حضور
کی خاتون جنت سے محبت از بنت طاہر حسین، جامعۃ المدینہ معراج کے سیالکوٹ
ہمارے پیارے
اور آخری نبی ﷺ کی سب سے چھوٹی اور لاڈلی شہزادی،خاتون جنت حضرت سیّدہ فاطمۃ الزہرا
رضی اللہ عنہا ہیں۔
ہمارے پیارے
نبی ﷺ کو حضرت فاطمۃ الزہراء رضی اللہ عنہا سے بے پناہ محبت تھی جس کا اندازہ حضرت
عمر رضی اللہ عنہ کے اس فرمان مبارک سے لگایا جاسکتا ہے کہ مسلمانوں کے دوسرے
خلیفہ حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ ایک بار بی بی فاطمہ رضی اللہ عنہا کے ہاں گئے
تو فرمایا:اے فاطمہ اللہ کی قسم!آپ سے بڑھ کر میں نے کسی کو حضور اکرم ﷺ کا محبوب
یعنی پسندیدہ نہیں دیکھا اور خدا کی قسم!آپ کے والد محترم کے بعد لوگوں میں کوئی
بھی مجھے آپ سے بڑھ کر عزیز و پیارا نہیں۔ (مستدرک للحاکم، 4/139، حدیث:4789)
حضور ﷺ کی
حضرت فاطمۃ الزہرا رضی اللہ عنہا سے محبت کا اندازہ درج ذیل احادیث کریمہ سے بھی
لگایا جاسکتا ہے:
والد فاطمہ ﷺ نے
ارشاد فرمایا: فاطمہ رضی اللہ عنہا میرے جسم کا حصہ (ٹکڑا) ہے جو اسے ناگوار وہ
مجھے ناگوار،جو اسے پسند وہ مجھے پسند روز قیامت سوائے میرے نسب، میرے سبب اور
میرے ازدواجی رشتوں کے تمام تعلقات منقطع (یعنی ختم) ہو جائیں گے۔ (مستدرک للحاکم،
4/144، حدیث: 4801)
حضرت عائشہ
صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ میں نے اخلاق،چال ڈھال اور بات چیت میں فاطمۃ عفیفہ
رضی اللہ عنہا سے بڑھ کر کسی کو حضور ﷺ سے مشابہ نہیں دیکھا اور جب حضرت فاطمۃ الزہراء
رضی اللہ عنہا حاضر ہوتیں تو پیارے آقا ﷺ آپ رضی اللہ عنہا کے (استقبال) کے لیے
کھڑے ہو جاتے، ان کے ہاتھ تھام کر بوسہ دیتے اور انہیں اپنی جگہ بٹھاتے۔ (ابو
داود، 4/454، حدیث: 5217)
حضور انور ﷺ نے
ارشاد فرمایا: فاطمہ میرا ٹکڑا ہےجس نے انہیں ناراض کیا اس نے مجھے ناراض کیا اور
ایک روایت میں ہے کہ ان کی پریشانی میری پریشانی اور ان کی تکلیف میری تکلیف ہے۔ (مسلم،
ص 1021، حدیث: 6307)
سیدہ،زاہرہ،
طیبہ، طاہرہ جان احمد کی راحت پہ
لاکھوں سلام
خوش نصیب ہیں
وہ لوگ جو اہل بیت اطہار علیہم الرضوان سے محبت کرتے ہیں اور اللہ و رسول کی رضا
پاتے ہیں کیونکہ شاہ ہردوسرا ﷺ کو خوش کرنے والی چیز حضرت فاطمۃ الزہراء اور آل فاطمۃ
الزہراء رضی اللہ عنہم کی محبت ہے اور جسے خوش قسمتی سے رسول پاک ﷺ کی رضا حاصل
ہوگئی اسے رب العالمین کی رضا مل گئی۔
جو
جانا خلد میں ہو پائے زاہرہ سے لپٹ جاؤ
جسے
کہتے ہیں جنت ملک ہے خاتون جنت کا
اللہ پاک ہمیں
خاتون جنت،سیدہ فاطمۃ الزہراء رضی اللہ عنہا کے نقش قدم پر چلنا نصیب فرمائے۔ آمین
بجاہ النبی الامین ﷺ