جنت کیسی ہے؟

Mon, 1 Jun , 2020
4 years ago

جنت ایک عقلوں کو حیران کردینے والا بہت بڑا گھر ہے جس کو اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کے لیے بنایا ہے اس کی دیوار سونے چاندی کی اینٹوں کی اور مشک کے گارے سے بنی ہے زمین زعفران او عنبر کی ہے کنکریوں کی جگہ موتی اور جواہرات ہیں اس میں جنتیوں کے رہنے کے لیے نہایت خوبصورت ہیرے جواہرات اور موتی کے بڑے بڑے محل اور خیمے ہیں، جنت میں سو درجے ہیں اور ہر درجے کی چوڑائی اتنی ہے جتنی زمین سے آسمان تک، دروازے اتنے چوڑے ہیں کہ ایک بازو سے دوسرے بازو تک تیز گھوڑا ستر برس میں پہنچے، جنت میں طرح طرح کے میوے ، پھل، دودھ، شراب اور اچھے اچھے کھانے، بڑھیا بڑھیاکپڑے جو دنیا میں کبھی کسی کو نصیب نہیں ہوئے وہ جنتیوں کو دیئے جائیں گے، جنت کی شراب میں نہ بو ہے اور نہ نشہ ہر طرف طرح طرح کے گھنے شاداب اور سایہ دار درختوں کے باغ ہیں اور ان باغوں میں شیریں پانی، نفیس دودھ، عمدہ شہد اور شراب طہور کی نہریں ہیں یہ چاروں نہریں ایک ہی حوض میں گررہی ہیں، اسے حوض کوثر کہتے ہیں یہ آقا صلی اللہ علیہ وسلم کو دیا گیا، اس حوض کا پانی ہر جنتی کے گھر کے نیچے سے گزرتا ہے قسم قسم کے بہترین کھانے اور طرح طرح کے پھل فروٹ صاف ستھرے اور چمکدار برتنوں میں تیار رکھے ہیں، اعلیٰ درجے کی ریشمی لباس اور ستاروں سے بڑھ کر چمکتے اور جگمگاتے ہوئے چاندی اور سونے، موتی اور جواہرات کے زیورات، اونچے اونچے جڑاؤ تخت ان پر غالیچے اور چاندنیاں اور مسندیں لگی ہوئی ہیں، خدمت میں صاف ستھرے غلمان ( کم سن غلام) اور صحبت کے لیے حوریں ملیں گی جو اتنی خوبصورت ہوں گی کہ اگر کوئی ان میں سے دنیا کی طرف جھانکے تو اس کی چمک اور خوبصورتی سے ساری دنیا کے لوگ بے ہوش ہوجائیں عیش و نشاط کے لیے جنت میں عورتیں اور حوریں ہیں جو بے انتہا حسین و خوبصورت ہیں، خدمت کے لیے خوبصورت لڑکے چاروں طرف دست بستہ ہر وقت حاضر ہیں البتہ جنت میں ہر قسم کی بے شمار نعمتیں راحتیں ہیں اور جنت کی ہر نعمتیں اس قدر بے مثال اور اتنی بے نظیر ہیں کہ نہ کبھی کسی آنکھ نے دیکھانہ کسی کان نے سنا اور نہ کسی کے دل میں اس کا خیال گزرا ، جنتی لوگ بلا روک ٹوک اور نہ کسی کے دل میں اس کا خیال گزرا، جنتی لوگ بلا روک ٹوک کہ ان تمام نعمتوں سے اور لذتوں سے لطف اندوز ہوں گے اوران تمام نعمتوں سے بڑھ کر جنت میں سب سے بڑی نعمت یہ ملے گی کہ جنت میں جنتیوں کو خداوندِ قدوس عزوجل کا دیدار نصیب ہوگا، بہشت میں نہ نیند ہے نہ بیماری نہ کوئی مرض ہوگا نہ بڑھاپا آئے گا نہ ہی کبھی موت آئے گی بلکہ ہر طرح کا آرام ہوگا اورہر خواہش پوری ہوگی جنتی ہمیشہ ہمیشہ جنت میں رہیں گے اور ہمیشہ تندرست اور جوان ہی رہیں گے جنتی ہر قسم کی فکر سے آزاد ہوں گے اور رنج و غم کی زحمتوں سے محفوظ رہیں گے ہمیشہ ہر دم اور ہر قدم پر شادمانی اور مسرت کی فضاؤں میں شادو آباد رہیں گے ہر طرح کی نعمتوں سے اور ہر طرح کی لذتوں سے لطف اندوز محظوظ ہوتے رہیں گے۔

(حوالہ قانون شریعت)