مصطفی کریم ﷺ کا فرمان ہے کہ فاطمہ میرے جسم کا حصہ(ٹکڑا) ہے جو اسے ناگوار وہ مجھے ناگوار جو اسے پسند وہ مجھے پسند۔ (مستدرک للحاکم،  4/144، حدیث: 4801) اس حدیث پاک میں مصطفی کریم ﷺ اپنی پیاری صاحبزادی فاطمہ سے محبت کا اظہار فرما رہے ہیں مصطفی کریم ﷺ کی اس حدیث سے صاف ظاہر ہو رہا ہے کہ مصطفی کریم ﷺ اپنی پیاری صاحبزادی سے کس قدر محبت فرماتے ہیں کہ فاطمہ کی ناراضگی کو اپنی ناراضگی قرار دے کر اور فاطمہ کے راضی ہو نے کواپنی رضا قرار دے کر ایک عمدہ مثال قائم کر دی۔

مصطفی کریم ﷺ کا اپنی صاحبزادی سے محبت کا بڑا خوبصورت انداز تھا کہ جب فاطمۃ الزہرا تشریف لاتیں تو حضور ﷺ کھڑے ہو کر ان کا استقبال فرماتے اپنی جگہ چھوڑ کر آگے بڑھ کربوسہ دیتے اور اپنی جگہ پر بیٹھا لیتے، چنانچہ سیدہ عائشہ صدیقہ فرماتی ہیں کہ فاطمہ اس طرح چلتی ہوئی آئیں گویا کہ مصطفی کریم ﷺ ہیں تو مصطفی کریم ﷺ نے فرمایا: خوش آمدید اے میری بچی! پھر آپ نے انہیں اپنی دائیں یا بائیں جانب بیٹھا لیا۔ (بخاری، 2/507، حدیث: 3623)

اسی طرح جب مصطفی کریم ﷺ سفر پر جانے کا ارادہ فرماتے تو سب خاندان اور عزیز و اقارب سے ملنے کے بعد آخر میں اپنی صاحبزادی سے ملاقات فرماتے اور جب واپس تشریف لاتے تو سب سے پہلے اپنی صاحبزادی سے ملاقات فرماتے۔ (مستدرك للحاكم، 4/141، حدیث: 4792)

ایک مرتبہ حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم نے نکاح کا ارادہ فرمایا مصطفی جان رحمت ﷺ نے منبر پر ارشاد فرمایا: بنی ہشام بن مغیرہ نے اپنی بیٹی کا حضرت علی سے رشتہ کرنے کی مجھ سے اجازت مانگی، میں انہیں اجازت نہیں دیتا دوبارہ میں اجازت نہیں دیتا سہ بار میں اجازت نہیں دیتا۔ چونکہ حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم کانکاح کرنا سیدہ پاک کو ناگوار گزارتا اس لیے مصطفی کریم ﷺ نے اجازت نہیں دی تو حضرت علی نے بھی سیدہ پاک کی ظاہری حیات مبارکہ میں دوسرا نکاح نہ کیا۔

سبحان اللہ! مصطفی کریم ﷺ کا اپنی صاحبزادی سے محبت کا کیا ہی خوبصورت انداز تھا، مصطفی کریم ﷺ کی اپنی صاحبزادی سے محبت سب پر ظاہر تھی چنانچہ مروی ہے کہ نبی کریم ﷺ کو عورتوں میں سب سے زیادہ محبت فاطمہ سے تھی اور مردوں میں حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم سے محبت تھی۔ (ترمذی، 5/468، حدیث: 3900)

الغرض مصطفی کریم ﷺ خاتون جنت سیدہ پاک سے بے حد محبت فرماتے تھے حضور ﷺ کی سیدہ پاک سے محبت کی کئی روایات ہے جو ہمارے لیے اس مختصر سی تحریر میں بیان کرنا ممکن نہیں ہے۔

اس کے لیے مکتبۃ المدینہ کی شائع کردہ کتاب شان خاتون جنت کا مطالعہ کیجئے۔

اللہ کریم ہمیں حضور ﷺ کی اور اہل بیت کی سچی پکی محبت عطا فرمائے اور ہمارا خاتمہ بالخیر فرمائے۔ آمین