دینِ اسلام کے بنیادی عقائد میں سے ایک عقیدہ یہ ہے کہ اللہ
پاک نے نبوت و رسالت کا سلسلہ محمد مصطفی صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم پر ختم فرما دیا ہے، آپ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کے بعد کسی طرح کا
کوئی نبی، کوئی رسول نہ آیا ہے، نہ آ سکتا ہے اور نہ آئے گا، اس عقیدے سے انکار کرنے والا یا اس میں ذرا
برابر شک اور تردّد کرنے والا دائرہ اِسلام سے خارج ہے۔
ارشاد باری تعالی ہے:مَا کانَ مُحَمَّدٌ اَبَاۤ اَحَدٍ مِّنْ رِّجَالِکمْ وَ
لٰکنْ رَّسُوْلَ اللّٰہ وَ خَاتَمَ النَّبِیّٖنَ ؕ-وَ کانَ اللّٰہ بِکلِّ شَیْءٍ عَلِیْمًا ۠
ترجمہ:محمد صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم تمہارے مردوں میں سے کسی کے باپ نہیں ہیں، لیکن وہ اللہ کے رسول ہیں اور سب انبیاء کے آخر
میں ہیں اور اللہ ہر چیز کا خوب علم رکھنے والا ہے۔(پ 22، الاحزاب:40)
خاتم النبین:
تفاسیر اور اقوالِ مفسرین کی روشنی میں خاتم النبیین کا معنی
آخری نبی ہے۔
بذریعہ احادیثِ مبارکہ ختمِ نبوت کے دلائل:
1۔بے شک رسالت اور
نبوت ختم ہوگئی، اب میرے بعد نہ کوئی رسول ہے، نہ کوئی نبی۔(ترمذی،4/121، حدیث2279)
2۔اے لوگو!بے شک میرے بعد کوئی نبی نہیں اور تمہارے بعد کوئی
اُمّت نہیں۔(معجم کبیر، ج8، ص115، حدیث7535)
3۔میری اور مجھ سے پہلے انبیاء کی مثال ایسی ہے، جیسے کسی شخص نے ایک حسین و جمیل گھر بنایا، مگر اس
کے ایک کونے میں ایک اینٹ کی جگہ چھوڑ دی، لوگ اس کے گرد گھومنے لگے اور تعجب سے کہنے لگے
کہ اس نے یہ اینٹ کیوں نہ رکھی؟میں(قصرِ نبوت کی)وہ اینٹ ہوں اور میں خاتم النبیین ہوں۔(مسلم، صفحہ 965، حدیث
5961)
4۔بیشک میں اللہ تعالی کے حضور لوحِ محفوظ میں خاتم النبیین(لکھا
ہوا) تھا، جب حضرت آدم علیہ السلام ابھی اپنی مٹی میں گُندھے ہوئے تھے۔(کنزالاعمال، جزء:6،11/188، حدیث 31957)
5۔میرے متعدد نام ہیں، میں محمد ہوں، میں احمد ہوں، میں ماحی ہوں کہ اللہ تعالی میرے سبب سے کُفر
مٹاتا ہے، میں حاشر ہوں کہ میرے قدموں پر لوگوں کا حشر ہوگا، میں عاقب ہوں اور عاقب وہ جس کے بعد کوئی نبی نہیں۔(ترمذی،4/382، حدیث2849)
ضروری وضاحت:
قیامت سے پہلے حضرت
عیسیٰ علیہ السلام کا دنیا میں دوبارہ تشریف لانا ختمِ نبوت کے خلاف نہیں ہے، امام جلالُ الدّین سیوطی رحمۃ اللہ علیہ نقل فرماتے ہیں:جب
حضرت عیسی علیہ السلام نازل ہوں گے تو رحمت عالم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کے نائب کے طور پر آپ کی شریعت کے مطابق حکم فرمائیں گے، نیز آپ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی اِتباع کرنے والوں اور آپ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی اُمّت میں سے ہوں گے۔(خصائص کبری،2/239)
نہیں ہے اور نہ ہوگا بعد آقا کے نبی کوئی
وہ ہیں شاہِ رُسل، ختمِ نبوت اس کو کہتے ہیں
لگا کر پُشت پر مہرِ نبوت حق تعالی نے
انہیں آخر میں بھیجا، خاتمیت اس کو کہتے ہیں
(قبالہ بخشش، ص115)