حضور
کی خاتون جنت سے محبت از بنت طارق محمود، فیضان ام عطار گلبہارسیالکوٹ
الله پاک کے
پیارے محبوب ﷺ کی شہزادیوں میں سے آپ کی سب سے پیاری اور لاڈلی شہزادی حضرت فاطمۃ الزہرا
رضی الله عنہا ہیں۔
رسول
الله ﷺ کے جگر کا ٹکڑا: سرکار ﷺ کا فرمان عالیشان ہے: فاطمہ میرے جگر کا
ٹکڑا ہے۔ (بخاری، 2/538، حدیث:3714)
حضرت
فاطمہ کو آتا دیکھ کر کھڑے ہو جانا: حضور نبی اکرم ﷺ جب سیدہ فاطمۃ الزہراہ
رضی الله عنہا کو آتے ہوئے دیکھتے تو انہیں خوش آمدید کہتے پھر ان کی خاطر کھڑے ہو
جاتے انہیں بوسہ دیتے ان کا ہاتھ پکڑ کر لاتے اور انہیں اپنی نشست پر بٹھا لیتے۔ (بخاری،
2/507، حدیث: 3623)
حضور
کو زیادہ پیارا کون؟ ایک بار اماں عائشہ صدیقہ رضی الله سے کسی نے سوال
کیا۔حضور ﷺ کو کون زیادہ محبوب تھا؟ فرمایا: فاطمہ، پوچھا مردوں میں ؟ فرمایا: ان
کے شوہر حضرت علی رضی الله عنہ۔ (ترمذی، 5/468، حدیث: 3900)
حضرت
فاطمہ کی ناراضگی حضور کی ناراضگی ہے: حضرت
مسور بن مخرمہ رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے فرمایا: فاطمہ میرے
جسم کا ٹکڑا ہے پس جس نے اسے ناراض کیا اس نے مجھے ناراض کیا۔ (مسلم، ص 1021،
حدیث: 6307)
سفر
سے آتے جاتے گفتگو فرماتے: حضرت عبد الله بن عمر رضی الله عنہما
سے روایت ہے حضور نبی اکرم ﷺ جب سفر کا ارادہ فرماتے تو اپنے اہل و عیال میں سے سب
کے بعد جس سے گفتگو کر کے سفر پر روانہ ہوتے وہ سیدہ فاطمۃ الزہراہ ہوتیں، اور سفر
سے واپسی پر سب سے پہلے جس کے پاس تشریف لاتے وہ بھی حضرت فاطمۃ الزہراہ ہی ہوتیں
اور یہ کہ حضور نبی اکرم ﷺ سیدہ فاطمۃ الزہراہ سے فرماتے:فاطمہ! میرے ماں باپ تجھ
پر قربان ہوں۔ (مستدرك للحاكم، 4/141، حدیث: 4792)
الغرض حضور ﷺ
کو اپنی تمام شہزادیوں سے بے پناہ محبت تھی اور آپ نے ان کی ہر طرح سے تعلیم و
تربیت فرمائی۔نیز بیٹیوں کی تعلیم و تربیت اور حسن اخلاق کے بارے میں جو خوشخبریاں
دیں اسے عملاً بھی کر کے دکھایا۔
مصطفیٰ
کی بیٹیوں پر گفتکو ہم کیا کریں رحمت
و فضل خدا ہے مصطفیٰ کی بیٹیاں
الله رب العزت
سے دعا ہے کہ ہمیں آقائے دو جہاں ﷺ اور ان کی آل اولاد کا عشق عطا فرمائے۔ اور ان
کی محبت سے ہمارے دلوں کو ایمان کی نورانیت سے منوّر کر دے۔