حضور ﷺ کی صدیق اکبر سے محبت از بنت شبیر احمد، E1 بلاک جوہر ٹاؤن لاہور
آپ کا نام عبد اللہ بن عثمان ہے۔ آپ کی کنیت ابو بکر، لقب
عتیق اور صدیق ہے۔ آپ عام الفیل کے اڑھائی سال کے بعد اور سرکار ﷺ کی ولادت کے دو
سال اور چند ماہ بعدپیدا ہوئے۔ آپ چھ ماہ شکم مادر میں رہے اور دو سال اپنی والدہ
کا دودھ پیا۔ آپ کی جائے پرورش مکہ مکرمہ ہے۔آپ صرف تجارت کی غرض سے باہر تشریف لے
جاتے۔ آپ اپنی قوم میں بڑے مالدار بامروت، حسن اخلاق کے مالک اور نہایت ہی عزت و
شرف والے تھے۔
صدیق اکبر سے حضور کی محبت:
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ابو بکر سے محبت کرنا اور ان کا شکر
ادا کرنا میری پوری امت پر واجب ہے۔ (تاریخ الخلفاء، ص 44)
یار غار محبوب خدا: نبی کریم ﷺ نے ابو بکر الصدیق سے فرمایا: غار ثور میں تم میرے ساتھ رہے اور
حوض کوثر پر بھی تم میرے ساتھ رہوگے۔ (ترمذی،5 / 378 ،حدیث: 3690)
بیان ہو کس زبان سے مرتبہ صدیق اکبر کا ہیں یار غار،محبوب
خدا صدیق اکبر کا
بابِ صدیق پر بارانِ نور: حضرت مقدام سے روایت ہے کہ ابو بکر صدیق سے حضرت عقیل بن ابی طالب نے کچھ سخت کلامی کی مگر ابو بکر صدیق نے نبی کریم ﷺ کی قرابت داری کا خیال کرتے ہوئے
حضرت عقیل بن ابی طالب کو کچھ نہیں کہا
اور نبی کریم ﷺ کی خدمت میں سارا واقعہ بیان کیا۔ابو بکر صدیق سے پورا ماجرا سن کر نبی کریم ﷺ مجلس میں کھڑے
ہوئے اور فرمایا: اے لوگو سن لو!میرے دوست کو میرے لئے چھوڑ دو تمہار ی کیا حیثیت
ہے؟اور ان کی کیا حیثیت ہے؟تمہیں کچھ معلوم ہے؟خدا کی قسم!تم لوگوں کے دروازے پر
اندھیرا ہے مگر ابو بکر کے دروازے پر نور کی بارش ہورہی ہے خدا کی قسم!تم لوگوں نے
مجھے جھٹلایا اور ابو بکر نے میری تصدیق کی تم لوگوں نے مال خرچ کرنے میں بخل سے
کام لیا ابو بکر نے میرے لئے اپنا مال خرچ کیا اور تم لوگوں نے میری مدد نہیں کی
مگر ابو بکر نے میری غمخواری کی اور میری اتباع کی۔ (تاریخ الخلفاء، ص 41)
حاصل کلام: اس سے حضور ﷺ کی صدیق اکبر سے محبت ظاہر ہوتی ہے، آپ کی محبت کا اندازہ اس بات
سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ آپ یارغار و یار
مزار ہیں اور بروز قیامت بھی اس حال میں تشریف لائیں گے کہ صدیق اکبر کا ہاتھ آپ ﷺکے
ہاتھ میں ہوگا۔حضور نے ان کی جتنی مدح و توصیف بیان فرمائی ہے کسی اور صحابی کی
نہیں کی۔آپ فقط رسول خدا ﷺکے نہیں بلکہ
خود خدا تعالیٰ کے بھی محبوب بندے ہیں کہ پورا عالم خدا کی رضا چاہتا ہے اور خدا
آپ کی رضا چاہتا ہے۔
سبھی اصحاب سے بڑھ کر مقرب ذات ہے ان کی رفیقِ سرورِ ارض و سما
صدیق اکبر ہیں