ماہِ رمضان تمام مہینوں میں سب سے بابرکت اور باعظمت مہینا ہے۔ اس مہینے میں شیاطین کو جکڑ لیا جاتا ہے۔ جنت کے دروازے کھول دیئے جاتے اور جہنم کے دروازے بند کر دیئے جاتے ہیں۔اس مبارک مہینے میں مسلمان کثرت سے عبادت کرتے اور رحمتِ الٰہی کے حق دار بنتے ہیں۔حضور ﷺ آمدِ رمضان سے پہلے ہی اس کی تیاری شروع فرما دیتے اور اپنے اصحاب رضی اللہ عنہم کو اس کی ترغیب دلاتے تاکہ وہ بھی اس مبارک مہینے کی برکتوں سے فیض یاب ہوں ۔

نماز کی کثرت:حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں: جب ماہِ رمضان تشریف لاتا تو حضور اکرم، نورِ مجسم ﷺ کا رنگ مبارک تبدیل ہو جاتا،آپ کی نماز زیادہ ہو جاتی اور خوب دُعا ئیں مانگتے ۔(شُعَبُ الْایمان، 3/310،حدیث:3625 )علامہ عبدالرؤف مناوی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:( رنگ اس لیے تبدیل ہو جاتا)کہ کہیں کوئی ایسا عارضہ لاحق نہ ہو جائے جس کی وجہ سے حقِّ عبودیت میں کمی ہو۔

(فیض القدیر،5/168،تحت حدیث:: 6681)

قید سے رہائی:حضرت ابنِ عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں: جب ماہِ رمضان تشریف لاتاتو سرکارِ مدینہ ﷺ ہر قیدی کو رہا کر دیتے اور ہر سائل کو عطا فرماتے۔(شعب الایمان،3/311، حدیث: 3629 )

حکیم الامت حضرت مفتی احمد یار خان رحمۃ اللہ علیہ بیان کردہ حدیثِ پاک کے حصےہر قیدی کو رہا کر دیتے کے تحت مرآۃالمناجیح،جلد 3 صفحہ 142 پر فرماتے ہیں: حق یہ ہے کہ یہاں قیدی سے مراد وہ شخص ہے جو حق اللہ یا حق العبد میں گرفتار ہو اور آزاد فرمانے سے اس کے حق ادا کر دینا یا کرا دینا مراد ہے۔

کمر بند کس لیتے:حضرت عائشہ صدیقہ طیبہ طاہرہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں:نبیِ پاک ﷺ جب رمضان شریف کا مہینا تشریف لاتا تو اپنی کمر بند کس لیتے۔آپ بستر پر آرام کے لیے تشریف نہ لاتے تھے حتی کہ رمضان گزر جاتا ۔( مسلم،ص462،حدیث: 2787)

رمضان میں سخاوت:حضرت عبداللہ ابنِ عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں:رسول اللہ ﷺ لوگوں میں سب سے بڑھ کر سخی تھے اور رمضان شریف میں آپ بہت زیادہ سخاوت فرماتے تھے۔جبرائیلِ امین علیہ السلام رمضان المبارک کی ہر رات میں ملاقات کے لیے حاضر ہوتے اور رسولِ کریم ﷺ ان کے ساتھ قرآن ِمجید کا دور فرماتے۔جب بھی جبرائیل علیہ السلام آپ کی خدمت میں حاضر ہوتے تو آپ تیز چلنے والی ہوا سے بھی زیادہ خیر( یعنی بھلائی) کے معاملے میں سخاوت فرماتے۔( بخاری ،1/ حدیث:6)

ہاتھ اٹھا کر ایک ٹکڑا اے کریم! ہیں سخی کے مال میں حقدار ہم

(حدائق بخشش، ص 83)

اللہ پاک سے دعا ہے کہ وہ ہمیں حضور ﷺ کی سیرتِ مبارکہ پر عمل کرتے ہوئے رمضان نیکیوں کے ساتھ گزارنے کی توفیق عطا فرمائے۔اٰمین