معاشرے کے
افراد سے بُری خصلتوں کو دور کر کے انہیں اچھی خصلتوں سے آراستہ کرنا انبیائے کرام
علیہمُ السّلام کا طریقہ ہے۔ نور والے آقا، مدینے والے مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ
واٰلہٖ وسلَّم کا اندازِ تربیت ہمارے لئے بہترین نمونہ ہے۔ الله پاک کے سب سے آخری
نبی حضرت محمد صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے مختلف مواقع پر اپنی اُمت کی تربیت
فرمائی۔ ان میں سے رسولِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا پانچ چیزوں کے بیان
سے اپنی اُمت کی تربیت فرمانا ملاحظہ کیجئے۔
(1)ایک
مسلمان کے دوسرے مسلمان پر پانچ حقوق: دوعالَم کے مالک ومختار، مکی مَدَنی مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ
وسلَّم نے ارشاد فرمایا: ایک مسلمان کے دوسرے مسلمان پر پانچ حق ہیں: سلام کا
جواب دینا، بیمار کی عیادت کرنا، جنازوں کے پیچھے چلنا، دعوت قبول کرنا اور چھینک
کا جواب دینا۔(فیضان ریاض الصالحین، 3/295، حدیث:238)
(2)اسلام
پانچ چیزوں پر قائم کیا گیا: نبیِّ
کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: اسلام پانچ چیزوں پر قائم کیا گیا:
اس کی گواہی کہ الله کے سوا کوئی معبود نہیں، محمد صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
اس کے بندے اور رسول ہیں، نماز قائم کرنا، زکوٰۃ دینا، حج کرنا اور رمضان کے روزے
رکھنا۔(مراٰۃ المناجیح،1/27)
(3)شہید
پانچ ہیں: رسولُ الله صلَّی اللہ
علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا کہ شہید پانچ ہیں: طاعون والا، پیٹ کی بیماری
والا، ڈوبا ہوا، دَب کر مرنے والا اور الله کی راہ کا شہید۔(مراٰۃ المناجیح،
2/413)
(4)پانچ
دعائیں بہت قبول کی جاتی ہیں: نبیِّ
کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: پانچ دعائیں بہت قبول کی جاتی ہیں
مظلوم کی دعا حتّٰی کہ بدلہ لے لے، حاجی کی دعا حتّٰی کہ لوٹ آئے، غازی کی دعا
حتّٰی کہ جنگ بند ہو جائے، بیمار کی دعا حتّٰی کہ تندرست ہو جائے، مسلمان بھائی کی
پس پشت دعا۔(مراٰۃ المناجیح، 3/303)
(5)پانچ
چیزوں سے پناہ مانگنا: نبیِّ کریم
صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پانچ چیزوں سے پناہ مانگتے تھے، بزدلی سے، بخل سے،
بُری عمر سے، سینوں کے فتنوں اور قبر کے عذاب سے۔
بُری عمر سے
مراد بڑھاپے کی وہ حالت ہے جب اعضاء جواب دے جائیں اور انسان اپنے گھر والوں پر
بوجھ بن جائے۔
(مراٰۃ
المناجیح، 4/61)
اللہ پاک ہمیں
رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے ان فرامین پر عمل پیرا ہونے کی توفیقِ
رفیق عطا فرمائے۔اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ
وسلَّم