جنت کیسی ہے؟

Mon, 1 Jun , 2020
3 years ago

جنت ایک مکان ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ایمان والوں کے لیے بنایا ہے اس میں وہ نعمتیں ہیں جن کو نہ آنکھوں نے دیکھا نہ کانوں نے سنا نہ کسی کی سوچ اس کا احاطہ کرسکتی ہے۔

جنت کا نقشہ:

جنت میں قسم قسم کے جواہر کے محل ہیں، ایسے صاف وشفاف کہ اندر کا حصہ باہر سے اور باہر کا اندر سے دکھائی دیتا ہے، جنت کی دیواریں سونےاور چاندی کی اینٹوں اور مشک کے گارے سے بنی ہیں، جنت میں چار دریاہیں، ایک پانی کا، دوسرا دودھ کا ، تیسرا شہد کا اور چوتھا شراب کا۔ پھر ان میں سے پانی نکل کر ایک ایک مکان میں جاری ہے، جنت کی نہریں زمین کھود کر نہیں بہتیں بلکہ زمین کے اوپر اوپر رواں ہیں۔

(بہار شریعت)

جنت کی وسعت:

جنت کتنی وسیع ہے اس کو اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم ہی جانیں، اجمالی بیان یہ ہے کہ اس میں 100 درجے ہیں، ہر دو درجوں میں اتنی مسافت جتنی آسمانوں زمین میں ہے، البتہ ایک حدیث ترمذی کی یہ ہے۔

”اگر تمام عالم ایک درجے میں جمع ہو تو سب کے لیے وسیع ہے۔“

پھر بھی جانے والوں کی وہ کثرت ہوگی کہ مونڈھے سے مونڈھا چھیلتا ہوگا۔

بہار جاوداں میں مسکراتے پھول کلیوں کی

دھنک رنگوں کےآئینوں میں شبنم کے قطروں کی

مہکتی ان فضاؤں اور گھنے ان سب درختوں کی

بنی جو سوچ سے بالا اسی جنت کو پانا ہے

جنت کے کھانے:

جنتیوں کو جنت میں ہر قسم کے لذیز سے لذیذ کھانے ملیں گے جو چاہیں گے فوراً ان کے سامنے موجود ہوگا، جتنا کھاتے جائیں گے لذت میں کمی نہ ہوگی بلکہ زیادتی ہوگی، ہر نوالے میں 70مزے ہوں گے ہر مزہ دوسرےسے ممتاز۔

جنت کی حوریں:

روایت سے ثابت ہے:

اگر حور اپنی ہتھیلی آسمان و زمین کے درمیان نکالے تو اس کے حسن کی وجہ سے خلائق فتنے میں پڑ جائیں اور اگر اپنا ڈوپٹہ ظاہر کرے تو اس کی خوبصورتی کے آگے آفتاب ایسا ہوجائے جیسے آفتاب کے سامنے چراغ ۔

جنتیوں کو دیدارِ الٰہی:

جنتیوں سے دنیا کی ایک ہفتے کی مقدار کے بعد اللہ عزوجل فرمائے گا۔

کچھ اور چاہتے ہو جو میں تم کو دوں؟ عرض کریں گے:

تو نے ہمارا منھ روشن کیا، جنت میں داخل کیا، جہنم سے نجات دی،

اس وقت پردہ کہ مخلوق پر تھا اٹھایا جائے گا تو دیدارِ الٰہی سے بڑھ کر انہیں کوئی چیز نہ ملی ہوگی۔

رب عزوجل جنت کے باغوں میں سے ایک باغ میں تجلی فرمائے گااور ان جنتیوں کے لیے منبر بچھائے جائیں گے، نور کے منبر، موتی کے منبر، یاقوت کے منبر، زبر جد کے منبر، سونے کے منبر، چاندی کے منبر ، ان میں ادنیٰ مشک و کافور کے ٹیلے پر بیٹھے گا، اللہ عزوجل فرمائے گا:

”جاؤ اس کی طرف جو میں نے تمھارے لئے تیار کررکھی ہے جو چاہو لو۔“

میری یارب تمنا ہے مجھے جنت میں آنا ہے

تلے عرش بریں اک خوبصورت گھر بسانا ہے

اللہ عزوجل ہمیں جنت میں لے جانے والے اعمال پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہم سب کو جنت میں حضور مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کا پڑوس نصیب فرمائے۔

آمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم

(بہارشریعت)