خاتونِ جنت حضورِ پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی لختِ جگر ، حضرت فاطمۃ الزہرہ رضی اللہ عنہا عنہ کی زندگی ہر خصوصیت کی جامع ہے اور ان کی زندگی ہماری خواتین کے لئے بہترین مشعلِ راہ ہے،  جس کو فالو(follow) کرکے ہم اپنی دنیا کو بھی سنوار سکتے ہیں اور آخرت میں بھی سُرخرو کرسکتے ہیں۔

پیاری پیاری اسلامی بہنو! ان کی زندگی کا ہر پہلو لا تعدادخصائص کا جامع ہے، ان کی عبادت، ان کی ریاضت، گھریلو کام کاج، بچوں کی تربیت، شوہر کی خدمت ہر پہلو ہی لاجواب ہے۔

حضرت بی بی فاطمہ زہرا رضی اللہ عنہا نہایت ہی عبادت گزار خاتون تھیں، جس کی وجہ سے آپ کا لقب عابدہ بنا، آپ کو نماز انتہائی محبوب تھی، آپ پوری پوری رات اللہ عزوجل کی عبادت میں گزار دیتیں۔

چنانچہ حضرت علامہ شیخ عبدالحق محدث دہلوی علیہ رحمۃ اللہ مدارج النبوۃ میں نقل فرماتے ہیں:حضرت سیدنا اِمام حسن رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں"میں نے اپنی والدہ ماجدہ حضرت سیّدتنا فاطمہ رضی اللہ عنہا کو دیکھا کہ آپ (بسااوقات) گھر کی مسجد کے محراب میں رات بھر نماز میں مشغول رہتیں، یہاں تک کہ صبح ہو جاتی۔"( شانِ خا تونِ جنت، ص 77)

پیاری پیاری اسلامی بہنو! ہم اپنی زندگی کو اگر دیکھیں تو نوافل کہاں، ہم تو فرائض بھی ادا نہیں کرتی۔

سوال: کیا ہم حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا سے عشق نہیں رکھتیں؟

بالکل رکھتی ہیں، تو کیا ان کی زندگی کو ہمیں فالو نہیں کرنا چاہئے، آپ بھی بچوں والی تھیں، بچوں کو آپ نے ایک عظیم ماں بن کر پالا اور اپنے ربّ کو ہمیشہ یاد رکھا، آج کل کی مائیں یوں کہتی ہیں کہ بچے پڑھنے نہیں دیتے تو یاد رکھئے!نماز کسی صورت معاف نہیں، حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کی زندگی کو مشعلِ راہ بنائیں، اپنی اولادکی بھی تربیت کیجئے اور عبادت کو بھی ذوق و شوق کے ساتھ کیجئے۔اللہ پاک ہم سب کو حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کی زندگی کو اپنانے کی سعادت نصیب فرمائے۔آمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ وسلم