نبی پاک صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی لاڈلی شہزادی سیدہ خاتون جنت بی بی فاطمہ رضی اللہُ عنہا صورت میں تو ہم شبیہ مصطفی تھین لیکن آپ سیرت مین بھی سیرت مصطفی کا مظہر تھین ۔

آئیے آپ رضی اللہ عنہا کی سیرت مبارکہ کے چند پہلوؤں کو درس نصیحت حاصل کرنےکے لئے رقم کیا جاتا ہے۔ ملاحظہ فرمائیں۔

1۔ خاتون جنت کا ذوق عبادت :

خاتون جنت رضی اللہ عنہا جنتی عورتوں کی سردار ہونے کے باجود اس قدر اللہ پاک کی عبادت کا شوق و ذوق رکھا کرتی تھیں کہ ساری ساری رات آپ اپنے رب سے محبت کی بناء پر عبادت میں مصروف رہتی تھیں ۔

چنانچہ حضرت سیدنا حسن رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں : میں نے اپنی والدہ حضرت سیدنا فاطمہ رضی اللہُ عنہا کو دیکھا آپ رضی اللہ عنہا (بسا اوقات) گھر کی مسجد کے محراب میں رات بھر نماز میں مشغول رہتیں یہاں تک کہ صبح طلوع ہوجاتی ۔

( مدارج النبوة، ج 2 ، ص623، شان خاتون جنت، ص 76۔ 77 )

2۔ خاتون جنت کا عشق رسول :

کہا جاتا ہے جو جس سے محبت کرتا ہے وہ اسکی ہر چیز میں copy کرتا ہے خواہ کھانا پینا ہو یا اٹھنا بیٹھنا الغرض ہر چیز میں محبوب کی ہر ادا کو follow کرتا ہے تو خاتون جنت کو مخلوق میں نبی پاک سے زیادہ کسی اور سے محبت نہیں تھی اسی لیے تو انکا اٹھنا ،بیٹھنا، آنا ،جانا سب نبی پاک کی طرح ہوتا تھا۔

چنانچہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی صاحبزادی سیدہ فاطمہ سے بڑھ کر کسی کو عادات و اطوار ، سیرت و کردار ، نشست و برخاست میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے مشابہت رکھنے والا نہیں دیکھا ۔ ( شان خاتون جنت ، ص 114 )

3۔ صداقت خاتون جنت :

سیدہ خاتون جنت نے اللہ کے آخری نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی صداقت کا کیا خوب فیض پایا کہ وہ ہستی جن کا لقب خود صدیقہ ہے وہ آپکی صداقت کی گواہی دیتی نظر آتی ہیں۔ چنانچہ حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ میں نے حضرت فاطمہ سے سچا انکے والد کے علاوہ کسی اور کو نہیں دیکھا ۔( شان خاتون ،جنت ص 131)

4۔ خاتون جنت کی حیاء :

خاتون جنت رضی اللہ عنہا ایسی کامل حیاء دار تھیں کہ رہتی دنیا تک آپکی حیا کی مثالیں دی جاتی رہیں گی ۔ آپ کے دنیا میں بے مثل و لاجواب پردہ کرنے کی برکت سے رب العالمین بروز محشر بھی آپکے پردے کی لاج رکھے گا ۔

چنانچہ امام جلال الدین سیوطی رحمۃُ اللہِ علیہ نے امیر المومنین مولی علی رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت کی ہے کہ اللہ کے آخری نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے: جب قیامت کا دن ہوگا تو ایک منادی ندا کرے گا اے اہل مجمع !! اپنی نگاہیں جھکا لو تاکہ فاطمہ بنت محمد صلی اللہ علیہ وسلم پل صراط سے گزرے ۔

محترم قارئین کرام! سیدہ خاتون جنت کی سیرت مبارکہ ہم تمام مسلمانوں بالخصوص اسلامی بہنوں کے لئے مشعلہ راہ ہے آئیے ہم سب یہ نیت کرتے ہیں کہ آپکی سیرت کو پڑھیں گے بھی اور اس پر عمل بھی کریں گے ۔

اللہ پاک ہم سب کو خاتون جنت رضی اللہ عنہا کی سیرت مبارکہ پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم