اللہ کریم کے آخری نبی ﷺ کو نمازسے بہت محبت تھی،آپ نے نماز کو اپنی آنکھوں کی ٹھنڈک فرمایا۔ (معجم کبیر،20 / 420،حدیث:1012)جب نماز کا وقت ہوتاتو آقاکریم ﷺ حضرت بلال رضی اللہ عنہ سے فرماتے:قُمْ یا بِلَالُ فَاَرِحْنَا بِالصَّلَاۃِاے بلال!اٹھو اور ہمیں نماز سے راحت پہنچاؤ۔

(ابوداود،4 / 385،حدیث:4986)

1-حضرت عمران بن حصین رضی اللہ عنہ نے فرمایا:اُنہوں نے حضرت علی رضی اللہ عنہ کے ساتھ بصرہ میں نماز پڑھی تو اُنہوں نے ہمیں وہ نماز یاد کروا دی جو ہم رسول اللہ ﷺ کے ساتھ پڑھا کرتے تھے۔ بتایا کہ آپ جب بھی اُٹھتے اور جھکتے تو تکبیر کہا کرتے تھے۔(بخاری،1/271،حدیث:751)(مسند بزار9/ 26، حدیث:3532)(سنن کبری للبیہقی،2 / 68،حدیث:2326)

2-حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور نبی اکرم ﷺ،حضرت ابو بکر اور حضرت عمر رضی اللہ عنہما نماز کوالْحَمْدُ لِلَّهِ رَبِّ الْعَالَمِينَسے شروع کیا کرتے تھے۔

(بخاری،1/259،حدیث: 710)( سنن ماثورہ،1 / 135تا138)

3-حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کہتے ہیں:میں نے رسول کریم ﷺ سے سوال کیا:اعمال میں سے اللہ کے نزدیک کون سا عمل محبوب ہے؟آپ نے فرمایا:وقت کے اندر نماز پڑھنا۔

(بخاری،1/194،حدیث:527)

4-حضرت علی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول الله ﷺکی آخری بات(انتقال کے موقع پر)یہ تھی کہ نماز کا خیال رکھنا،نماز کا خیال رکھنا۔(ابوداود،ص1600،حدیث: 5156)

5-ام المومنین حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں جب سرکار مدینہ ﷺ کی بارگاہ میں سخت بیماری حاضر ہوئی حضرت بلال رضی اللہ عنہ آپ ﷺ کو نماز کی اطلاع دینے کے لیے حاضر ہوئے تو آپ نے ارشاد فرمایا:ابوبکر سے کہو کہ وہ لوگوں کو جماعت کروائے پھر حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ نماز پڑھانے میں مشغول تھے تو اتنے میں سرکار ﷺ نے مبارک طبیعت میں کچھ بہتری محسوس کی اور دو صحابہ کو سہارے کی سعادت عطا فرما کر مسجد کی جانب تشریف لے چلے، آپ ﷺکے مبارک قدم زمین پر لگ رہے تھے حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ نے آپ ﷺ کے مبارک قدموں کی آہٹ محسوس کی تو پیچھے ہٹنے لگے آپ ﷺ نے ان کو اشارہ کیا کہ پیچھے نہ ہٹیں پھر آپ ﷺ صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کے قلب کی جانب بیٹھ گئے،صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کھڑے ہو کر اور حضور ﷺ بیٹھ کر نماز پڑھ رہے تھے صدیق اکبر رضی اللہ عنہ حضور کی اقتدا میں نماز پڑھ رہے تھے اور لوگ صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کے پیچھے نماز پڑھ رہے تھے ۔

(بخاری،1/284،حدیث:713ملخصاً)

آپ نے پڑھا کہ حضور ﷺ کی نماز سے کیسی محبت تھی کہ بیمار ہونے کے باوجود نماز نہیں چھوڑی! امتی کو بھی نماز ادا کرنی چاہیے۔اللہ پاک پابندی کے ساتھ نمازادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین