اس دنیا میں کم و بیش ایک لاکھ چوبیس ہزار پیغمبر تشریف لائے ۔ ان میں سے ہر ایک کو اللہ عزوجل نے بہت سی شان وکمالات سے نوازا ہے ۔ ان میں سے حضرت يسع علیہ السلام بھی ہیں ۔ قرآن پاک میں متعدد مقامات پر آپ علیہ السلام کا تذکرہ خیر ملتا ہے۔ چنانچہ آپ بھی پڑھئے اور قلوب وازہان کو معطرکیجیے۔

نام مبارک : آپ علیہ السلام کا مبارک نام " یسع " ہے اور آپ علیہ السلام حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اولاد میں سے ہیں۔

نسب نامہ : آپ علیہ السلام کا نسب نامہ یہ ہے۔ يسع بن عدی بن شو تلم بن افراثیم بن حضرت یوسف علیہ السلام بن حضرت یعقوب علیہ السلام بن حضرت اسحاق علیہ السلام بن حضرت ابراہیم علیہ السلام اور آپ علیہ السلام حضرت الیاس علیہ السلام کے بعد مبعوث ہوئے اور ایک عرصے تک حکم الہی کے مطابق لوگوں کو تبلیغ ونصیحت فرمائی۔

اوصاف و خصوصیات : الله عز و جل نے آپ علیہ السلام کونبوت کے ساتھ بادشاہت بھی عطا فرمائی۔ آپ علیہ السلام دن کو روزہ رکھتے رات میں کچھ دیر آرام کرتے اور بقیہ حصہ نوافل کی ادائیگی کرتے تھےآپ علیہ السلام بردبار متحمل مزاج اور غصہ نہ کرنے والے تھے۔ اور آپ علیہ السلام اپنی امت میں بڑی متانت و سنجیدگی سے فیصلہ فرماتے تھے ۔ جلد بازی اور غصے سے کام نہیں لیتے تھے ۔ آپ علیہ السلام اپنے زمانے میں سب سے افضل تھے اور اللہ عز و جل نے آپ علیہ السلام کی افضلیت کا ذکر قرآن میں بھی فرمایا ہے ۔

(1) حضرت یسع علیہ السلام کی فضیلت : الله عز و جل قرآن پاک میں ارشاد فرماتا ہے۔ وَ اِسْمٰعِیْلَ وَ الْیَسَعَ وَ یُوْنُسَ وَ لُوْطًاؕ-وَ كُلًّا فَضَّلْنَا عَلَى الْعٰلَمِیْنَ ترجمۂ کنز الایمان: اور اسمٰعیل اور یسع اور یونس اور لوط کو اور ہم نے ہر ایک کو اس کے وقت میں سب پر فضیلت دی ( پارہ 7 سورہ انعام آیت 86)

2)حضرت یسع علیہ السلام اچھے لوگوں میں سے ہیں : اللہ عزوجل قرآن پاک میں ارشاد فرماتا ہے ۔ وَ اذْكُرْ اِسْمٰعِیْلَ وَ الْیَسَعَ وَ ذَا الْكِفْلِؕ-وَ كُلٌّ مِّنَ الْاَخْیَارِ ترجمۂ کنز الایمان اور یاد کرو اسمٰعیل اور یسع اور ذُو الکِفْل کو اورسب اچھے ہیں (پارہ 23 آیت 48)

(3) حضرت یسع علیہ السلام نبی تھے : الله عزوجل نے قرآن پاک میں ارشاد فرمایا اُولٰٓىٕكَ الَّذِیْنَ اٰتَیْنٰهُمُ الْكِتٰبَ وَ الْحُكْمَ وَ النُّبُوَّةَۚ- ترجمۂ کنز الایمان یہ ہیں جن کو ہم نے کتاب اور حکم اور نبوت عطا کی یہاں جن کو کتاب حکم اور نبوت عطا کی ان میں سے حضرت یسع علیہ السلام بھی ہیں۔ (پارہ 7 سوره انعام آیت 89 صراط الجنان)