حضور
کی خاتون جنت سے محبت از بنت محمد انور، فیضان ام عطار شفیع کا بھٹہ سیالکوٹ
اللہ نے انسان
کو دنیا میں بھیجا تو ساتھ ہی بہت سے خوب صورت رشتے اس کے ساتھ منسلک کر دیئے،
جیسے والدین، بہن بھائی، زوجین وغیرہ۔ ان ہی رشتوں میں سے ایک انمول رشتہ، باپ اور
بیٹی کا بھی ہے۔ ایک دور وہ بھی تھا، جب بیٹی کو باپ کے لیے ذلّت و رسوائی کی
علامت سمجھا جاتا، اسے زندہ درگور کر دیا جاتا تھا۔ پھر اسلام کی آمد اور نبی
کریم ﷺ کی تعلیمات نے بیٹی کو رحمت کا درجہ عطا کیا،تو آپ ﷺکےاپنی صاحب زادیوں سے
بہترین، اعلیٰ ترین حسن سلوک سے باپ، بیٹی کے رشتے کو تمام تر رشتوں میں ایک بہت
پیارے اور معتبر و محترم رشتے کا اعزاز حاصل ہوگیا۔
آئیے پیاری
پیاری اسلامی بہنو! ممدوحۂ کائنات رضی اللہ عنہا کے فضائل اور ان سےحضورﷺ کی محبت
ملاحظہ کیجئے:
سیدہ خدیجہ
الکبری کی نور نظر سیدہ فاطمۃ الزہرا رضی اللہ عنہا کی شان والا کےبارے میں حضور
نبی رحمت دو عالم ﷺ نے ارشاد فرمایا: تمہارے غضب سے غضب الٰہی ہوتا ہے اور تمہاری
رضا سے رضائے الٰہی۔ (مستدرک للحاکم،4/137، حدیث:4783)
ایک حدیث
مبارکہ میں فرمایا: فاطمہ میرے جسم کا ٹکڑا ہے جو اسے ناگوار، وہ مجھے ناگوار جو
اسے پسند وہ مجھے پسند، روز قیامت سوائے میرے نسب، میرے سبب اور میرے ازدواجی
رشتوں کے تمام نسب منقطع (یعنی ختم) ہو جائیں گے۔ (مستدرک للحاکم، 4/144،
حدیث: 4801)
فاطمہ تمام
جہانوں کی عورتوں اور سب جنّتی عورتوں کی سردار ہیں۔ مزید فرمایا: فاطمہ میرا ٹکڑا
ہے جس نے اسے ناراض کیا اس نے مجھے ناراض کیا۔ اور ایک روایت میں ہے: ان کی
پریشانی میری پریشانی اور ان کی تکلیف میری تکلیف ہے۔ (مشکوۃ المصابیح، 2/436،
حدیث: 6139)
عائشہ صدیقہ
رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں:میں نے نبی ﷺ کی عادات و اطوار، آپ کے اٹھنے بیٹھنے کی
پروقارکیفیت اور سیرت میں فاطمہ سے زیادہ کوئی نہیں دیکھا، جب وہ نبی ﷺ کے پاس
تشریف لاتیں تو آپ ان کے لئے کھڑے ہو جاتے پھر ان کا بوسہ لے کر اپنی جگہ بٹھاتے
تھے اور جب نبی ﷺ ان کے پاس تشریف لے جاتے تو وہ اپنی جگہ سے اٹھ کر آپ کا بوسہ
لیتیں اور آپ کو اپنی جگہ بٹھاتی تھیں۔ (ابو داود، 4/454، حدیث: 5217)
نبی کریم ﷺ کی
اپنی لخت جگر سے بہت محبت و شفقت کا عالم یہ تھا کہ جب کہیں سفر کے لئے تشریف لے
جاتے تو آپ ﷺسفر سے واپسی پر سب سے پہلے بی بی فاطمہ کے ہاں تشریف لاتے۔ (مستدرك
للحاكم، 4/141، حدیث: 4792)
سیّدہ
زاہراہ،طیّبہ طاہرہ جان
احمد کی راحت پہ لاکھوں سلام
ام الحسنین
سیدہ فاطمۃ الزہرا کی سیرت وکردار، عبادات وریاضت،ذکر الہی کا ذوق وشوق اور آپ کی
مبارک زندگی کے قابل رشک ایام سے متعلق مکتبۃ المدینہ کی شائع کردہ خوبصورت کتاب
شان خاتون جنت کا مطالعہ آپ کےعلم میں
اضافہ کا باعث بنے گا۔اس کتاب میں آپ کی سیرت کے مختلف گوشوں کو زیر تحریر
لگایاہے۔خصوصا یہ کتاب بنات المسلمین کے لئے ایک نایاب کتا ب ہے۔اس کتاب میں سیرت
فاطمہ سے متعلق بہت کچھ جاننے کےلئے علمی مواد موجود ہے۔