حضرت ابو بکر صدیق کا اسم گرامی عبد اللہ ہے آپ کا نسب حضور ﷺ کے نسب پاک سے مرہ میں ملتا ہے آپ کا لقب عتیق اور صدیق ہے۔

محبت صدیق اکبر کی جھلکیاں حدیث مبارکہ سے:

حضرت عائشہ صدیقہ سے روایت ہے کہ وہ فرماتی ہیں کہ ایک روز میں مکان میں تھی اور رسول اللہ ﷺ اور آپ کے اصحاب صحن میں تھے میرے اور ان کے درمیان پردہ پڑا تھا حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ تشریف لائے تو حضور انور ﷺ نے فرمایا: جس کو عتیق من النار کو دیکھنا اچھا معلوم ہو تو وہ ابو بکر کو دیکھے اس روز سے آپ کا لقب عتیق ہوا۔ (مسند یعلی، 4/272، حدیث:4878)

دار قطنی و حاکم ابو یعلیٰ سے روایت ہے کہ میں شمار نہیں کر سکتا کتنی مرتبہ میں نے علی المرتضی رضی اللہ عنہ کو بر سر منبر یہ فرماتے سنا ہے کہ اللہ پاکٰ نے اپنے نبی کی زبان پر ابو بکر کا نام صدیق رکھا۔ (تاریخ الخلفاء، ص 23)

حضور ﷺ کی محبت نماز میں بھی: ابن ابو خیشمہ نے یہ سند صحیح زید بن ارقم سے روایت کی کہ سب سے پہلے حضور ﷺ کے ساتھ نماز پڑھنے والے صدیق اکبر ہیں۔ (فصل فی اسلام، ص 25)

حضور ﷺ کی آپ رضی اللہ عنہ سے محبت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ آپ رضی اللہ عنہ اپنے ایمان لانے سے لے کر تادم آخر تک حضور ﷺ کی صحبت سے فیض یاب رہے تمام مشاہدات میں حضور انور ﷺ کے ساتھ حاضر رہے حضور ﷺ کے ساتھ ہجرت کی اور اپنے اہل وعیال کو خدا اور رسول کی محبت کے لئے چھوڑ دیا اسلام لانے کے وقت آپ کے پاس 40ہزار دینار تھے جو اسلام کی حمایت میں خرچ فرمائے۔

حضور ﷺ فرماتے ہیں کہ ہم پر کسی شخص کا احسان نہ رہا ہم نے سب کا بدلہ کردیا سوائے ابو بکر کے کہ ان کا بدلہ اللہ روز قیامت عطاء فرمائے گا اور مجھے کسی کے مال نے وہ نفع نہیں دیا جو ابو بکر کے مال نے دیا۔ (ترمذی،5/374،حدیث:3681)

صدیق اکبر کی فضیلت: اہلسنت کا اجماع ہے کہ انبیاء علیہم السلام کے بعد تمام عالم میں افضل ابو بکر صدیق ہیں

حضرت ابو بکر صدیق کی شان میں بکثرت آیتیں نازل ہوئی جن سے آپ رضی اللہ عنہ کے فضائل جلیلہ معلوم ہوتے ہیں۔

فضیلت بزبان مصطفی ﷺ: ترمذی میں حضرت ابن عمر سے روایت ہے کہ حضور ﷺ نے صدیق اکبر سے فرمایا: تم میرے صاحب ہو کوثر پر اور تم میرے صاحب ہو غار میں۔ (ترمذی،5 / 378 ،حدیث: 3690)

رسول کی محبت اور بغض صدیق: رسول اکرم ﷺ کے لئے سب سے بہتر ابو بکر وعمر ہیں ایک دل میں حضور ﷺ کی محبت اور ابو بکر و عمر کا بغض جمع نہیں ہو سکتا کیونکہ حضور ﷺ کو ابو بکر سے محبت ہے۔

حضور ﷺ کا ظاہری پردہ فرمانے کے بعد بھی آپ رضی اللہ عنہ سے محبت کا یہ عالم تھا کہ آپ حضور ﷺ کے مبارک قدموں میں مدفون ہوئے۔ سبحان اللہ کتنے خوش نصیب ہیں صدیق اکبر خود صحابی،والد صحابی، بیٹے صحابی،پوتے صحابی اور بیٹی ام المومنین ہے۔

زہے نصیب صدیق اکبر کے کہ حضور اکرم ﷺ نے آپ کی شان میں فرمایا: صدیق اکبر صحابہ میں سب سے اعلیٰ واذکیٰ ہیں۔