حضرت سیّدتنا فاطمۃ الزہرا رضی اللہ عنہا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سب سے چھوٹی،  لاڈلی شہزادی ہیں، آپ رضی اللہ عنہا فاتحِ خیبر، شیرِ خدا حضرت سیّدنا مولا علی مشکل کشا، علی المرتضی رضی اللہ عنہ کی زوجہ محترمہ اور جنتی خواتین کی سردار ہیں، آپ نہایت عبادت گزار، متقی اور پاک باز خاتون تھیں، اس لئے آپ کو عابدہ، زاہدہ اور طاہرہ بھی کہا جاتا ہے، آپ رضی اللہ عنہا اخلاق و آداب، گفتارو کردار میں نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم سے بہت مشابہت رکھتی تھیں۔

آپ کے پردے کا یہ عالم تھا کہ آپ کو یہ تشویش تھی کہ عمر بھر غیر مردوں کی نظروں سے چھپا ہے اب کہیں وفات کے بعد میری کفن پوش لاش میں لوگوں کی نظر نہ پڑ جائے، ایک موقع پر حضرت سیّدتنا اسماء بنت بن عمیس رضی اللہ عنہا نے کہا کہ میں نے حبشہ میں دیکھا ہے کہ جنازےپر درخت کی شاخیں باندھ کر ایک ڈولی کی صورت بنا دی جاتی ہے، پھر سیّدتنا عمیس نے کھجور کی شاخیں منگواکر اسے جوڑا اور اس پر کپڑا ڈال دیا، اس پر سیّدہ فاطمۃ الزہرا رضی اللہ عنہا بہت زیادہ خوش ہوئیں۔( جذب القلوب مترجم، 231)

سیدہ فاطمہ کی سیرت ہماری بہنوں اور بیٹیوں کے لئے کامل اکمل نمونہ ہیں اس بے حیائی کے ماحول میں جبکہ میڈیا بے لگام ہے سوشل میڈیا قیامت ڈھا رہا ہے، آنکھوں سے حیا اڑ گئی ہے،سوچوں میں آوارگی آگئی ہے، لباس سمٹ سمٹ کر بالکل واجبی سا رہ گیا ہے، اور حیا قصہ پارینہ بن گیا ہے، اڑھتے ہوئے آنچل لہراتے ہوئے دوپٹے اور بکھرے ہوئے بالوں نے حیا کا جنازہ نکال دیا ہے۔ہمیں چاہیے کہ ہم سیدہ فاطمہ کی سیرت کو مشعل راہ بنائیں۔

مذراء تسلیم راہ حاصل بتول

مادراء اسوہ کامل بتول

"تسلیم کی کھیتی کا جو حاصل ہے پھل ہے، وہ سیدنا فاطمہ ہیں اور ماؤں کے لئے کامل نمونہ سیدنا فاطمہ رضی اللہ عنہا ہیں۔

یاد رکھیں عورت کا دائرہ کار گھر ہے، چاردیواری ہے، اس چاردیواری کے ماحول کو خوشگوار رکھیں، سیدنا فاطمہ رضی اللہ عنہا کی سیرت ماؤں، بہنوں، بیٹیوں کے لئے کامل نمونہ ہے، اللہ تعالی ان کے نقوش پاک کی برکتیں، ان کے وجود سے وابستہ رحمتیں ہماری ماں، بیٹیوں اور بہنوں کو نصیب فرما، اے اللہ ہمیں اسوہ رسول پر گامزن کر دے۔آمین