پ8، الاعراف:35)
اس آیت میں اولادِ آدم سے خطاب
ہے کہ اے اولادِ آدم! تمہارے پاس تم میں سے ہی رسول تشریف لائیں گے جو تمہیں اللہ
عَزَّوَجَلَّ کی کتاب پڑھ کر سنائیں گے اُسے سن کرجو پرہیزگاری اختیار کرے گا اور
ممنوعات سے بچتے ہوئے عبادت و اطاعت کا راستہ اختیار کرے گا تو قیامت کے دن اس پر
اللہ عَزَّوَجَلَّ کے عذا ب کا نہ کچھ خوف ہوگا اور نہ وہ دنیا میں کچھ چھوڑ دینے
کی وجہ سے غمگین ہوگا بلکہ قیامت کے دن حسب ِ مرتبہ اللہ عَزَّوَجَلَّ کے فضل و
کرم سے بہرہ وَر ہوں گے ۔(تفسیر صراط الجنان، جلد 3 ، ص310 مکتبۃ المدینہ )
(4) توحید پر ثابت قدم رہنے والوں کے لیے خوف و غم سے امن کی
بشارت: اِنَّ الَّذِیْنَ قَالُوْا
رَبُّنَا اللّٰهُ ثُمَّ اسْتَقَامُوْا فَلَا خَوْفٌ عَلَیْهِمْ وَ لَا هُمْ یَحْزَنُوْنَۚ(۱۳)
ترجمۂ کنزُالعِرفان: بیشک جنہوں نے کہا ہمارا رب اللہ
ہے پھر اس پر ثابت قدم رہے تو نہ ان پر خوف ہے اورنہ وہ غمگین ہوں گے۔ (پ26، الاحقاف:13)
اس آیت میں توحید پر ثابت قدم
رہنے والوں کو اللہ تعالیٰ نے یہ بشارت عطا فرمائی ہے کہ ایسے لوگوں کو نہ تو قیامت
میں کوئی خوف ہوگا اور نہ ہی موت کے وقت غمگین ہوں گے ۔
(5) اولیاء کرام رحمہم اللہ کو قیامت کے دن نہ کوئی خوف
ہوگا نہ کوئی غم: اَلَاۤ اِنَّ اَوْلِیَآءَ
اللّٰهِ لَا خَوْفٌ عَلَیْهِمْ وَ لَا هُمْ یَحْزَنُوْنَۚۖ(۶۲) ترجمہ کنز العرفان:سن لو! بیشک ا للہ کے ولیوں پر نہ کچھ خوف ہوگا
اور نہ وہ غمگین ہوں گے۔ (پ11، یونس:62)
اس آیت مبارکہ میں واضح طور پر
اولیاء کرام رحمہم اللہ کی شان بیان کی گئی ہے اور یہ بشارت اللہ پاک نے عطا فرمائی
ہے کہ انہیں نہ تو قیامت کے دن کوئی خوف ہوگا اور نہ ہی یہ غمگین ہوں گے ۔
پیارے اسلامی بھائیو! مذکورہ
فرامین باری تعالیٰ پڑھ کر یقیناً دل میں یہ اُمنگ پیدا ہوئی ہوگی کہ کاش ہمارا بھی
ان نیک لوگوں میں شمار ہو اور ہم بھی قیامت کے دن کی ہولناکیوں سے نجات پا جائیں
تو اس کے لیے ہمیں چاہیے کہ اللہ پاک کے دیئے گئے احکامات پر عمل پیرا ہوں اور خوب
اعمال صالحہ کر کے ان نیک لوگوں کی فہرست میں شامل ہو جائیں ۔
اللہ تعالیٰ کی رحمت سے امید
کرتے ہوئے یہ سوال کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ ہمیں بھی ان نیک لوگوں کی فہرست میں
شامل فرمائے اور دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں قیامت کی ہولناکیوں اور گھبراہٹوں سے
نجات عطا فرمائے ۔ آمین بجاہ خاتم النبیین ﷺ
Dawateislami